آٹھواں باب: خدمت قرآن و علوم قرآن
ابوعدنان محمد طیب بھواردی
قرآنی معلومات
سوال248:وہ کون صحابی ہیں جن کو حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے تدوین قرآن کا حکم دیا تھا؟
جواب:حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ۔
سوال249: قرآن کریم کے الفاظ پرسب سے پہلے کس نے نقطے لگائے ؟
جواب:بعض نے کہا ہے سب سے پہلے ابوالاسودولی رحمۃاللہ علیہ نے نقطہ لگانے کا کام سر انجام دیا اور بعض نے کہا کہ کوفہ کے گورنر زیاد بن ابی سفیان نے ان سے یہ کام کروایا۔
سوال250:قرآن کریم پر سب سے پہلے کس نے حرکات ( زیر زبر پیش) لگائے ؟
جواب: بعض نے کہا ہے کہ سب سے پہلے ابو الاسوددولی نے حرکات لگائے اور بعض کا کہنا ہے کہ حجاج بن یوسف نے حرکات لگائے۔
سوال251:وہ چار صحابی کون ہیں جن کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ان چاروں سے قرآن سیکھو؟
جواب:وہ چار صحابی یہ ہیں :
(1) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ (2) حضرت سالم بن معقل رضی اللہ عنہ (3) حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ (4) حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ (صحیح بخاری: کتاب فضائل الصحابہ)
سوال252:چند مفسرین صحابہ کے نام بتائے جو علم تفسیر میں مشہور و معروف ہیں ؟
جواب:(1) خلفائے اربعہ رضی اللہ عنھم اجمعین(5) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ (6) حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما (7) حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ (8) حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ (9) حضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ (10) حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ ( الاتقان فی علوم القرآن ج، 2 طبقات المفسرین)
سوال253:سات مشہور قراء کے نام بتایئے جن کے نام سے سات قرأتیں مشہور ہیں ؟
جواب:سات مشہور قراء کے نام یہ ہیں ؟
(1) ابن عامر الدمشقی رحمۃ اللہ علیہ متوفی 118 ہجری۔
(2) ابن کثیر المکی رحمۃ اللہ علیہ متوفی 120 ہجری۔
(3) عاصم بن ابی الخجود الکوفی رحمۃ اللہ علیہ متوفی 127 ہجری۔
(4) ابو عمرو بن العلاء البصری رحمۃ اللہ علیہ متوفی 154 ہجری۔
(5) حمزہ بن حبیب الزیات الکوفی رحمۃ اللہ متوفی 156 ہجری۔
(6) نافع المدنی رحمۃ اللہ علیہ متوفی 169 ہجری۔
(7) الکسائی ابو الحسن علی بن حمزہ رحمۃاللہ علیہ متوفی189 ہجری۔
سوال254:شیخ محمد اشقر نے علامہ شوکانی رحمۃ اللہ علیہ کی تفسیر قرآن المسمی ( فتح القدیر) کی تلخیص کی ہے ، اس کا کیا نام ہے ؟
جواب:اس تلخیص کا نام ہے زبدۃ التفسیر فی فتح القدیر۔
سوال255:تفسیری احکام سے متعلق تین کتابیں بیان کیجئے ؟
جواب:(1) احکام القرآن للجصاص(2) احکام القرآن لابن العربی (3) الجامع لاحکام القرآن للقرطبی۔
سوال256:کچھ معاصر تفسیروں کے نام بتایئے ؟
جواب:(1) تیسیر الکریم الرحمٰن فی تفسیر کلام المنان جس کے مولف کا نام شیخ عبد الرحمٰن بن ناصر السعدی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
(2) الجواھرفی تفسیر القرآن کے مولف کا نام شیخ طنطاعی جوہری ہے۔
(3)تفسیر المنار کے مولف کا نام سید محمد رشید رضا رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
(4) فی ظلال القرآن کے مولف کا نام سید قطب رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
(5) اضوا ء البیان کے مولف کا نام شیخ محمد الشنقیطی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
سوال257:نسخ کی لغوی اور اصطلاحی تعریف بیان کیجئے ؟
جواب:نسخ کے لغوی معنی نقل کرنے کے ہیں لیکن شرعی اصطلاح میں ایک حکم کو بدل کر دوسرا حکم نازل کرنے کے ہیں ، یہ نسخ اللہ کی طرف سے ہوا ہے جیسے حضرت آدم علیہ السلام کے زمانے میں سگے بہن بھائیوں کا آپس میں نکاح جائز تھا بعد میں اسے حرام کر دیا گیا اسی طرح قرآن میں بھی اللہ تعالیٰ نے بعض احکام منسوخ فرمائے اور ان کی جگہ نیا حکم نازل فرمایا، جمہور علماء امت کی رائے ہے کہ قرآن و حدیث میں نسخ واقع ہوا ہے۔ (تفسیر احسن البیان للشیخ صلاح الدین یوسف لاہوری اور ڈاکٹر لقمان سلفی حفظہ اللہ کی تفسیر تیسیر الرحمٰن لبیان القرآن )
سوال258: نسخ فی القرآن کی کتنی قسمیں ہیں ؟
جواب:تین قسمیں ہیں :
(1) تلاوت منسوخ ہو حکم باقی ہو (2) حکم منسوخ ہو تلاوت باقی ہو(3) تلاوت اور حکم دونوں منسوخ ہوں۔
سوال259:محکمات اور متشابہات سے کیا مراد ہے ؟
جواب:محکمات ان آیات کو کہتے ہیں جن میں اوامر و نواہی، احکام و مسائل اور قصص و حکایات ہیں جن کا مفہوم واضح اور اٹل ہے اور ان کے سمجھنے میں کسی کو اشکال پیش نہیں آتا۔
متشابہات ان آیات کو کہتے ہیں جو محکمات کے بالکل برعکس ہوں۔
سوال260:درج ذیل تفسیروں کے مولف کا نام بتایئے ؟
جواب: (1) جامع البیان فی تفسیر القرآن کے مولف کا نام ابو جعفر محمد بن جریر طبری رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
(2) معالم التنزیل کے مولف کا نام ابو محمد حسین بن مسعود بن محمد فراء بغوی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
(3) تفسیر القرآن العظیم کے مولف کا نام عماد الدین ابو الفداء حافظ اسماعیل بن عمرو بن کثیر دمشقی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
(4) تفسیر فتح التقدیر کے مولف کا نام قاضی محمد بن علی بن شوکانی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
(5)الدرالمنثور فی التفسیر بالماثور کے مولف کے نام علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
سوال261:الاتقان فی یوم القرآن کے مولف کا نام بتایئے ؟
جواب:الاتقان فی علوم القرآن کے مولف کا نام علامہ سیوطی رحمۃ اللہ علیہ ہے۔
سوال262:مباحث فی علوم القرآن کے مولف کا نام بتایئے ؟
جواب:مباحث فی علوم القرآن کے مولف کا نام شیخ مناع القطان ہے۔
سوال263:ان مشہور علماء کا نام بتایئے جن سے اسرئیلیات مروی ہیں ؟
جواب:(1) کعب الاحبار (2) وہب بن منبہ (3) عبدالملک بن عبدالعزیزبن جریج (4) عبداللہ بن سلام۔
سوال264:اشاعت قرآن کا عظیم مرکز کہاں اور اس کا کیا نام ہے ؟
جواب:اشاعت قرآن کا عظیم مرکز مدینہ منورہ میں ہے اور اس کا نام مجمع الملک فہد لطباعہ المصحف الشریف ( شاہ فہد قرآن کمپلیکس) ہے۔
سوال265:اس کمپلیکس کا قیام کب عمل میں آیا اور اس کا مقصد کیا ہے ؟
جواب:1982ء میں اس کمپلیکس کا قیام عمل میں آیا جس کا مقصد قرآن کریم معریٰ (سادہ) اور مع تراجم ایک کثیر تعداد میں چھاپنا اور دنیا میں مسلم ممالک کے علاوہ (جن میں مسلمان بستے ہیں ) مفت تقسیم کرنا اور قرآن کریم اور اس کی تعلیمات کو عام کرنا ہے۔
سوال266:اس کمپلیکس نے اب تک کتنی زبانوں میں قرآن کریم شائع کیا ہے ؟
جواب:اس کمپلیکس نے اب تک چالیس (40) زبانوں میں قرآن کریم شائع کیا ہے۔
سوال267:برصغیر ( ہندو پاک) میں قرآن کریم کا سب سے پہلے ترجمہ کس نے کیا؟
جواب:سب سے پہلے شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃاللہ علیہ نے قرآن مجید کا ترجمہ فارسی میں کیا۔
سوال268:ہر سال بین الاقوامی سطح پر حسن و تجوید کا مقابلہ کہاں منعقد ہوتا ہے ؟
جواب:یہ مقابلہ سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کی نگرانی میں ہر سال مکہ المکرمہ میں منعقد ہوتا ہے۔
سوال269:ہجر قرآن (قرآن چھوڑ دینے کی) چند ایک شکلیں تحریر کریں ؟
جواب:علامہ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ نے ہجر قرآن کی چند ایک شکلیں بیان کی ہیں جن کا تذکرہ ذیل میں کیا جاتا ہے :
(1) قرآن سننا چھوڑ دیا جائے اس پر ایمان نہ لایا جائے اسے بغور نہ سنا جائے۔
(2) قرآن پڑھنے اور اس پر عمل رکھنے کے باوجود اس پر عمل نہ کیا جائے ، قرآن کے حلال اور قرآن کے حرام کے پاس وقوف نہ کیا جائے۔
(3) دین کے اصول و فروع میں قرآن کے ذریعہ فیصلہ کرنا چھوڑ دیا جائے اور نہ ہی اس کی طرف فیصلہ لے کر جایا جائے۔
(4)قرآن میں غور و فکر کرنا اور اسے سمجھنا چھوڑ دیا جائے۔
(5) قرآن کے ذریعہ قلبی اور بدنی امراض کے لئے شفا حاصل کرنا چھوڑ دیا جائے۔
سوال270:قرآن کریم کے تین خصائص بیان کیجئے ؟
جواب:(1) قرآن کریم کا اعجاز اور اس کے ذریعہ لوگوں کو چیلنج (2) قرآن کے ہر حرف پڑھنے پر دس نیکی(3) قرآن کریم یاد کرنے اور پڑھنے میں آسانی۔
سوال271:ایک ہی واقعہ کو قرآن کریم کے مختلف مقامات پر دہرائے جانے کی کیا حکمت ہے ؟
جواب:چند ایک حکمتیں ہیں :
(1)قرآن کی بلاغت بیان کرنا مقصود ہے (2)ایک ہی معنی و مفہوم کو مختلف سورتوں میں لا کر قرآن کے اعجاز کو بیان کرنا ہے اور یہ دلیل ہے کہ قرآن منتہی درجہ کا اعجاز ہے (3) ایک ہی واقعہ کو بار بار اس لئے دہرایا گیا ہے تاکہ لوگوں دل و دماغ میں ثبت ہو جائے۔
سوال272:قرآن کریم میں جو قصے بیان کئے گئے ہیں اس کے کیا فائدے ہیں ؟
جواب:(1) اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو قوم کی طرف سے پہنچنے والی تکلیفوں پر تسلی دینا اور صبر دلانا۔
(2) جو حادثات و واقعات ہو چکے ہیں اس سے درس و عبرت حاصل کرنا۔
(3) توحید کا اثبات اور انبیاء سابقین کی تصدیق۔
(4) آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کے دلوں کو قرار پہنچانا۔
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں