جیل خانے کے کنویں میں بیٹھ کر درس دینے والے بزرگ

جیل خانے کے کنویں میں بیٹھ کر درس دینے والے بزرگ
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

 حضرت شمس الائمہ محمد بن احمد بن سہیل سرخسی رحمۃ اللّٰه تعالیٰ علیہ فقہ حنفی و اصول فقہ کے بہت بڑے ملبغ و مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ علم کلام و فن مناظرہ کے بھی زبردست ماہر اور اپنے زمانے میں دینداری و پرہیزگاری کے اعتبار سے صاحب کرامت بزرگ تھے۔
آپ نے بادشاہ وقت خاقان کو نصیحت فرمائی تو اس ظالم نے آپ کو " اوزجند " کے جیل خانے میں ایک کنویں کے اندر قید کردیا مگر اس حالت میں بھی ان کے شاگرد کنویں کے اوپر بیٹھ کر لکھتے تھے اور آپ کنویں کے اندر سے جبکہ آپ کے پاس کوئی کتاب نہ تھی اپنی یاد داشت سے املا کراتے تھے اور اس طرح " مبسوط " کی پندرہ ضخیم جلدیں تیار ہوئیں ، چنانچہ " مبسوط " کی شرح العبادات کے آخر میں یہ عبارت درج ہے - " ھذا آخر شرح العبادات باوضح المعانی و اوجز العبارات املأ المحبوس عن الجمع والجماعات " یعنی یہ شرح العبادات کا آخری حصہ ہے جس کے معانی نہایت واضح اور عبارتیں انتہائی مختصر ہیں - یہ اس شخص کا املا ہے جو جیل خانے میں قید اور جمعہ و نماز جماعت سے روک دیا گیا ہے - اسی طرح شرح الاقرار کے آخر میں یہ عبارت تحریر ہے " املاء المحبوس فی مجلس الاشرار " یعنی یہ اس شخص کی لکھی ہوئی کتاب ہے جو جیل خانے کے اندر شریر لوگوں کی مجلس میں مقید ہے۔

اسی طرح اصول فقہ کی ایک کتاب اور سیر کبیر کی شرح بھی آپ نے جیل خانے کے کنویں کے اندر قید ہوتے ہوئے تحریر کرائ ، جب باب الشروط تک اس کا املا کرا چکے تو قید خانے سے آپ کی رہائی ہوگئی۔ اس کے بعد آپ اپنی آخری عمر میں فرغانہ چلے گئے اور وہاں کے امیر حسن نامی نے آپ کا بیحد اعزاز کیا اور بکثرت طلبا آپ کی خدمت میں حاضر ہونے لگے اور آپ نے فرغانہ ہی میں اپنی تمام کتابوں کا املا مکمل فرمایا۔
آپ ٤٠٠ ھ میں پیدا ہوئے اور اور ماہ جمادی الاولی ٤٩٤ ھ میں وفات پائی - رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ - ( تبصرۃ الدرایۃ - اولیاء رجال الحدیث ) 

سبحان اللّٰه ذہن تھا یا کتب خانہ۔ عالم ربانی ظالم و جابر بادشاہوں کے رعب و دبدبہ سے مرعوب ہوتے ہیں اور نہ حق گوئی سے باز رہتے ہیں۔ بے خوف و خطر امر بالمعروف ان کا طرۂ امتیاز ہے۔ قید و بند کی صعوبتیں اور ذہن دماغ کو جھنجھوڑ دینے والی مصیبتیں بھی ان کی زندگی کے معمولات میں رکاوٹ نہیں بنتیں۔
علامہ سرخسی رحمۃاللہ علیہ کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ اللّٰه عزوجل ان کے فیضان علم سے ہم سب کو مستفیض فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامینﷺ

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*از قلم ✍️ عبد الخالق اشرفی راجمحلی*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے