---------------------------
حضرت مولانا غلام جیلانی میرٹھی رحمۃ اللّٰه علیہ
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*نام و نسب:* وحید العصر حضرت مولانا غلام جیلانی، بن مولانا حاجی غلام فخر الدین، بن مولانا حکیم سخاوت حسین فخری سلیمانی ۔ آپکے دادا بزرگوار نے آپکا نام غلام محی الدین جیلانی رکھا۔
*تاریخ ِ ولادت:* ۱۱، رمضان المبارک، ۱۳۱۷ ھ ،بمطابق ۱۹۰۰ء، ریاست دادوں ضلع علی گڑھ میں پیدا ہوئے۔
*تحصیلِ علم:* آپ کی ابتدائی تعلیم و تربیت گھر پر ہوئی، بعد ازاں جامعہ نعیمیہ مرادآباد میں داخلہ لیا۔ آپ نے وقت کے مایہ ناز مندرجہ ذیل علماء کرام سے اکتسابِ فیض کیا!
صدر الافاضل مولانا سید نعیم الدین مراد آبادی ،حجۃ الاسلام مولانا حامد رضا خان، صدرالشریعہ حکیم محمد امجد علی اعظمی ،حضرت مولانا عبد العزیز صاحب فتح پوری، مولانا امتیاز احمد امبیٹھوی، مولانا سید عبد المجید ،مولانا عبد الحی افغانی ، حضرت مولانا عبداللہ افغانی ، مولانا سید امیر احمد پنجابی (رحمۃ اللہ علیہم اجمعین)
*بیعت و خلافت:* آپ کو بیعت و خلافت کا شرف شیخ المشائخ حضرت مولانا شاہ علی حسین اشرفی کچھوچھوی سے حاصل ہے۔
*سیرت و خصائص:* آپ تاحیات درس و تدریس سے منسلک رہے، اپنے علمی خزانہ کے گوہر ہائے آبدار کی چمک سے رشد و ہدایات کے مینار تعمیر کئے ،علوم و فنون کے دریا بہائے، مسندِ تدریس کو عروج و کمال تک پہنچایا، ترقی کی بلند ترین منازل سے مزین کیا، آپ کی ذات ملجائے خواص و عام اور مرجعِ اصاغر و اکابر تھی، وقت کے ممتاز علماء و فقہاء نے آپ کے سامنے زانوئے علم و ادب تہہ کئے، آپ کی کوششوں سے علوم و فنون کی ترویج ہوئی، آپ کی علمی بصیرت اور دینی خدمات کا زمانہ معترف ہے، آپ کی مثالی اور عبقری شخصیت نے تحقیقی اور تجدیدی خدمات سے علم میں ایک نئی جان ڈال دی۔ آپکے تبحّرِ علمی کے پیشِ نظر اسوقت کے کاملین نے آپکو "صدرالعلماء " اور "صدر المدرسین " کے خطاب سے نوازا۔
*وصال:* آپ نے ۲۹ جمادی الاولی ۱۳۹۸ ھ بمطابق ۸ مئی ۱۹۷۸ء کو وصال فرمایا، آپ کا مزار مبارک مدرسہ اسلامیہ عربیہ اندر کوٹ میرٹھ (ہند) میں زیارت گاہِ خواص و عوام ہے۔
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443*
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں