✍️: محمد سلیم قادری رضوی۔
کیا آپ کا بھی یہی مشاہدہ ہے کہ محبت کی شادیاں اکثر ناکام ہوجاتی ہیں یا زوجین میں محبت کی حلاوت برقرار نہیں رہتی۔۔۔ اسی طرح جہاں منگنی کے بعد لڑکا لڑکی باتیں کرتے ہیں یا نکاح کے بعد ایک طویل مدت تک لڑکی کی رخصتی نہیں ہوتی اور زوجین آپس میں رابطے میں رہتے ہیں، باتیں کرتے ہیں ان کا حال بھی اکثر محبت کی شادیوں کی طرح برا ہوتا ہے۔۔۔
انسانی نفسیات کے ماہرین اس حوالے سے کلام کرتے ہوئے اس کا سبب یہ بتاتے ہیں کہ جب شادی سے پہلے لڑکا، لڑکی آپس میں بات کرتے ہیں تو دونوں بہت زیادہ نرم خوئی کا مظاہرہ کرتے ہیں، غصہ کی بات پر بھی شیر بہادر پھول برساتے ہیں، محترمہ بھی اخلاق کی اعلی منزل پر فایز ہوتی ہیں۔۔۔ اور بات بات پر جان چھڑکتی اور صدقے واری جاتی ہیں، بڑے بڑے وعدے، دعویے اس عرصہ میں ہوتے ہیں، روٹھنے منانے کا سلسلہ بھی چلتا ہے۔۔۔ ان سب چیزوں سے لڑکی کے ذہن میں لڑکے کا اور لڑکے کے ذہن میں لڑکی کا ایک مختلف قسم کا خاکہ بن جاتا ہے جو حقیقت سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔۔۔ پھر جب شادی ہوتی ہے اور خوشی و غمی کی پہیوں پر تلخ و شیریں ایام کی شاہراہ پر زندگی کی گاڑی چلتی ہے تو دونوں کو اپنی توقعات اور خواہشات سے بالکل برعکس شخصیت کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔۔۔ یہیں سے توقعات کے برخلاف رویہ پر آپس میں لڑائی جھگڑوں کی بنیاد پڑتی ہے۔۔۔
اس لیے بڑے بوڑھے سمجھاتے ہیں کہ انسان کو ہمیشہ عدل سے چلنا چاہیے۔۔۔ خوشی اور غم کی کیفیت میں وعدہ کرنے، فیصلہ کرنے سے بچنا چاہیے۔۔۔
اب اس ساری گفتگو کی روشنی میں احقر کے شیخ طریقت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری علیہ الرحمہ کے اس ارشاد کو دیکھیے کہ آپ نے ایک مرتبہ مجھ سے فرمایا:
"اگر تقریر کا اثر سامعین پر باقی رکھنا ہے تو جلسہ کے بعد شرکاء کے ساتھ مل کر کھانا کھانے یا ان کے ساتھ بیٹھ کر دیر تک باتیں کرنے کے بجائے مصافحہ و مختصر ملاقات کے بعد وہاں سے چلے آئیں"
سبحان اللہ! بظاہر اس فرمان کی وسعت کا ادراک نہیں ہوتا لیکن درج بالا گفتگو سے سمجھا جاسکتا ہے کہ یہاں بھی پیش نظر حکمتوں میں سے ایک یہ حکمت بھی کار فرما ہے کہ تقریر سن کر لوگ آپ کا ایک خاکہ بنالیتے ہیں۔۔۔ اور پھر کھانے یا گفتگو کے دوران کے دوران بے تکلفی اور بسا اوقات کھانے کی طرف حرص محسوس کرکے یا دیگر چیزوں کو دیکھتے ہوئے آپ اُنہیں اس خاکہ سے بالکل مختلف نظر آتے ہیں۔۔۔ جس سے دینی کاموں کے لحاظ سے نقصان پہنچتا ہے۔۔۔
اللہ کریم ہمیں اعتدال کے ساتھ کامیاب زندگی گزارنے کی توفیق نصیب کرے۔ اٰمین
16 فروری 2025ء
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں