چوتھا باب: فضائل قرآن
ابوعدنان محمد طیب بھواردی
قرآنی معلومات
سوال162:قرآن مجید کی وہ کون سی سورت ہے جس کودس بار پڑھنے سے اللہ تعالیٰ جنت میں ایک گھر تعمیر فرماتا ہے ؟
جواب:وہ سورت اخلاص ہے۔ (دارمی ، علامہ البانی رحمۃ اللہ نے اس حدیث کو صحیح قرار دیا ہے دیکھئے السلسلۃ الصحیحہ حدث: 589)
سوال163: قرآن مجید کی وہ کون سی سورت ہے جس کو پڑھنے سے شیطان بھاگتا ہے ؟
جواب: سورۃ البقرہ۔ ( صحیح مسلم حدیث: ج2/188 )
سوال164:قرآن مجید کی وہ کون سی سورت ہے جو عذاب قبر سے نجات دلانے والی ہے ؟
جواب:وہ سورت سورہ ملک ہے۔ ( حاکم ، سنن نسائی، صحیح الترغیب و الترہیب حدیث:1475 )
سوال165: وہ کون سی سورت ہے جس کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ جمعہ کے دن اس کو پڑھنے سے دو جمعوں تک اللہ تعالیٰ اس کے لئے نور کو روشن کر دے گا؟
جواب:وہ سورت سوہ کہف ہے۔ ( بیہقی، یہ حدیث حس ہے دیکھیے تخریج مشکاۃ للالبانی حدیث:2175)
سوال166:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر اترنے والی وہ کون سی سورت ہے جس کو ستر ہزار فرشتے لے کر آئے تھے ؟
جواب:سورہ انعام۔ (حاکم، امام حاکم رحمۃ اللہ فرماتے ہیں کہ یہ حدیث امام مسلم کی شرط کے مطابق ہے )
سوال167:قرآن مجید کی وہ دو سورتیں کون سی ہیں جن کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ان کے مثل کبھی نہیں دیکھی گئیں ؟
جواب:وہ دو سورتیں سورۃ الفلق اور سورۃ الناس ہیں۔ ( صحیح مسلم، فضائل القرآن باب فضل قراءۃ المعوذ تین)
سوال168: قرآن مجید کی وہ کون سی سورت ہے جس کے بارے میں ہے کہ نبی کریم کے دو صحابہ جب بھی آپس میں ملتے تو اس وقت تک باہم جدا نہیں ہوتے تھے جب تک کہ وہ ایک دوسرے کو سورت سنا نہ دیتے تھے ؟
جواب:وہ سورت سورۃ العصر ہے۔ ( بیہقی شعب الایمان، طبرانی اوسط )
سوال169:وہ کون سی سورت ہے جسے سیکھنے کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کو اس لئے ترغیب دی کہ وہ سورت عفت و پاکدامنی اور پردے کے احکام پر مشتمل ہے ؟
جواب: وہ سورت سورۃ النور ہے۔ ( بیہقی، سعید بن منصور، ابن منذر)
سوال170:وہ کون سی سورت ہے جس کی ابتدائی دس آیتیں پڑھنے سے انسان فتنہ دجال سے محفوظ رہ سکتا ہے؟
جواب:سورۃ الکہف۔ ( صحیح مسلم فضائل القرآن، باب فضل سورۃ الکہف)
سوال170: چند ایک سورتوں ( سوہ فاتحہ، سورہ بقرہ، سورہ آل عمران، سورہ کہف، سورہ یسین، سورہ ملک) کی فضیلت بیان کیجئے ؟
جواب: سوہ فاتحہ کی فضیلت: اس مبارک سورت کے متعلق آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ یہ سورت قرآن کی سب سے عظمت والی ہے ( صحیح بخاری)
اور سنن ترمذی میں ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے تورات، زبور، انجیل اور قرآن مجید میں اس جیسی سورت نازل نہیں ہوئی۔
اور ابن ماجہ میں ہے کہ سورہ فاتحہ ہر بیماری سے شفا ہے جیسے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً مروی ہے کہ خیر الدواء القرآن یعنی بہترین دوا قرآن ہے۔
سورہ بقرہ کی فضیلت:اس سورت کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں سورہ بقرہ کو پڑھا کرو اس کا لینا برکت ہے اور چھوڑنا حسرت اور اہل باطل اس کی طاقت نہیں رکھتے ( صحیح مسلم)
سورہ آل عمران کی فضیلت: اس سورت کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ذیشان ہے قیامت کے دن قرآن کو اور ان لوگوں کو لایا جائے گا جو اس پر دنیا میں عمل کرتے تھے ان کے آگے سورہ بقرہ اور آل عمران ہوں گی جو ان لوگوں ( کی نجات ) کیلئے اللہ تعالیٰ سے جھگڑا کریں گی۔ ( صحیح مسلم)
نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ بھی فرمان ہے سورۃ البقرہ اور آل عمران سیکھو، یہ دو خوشنما پودے ہیں جو قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں پر بادل کی طرح سایہ کئے ہوں گے۔ (مسند احمد)
سورہ کہف کی فضیلت: اس مبارک سورت کے متعلق نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے سورہ کہف جمعہ کے دن تلاوت کیا تو اس کو دوسرے جمعے تک چمکتا ہوا نور نصیب ہو گا۔ ( مستدرک حاکم2/368و صححہ الالبانی فی صحیح الجامع الصغیر )
ایک دوسری حدیث جس کو امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ نے روایت کیا ہے کہ جس نے سورہ کہف کی ابتدائی دس آیتیں حفظ کیں وہ دجال کے شر سے محفوظ رہے گا۔
سورہ یسین کی فضیلت:اس سورت سے متعلق جتنی حدیثیں مروی ہیں سب کی سب موضوع، باطل یا ضعیف ہیں ، یہ روایت جو مشہور ہے سورہ یسین قرآن کا دل ہے اسے قریب المرگ شخص پڑھو، اس روایت کو شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ نے موضوع قرار دیا ہے۔ دیکھئے ( السلسلۃ الا حادیث الضعیفہ و المو ضوعہ حدیث:169)
سورہ ملک کی فضیلت: اس کی فضیلت میں متعدد روایت آئی ہوئی ہیں ایک روایت میں ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ کی کتاب میں ایک سورت ہے جس میں صرف تیس آیات ہیں یہ آدمی کی سفارش کرے گی یہاں تک کہ اس کو بخش دیا جائے گا ( سنن ترمذی، ابو داؤد، ابن ماجہ، دیکھئے صحیح الترغیب و التر ہیب حدیث:1474)
ایک روایت ہے کہ ( سورۃ تبارک ھی المانعۃ من عذاب القبر) سورہ ملک عذاب قبر سے روکنے والی ہے (حاکم، صحیح التر غیب و التر ہیب حدیث:1475) یعنی اس کا پڑھنے والا عذاب قبر سے محفوظ رہے گا بشرطیکہ آدمی اسلامی احکام و فرائض کا پابند ہو۔
1 تبصرے
ہمیں کچھ سوال کا جواب ہونا اردو میں جواب دو
جواب دیںحذف کریںاپنا کمینٹ یہاں لکھیں