-------------------------------------------
شیخ الاسلام حافظ الحدیث امام محمد بن ابوبکر ابوموسیٰ مدینی رحمۃ اللّٰه علیہ
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*نام و نسب:* آپ کا نام محمد بن ابو بكر بن عمر بن ابو عيسٰی احمد بن عمر مدینی۔
*کنیت:* ابو موسٰی۔
*لقب:* شیخ الاسلام تھا۔
*تاریخِ ولادت:* امام ابو موسٰی مدینی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادتِ باسعادت ذی القعدہ 501ھ میں ہوئی۔
*تحصیلِ علم:* امام ابوموسٰی مدینی رحمۃ اللہ علیہ نے جلیل القدر علماء سے اکتسابِ علم کیا جن میں آپ کے والدِ ماجد ، ابو سعد محمد بن محمد، ابو منصور محمد بن عبد اللہ اور ان کے علاوہ کثیر علماء سے کے علم سے مستفیض ہوئے۔ اور تین سو مشائخ سے زیادہ آپ نے احادیث روایت کی۔
*سیرت و خصائص:* شیخ الاسلام، حافظ الاحادیث، امام الوقت امام ابو موسٰی محمد بن ابو بکر مدینی رحمۃ اللہ علیہ۔
زاہد، متورع، عابد، ولیٔ کامل عالمِ باعمل اور اپنے وقت کے چمکتے ہوئے سورج تھے۔ آپ قرآنِ پاک کواس کی روایات وشانِ نزول کے ساتھ پڑھتے تھے۔ علم اتنے جدوجہد سے حاصل کیا کہ تمام علوم وفنون کے ماہر و امام ہوگئے۔ قدر و منزلت کے باوجود آپ میں تواضع و انکساری اتنی زیادہ تھی کہ بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی پڑھاتے تھے۔ بچوں کے لئے تختی پر قرآنِ پاک کی آیت لکھ کر اسے یاد کرواتے۔ اور آپ کے ساتھ جو چلتا اسے آپ منع کرتے۔ آپ کسی سے کوئی شئی قبول نہیں کرتے بلکہ آپ کے پاس جو ہوتا وہ بیچ کر اس سے جو نفع حاصل ہوتا اسے خرچ کرتے۔ ایک شخص نے مرتے وقت آپ کے لئے کچھ مال کی وصیت کی آپ نے اسے رد فرمادیا اور قبول نہیں کیا۔آپ کے دور میں جتنے علماء، فقہاء، تھے امام ابو موسٰی مدینی سب پر فائق اور سب کے امام تھے ۔ اس کا اندازہ اس واقعہ سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نے خواب دیکھا کہ سرکارِ دوعالمﷺ نے دنیا سے ظاہری پردہ فرمایا، بیدار ہو کر معبر کے پاس گئے اس نے کہا کہ ایسا خواب اسی وقت دیکھا جاتا ہے جب امامِ وقت کا انتقال ہونے والا ہو کیونکہ ایسا خواب امام شافعی، امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہما وغیرہ ائمہ کے وصال کے وقت دیکھا گیا، کہتے ہیں ابھی شام ہوئی ہی تھی کہ امام ابوموسٰی مدینی کی وفات کی خبر آگئی۔ آپ نے کثیر کتب تصنیف فرمائی۔
*تاریخِ وصال:* شیخ الاسلام امام ابوموسٰی مدینی رحمۃ اللہ علیہ کا وصال 9 جمادی الاول 581ھ/بمطابق اگست 1185ء میں ہوا۔
*ماخذومراجع:* سیر اعلام النبلاء۔ تذکرۃ الحفاظ۔
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں