-----------------------------------------------------------
🕯حضرت سید ابو اسحاق ابراہیم بن غوث الاعظم رحمۃ اللّٰه علیہ🕯
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
نام و نسب:
اسمِ گرامی: سید محمد ابراہیم۔
کنیت: ابو اسحاق۔
لقب: جیلانی۔
سلسلہ نسب اسطرح ہے: حضرت سید ابو اسحاق ابراہیم بن غوث الاعظم بن سید ابوصالح موسیٰ جنگی دوست بن ابوعبداللہ۔ الیٰ آخرہ
(رحمۃ اللہ علیہم اجمعین)
تاریخِ ولادت: آپ کی ولادت باسعادت 527ھ، بمطابق 1132ء کو ہوئی۔
تحصیلِ علم: ابتدائی تعلیم، اور تمام علوم نقلیہ و عقلیہ کی تحصیل و تکمیل اپنے والدِ گرامی حضرت محبوبِ سبحانی سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ اور دیگر شیوخ سے ہوئی۔ حدیث تفسیر تصوف اور فقہ میں اپنے والدِ گرامی سے خصوصی درس لیے اور مہارتِ تامہ حاصل کی۔ آپ کا شمار اپنے وقت کے جید علماء و مشائخ میں ہوتا تھا۔
بیعت و خلافت: اپنے والدِ گرامی سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ سے بیعت و خلافت حاصل تھی۔
سیرت و خصائص: سلطان الکاملین، برہان العارفین، حجۃ الواصلین امام الاصفیاء حضرت سید ابو اسحاق ابراہیم بن غوث الاعظم رحمۃ اللہ علیہ۔
آپ علم و عمل کے اعتبار سے حضرت غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کا پرتو تھے۔ اپنے زمانے کے اولیاء و اتقیاء کے سردار تھے۔ زہد و تقویٰ میں درجۂ بلند رکھتے تھے۔ صاحبِ اذواق و مواجید اور اہل سرّو ولولہ تھے۔ رات کا وقت توبہ و استغفار و گریہ و زاری میں گذارتے۔ شریعت کے علاوہ اور کوئی کلام آپ سے کبھی نہ سنا گیا۔ شرم و حیاء کی وجہ سے تیس سال تک سر اوپر نہ کیا۔ بہت سے حضرات آپ کے ذریعے مرتبہ ولایت کو پہنچے۔ آخری عمر "واسط" تشریف لے گئے تھے، اور وہیں پر آپ کا وصال ہوا۔
وصال: آپ کا وصال 25/ذیقعدہ 592ھ، بمطابق اکتوبر/1196ء کو ہوا۔ "شریف التواریخ" کی تحقیق کے مطابق آپ کا مزار "واسط" (یہ بصرہ اور بغداد کے درمیان واقع ہے) میں ہے۔
ماخذ و مراجع: شریف التواریخ۔ خزینۃ الاصفیاء۔
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں