جو کسی کیلئے گڑھا کھودے تو خود ہی اس میں گرتا ہے

*📚 « امجــــدی مضــــامین » 📚*
-----------------------------------------------------------
*🕯جو کسی کیلئے گڑھا کھودے تو خود ہی اس میں گرتا ہے🕯*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

📬 حضرت عبد اللّٰه بن عباس رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُمَا سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ حضرت کعب اَحبار رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ نے ان سے کہا: 
’’تورات میں یہ آیت ہے کہ جو شخص اپنے بھائی کے لئے گڑھا کھودتا ہے وہ خود اس میں گر جاتا ہے۔ 
حضرت عبداللّٰه بن عباس رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُمَا نے فرمایا: ’’قرآن میں بھی ایسی آیت ہے۔ 
حضرت کعب رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ نے پوچھا: کہاں ہے؟ آپ نے فرمایا: یہ آیت پڑھ لو: "وَ لَا یَحِیْقُ الْمَكْرُ السَّیِّئُ اِلَّا بِاَهْلِهٖ‘‘
ترجمہ: اور برا مکر و فریب اپنے چلنے والے ہی پر پڑتا ہے۔
*( تفسیر قرطبی، فاطر، تحت الآیۃ: ۴۳، ۷ / ۲۶۱، الجزء الرابع عشر)*

فی زمانہ ہمارے معاشرے میں ایک دوسرے کے خلاف سازشیں کرنے اور سازشی لوگوں کی مدد کرنے کا مرض بہت عام ہے، کار و باری اور تاجر حضرات ایک دوسرے کے خلاف، نوکری پیشہ حضرات اپنے ساتھیوں کے خلاف، چھوٹے منصب والے بڑے منصب والوں کے خلاف اور ہم منصب اپنے منصب والوں کے ساتھ ،اسی طرح گھریلو اور خاندانی نظامِ زندگی میں ساس بہو ایک دوسرے کے خلاف، بیوی اور شوہر کے خلاف، ایک رشتہ دار دوسرے رشتہ دار کے خلاف، یونہی ایک پڑوسی دوسرے پڑوسی کے خلاف سازشیں کرتے نظر آتے ہیں۔
اللّٰه تعالیٰ انہیں ہدایت نصیب کرے۔

کسی کے خلاف سازش کرنے اور سازش کرنے والوں کی مدد کرنے کا انجام بہت برا ہے۔
حضرت قیس بن سعد رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسولُ اللّٰه صَلَّی اللّٰه تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: 
’’سازش کرنے والے اور دھوکہ دینے والے جہنم میں ہیں۔
*(مسند الفردوس، باب المیم، ۴ / ۲۱۷، الحدیث: ۶۶۵۸)*

 حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰه تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: 
’’جس نے کسی کے خادم کو اس کے خلاف کیا تو وہ ہم میں سے نہیں اور جس نے کسی عورت کو اس کے شوہر کے خلاف بھڑکایا تو وہ ہم میں سے نہیں۔
*(مسند امام احمد، مسند ابی ہریرۃ رضی اللّٰہ عنہ، ۳ / ۳۵۶، الحدیث: ۹۱۶۸)*

امام زہری رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ نبی اکرم صَلَّی اللّٰه تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: 
’’تم کسی کے خلاف سازش نہ کرو اور نہ ہی کسی سازش کرنے والے کی مدد کرو کیونکہ اللّٰه تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: 
’’وَ لَا یَحِیْقُ الْمَكْرُ السَّیِّئُ اِلَّا بِاَهْلِهٖ‘‘
ترجمہ: اور برا مکر و فریب اپنے چلنے والے ہی پر پڑتا ہے۔
*( تفسیر قرطبی، فاطر، تحت الآیۃ: ۴۳، ۷ / ۲۶۱، الجزء الرابع عشر)*

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ قاضـی شعیب رضـا تحسینی امجـدی، ممبر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 7798520672*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے