وہ! جس کا سونا امام احمد کی عبادت سے بہتر ہے!
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
حضرت سیِّدُنا امام احمد بن حنبل رضی اللّٰه تعالیٰ عنہ حضرت سیِّدُنا امام شافعی علیہ رحمۃ اللّٰه کی بہت زیادہ عزت کرتے تھے۔ کثرت سے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ذکر ِ خیر کرتے اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعریف کرتے۔
حضرت سیِّدُنا امام احمد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ایک نیک سیرت بیٹی تھی جو رات شب بیداری میں اور دن روزے میں گزارتی۔ وہ صالحین کے واقعات کو بہت پسند کرتی تھی اور حضرت سیِّدُنا امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ کو دیکھنا چاہتی تھی کیونکہ ان کے والد ِ محترم امام شافعی کی بہت زیادہ عظمت و شان بیان کرتے تھے۔
ایک دفعہ اتِّفَاقاً حضرت سیِّدُنا امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ نے حضرت سیِّدُنا امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاں رات گزاری۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیٹی بہت خوش ہوئی۔ اُسے اُمید تھی کہ آج امام شافعی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے افعال یعنی ان کی عبادت، اور کلام کو دیکھنے اور سننے کا خوب موقع ملے گا۔
جب رات ہوئی تو حضرت سیِّدُنا امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نماز اور یاد الٰہی عَزَّوَجَلَّ کے لئے کھڑے ہوگئے جبکہ حضرت سیِّدُنا امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ چِت لیٹے آرام کرتے رہے!!!
بچِّی فجر تک آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اسی حالت میں دیکھتی رہی اور صبح اپنے باپ سے عرض کی:
''میں نے دیکھا کہ آپ حضرت سیِّدُنا امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ کی بہت تعظیم کرتے ہیں لیکن میں نے تو ان کو آج رات نماز، ذکر یا دیگر اوراد و وظائف میں مشغول نہیں پایا!!!''
ابھی یہی گفتگو ہو رہی تھی کہ حضرت سیِّدُنا امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ تشریف لے آئے۔
حضرت سیِّدُنا امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے آپ سے پوچھا:
''رات کیسی گزری؟''
ارشاد فرمایا: ''اس سے زیادہ برکت و نفع والی اور اچھی رات میں نے پہلے کبھی نہ دیکھی!!!''
حضرت سیِّدُنا امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے پوچھا: ''وہ کیسے؟''
تو فرمانے لگے:''وہ یوں کہ میں نے آج رات پیٹھ کے بَل لیٹے لیٹے سو مسائل اَخَذ کئے، جو تمام کے تمام مسلمانوں کے نفع کے لئے ہیں!!!''
پھر آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رُخصت لی اور تشریف لے گئے۔
حضرت سیِّدُنا امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی صاحبزادی سے فرمایا:
''یہ حضرت سیِّدُنا امام شافعی علیہ رحمۃ اللہ کا آج رات کا عمل تھا۔ وہ سوئے ہوئے اس سے افضل عمل کر رہے تھے جو میں نے کھڑے ہو کر عبادت کرتے ہوئے کیا!!!''
(الروض الفائق فی المواعظ و الر قائق؛ حکایتیں اور نصیحتیں، مترجم ص: 407)
(منتخباتِ مشاہد سے چند اوراق )
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ ارشـد رضـا خـان رضـوی امجـدی، ممبر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 7620132158*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں