Header Ads

سَبع مَثانی سے کیا مراد ہے

🕯سَبع مَثانی سے کیا مراد ہے؟🕯
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

 ترجمہ: اور بیشک ہم نے تمہیں سات آیتیں دیں جو بار بار دہرائی جاتی ہیں اور عظمت والا قرآن(دیا)۔

اس آیت میں سات آیتوں سے مراد سورۂ فاتحہ ہے، جیسا کہ صحیح بخاری کی اُس حدیث میں ہے جو حضرت سعید بن معلی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:
’’اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ، (یعنی سورہ فاتحہ) ہی سبع مثانی اور قرآنِ عظیم (کے تمام علوم کی جامع) ہے جو مجھے عطا فرمایا گیا۔ 
( بخاری، کتاب التفسیر، سورۃ الفاتحۃ، باب ما جاء فی فاتحۃ الکتاب، ۳ / ۱۶۳، الحدیث: ۴۴۷۴)

 اور سنن ترمذی کی اُس حدیث میں ہے جو حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، نبی اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:
 ’’ اَلْحَمْدُ لِلّٰه (یعنی سورہ فاتحہ) اُمُّ القرآن، اُمُّ الکتاب اور سبع مثانی ہے۔ 
(ترمذی، کتاب التفسیر، باب ومن سورۃ الحجر، ۵ / ۸۶، الحدیث: ۳۱۳۵)

 سورۂ فاتحہ کو مثانی کہنے کی وجوہات:
 سورۂ فاتحہ کو مثانی یعنی بار بار دہرائے جانے والی کہنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ سورہ فاتحہ نماز کی ہر رکعت میں پڑھی جاتی ہے اس لئے اسے مثانی فرمایا گیا۔ 
دوسری وجہ یہ ہے کہ سورۂ فاتحہ اللّٰہ تعالیٰ اور بندے کے درمیان تقسیم کی گئی ہے، اس کے پہلے نصف میں اللّٰہ تعالیٰ کی حمد و ثنا ہے اور دوسرے نصف میں دعا۔ 
تیسری وجہ یہ ہے کہ یہ سورت دو مرتبہ نازل ہوئی، پہلی بار مکہ میں اور دوسری بار مدینہ میں ، اس لئے اسے مثانی یعنی بار بار نازل ہونے والی فرمایا گیا۔ 
(جلالین مع صاوی، الحجر، تحت الآیۃ: ۸۷،۳ / ۱۰۵۰-۱۰۵۱)

شفا اور قوتِ حافظہ کا وظیفہ:
علامہ اسماعیل حقی رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں:
’’خواص القرآن میں یہ ذکر کیا گیا ہے کہ جب سورۂ فاتحہ کو پاک برتن میں لکھا جائے اور پاک پانی سے اس لکھے ہوئے کو مٹایا جائے اور اس پانی سے مریض کا چہرہ دھویا جائے تو اللّٰہ تعالیٰ کے حکم سے اسے شفا مل جائے گی۔ اور جب سورۂ فاتحہ کو شیشے کے برتن میں مشک سے لکھا جائے اور عرقِ گلاب سے اس لکھے ہوئے کو مٹایا جائے اور وہ پانی ایسے کُند ذہن کو سات دن تک پلایا جائے جسے کچھ یاد نہ رہتا ہو تو اس کی کند ذہنی ختم ہو جائے گی اور جو سنے گا وہ اسے یاد ہو جائے گا۔ 
(روح البیان، الحجر، تحت الآیۃ: ۸۷،۴ / ۴۸۸)

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ قاضـی شعیب رضـا تحسینی امجــدی 📱917798520672+
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے