اشکوں کے پھول نذرِ عقیدت کریں گے ہم🕯
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
روشن چراغِ عشق و محبّت کریں گے ہم
ہر دم درودِ پاک کی کثرت کریں گے ہم
ہر حال میں نبی سے محبت کریں گے ہم
ناموسِ مصطفیٰ کی حفاظت کریں گے ہم
الفاظ چن کے لائیں گے قرآنِ پاک سے
سلطانِ کائنات کی مدحت کریں گے ہم
قسمت سے ان کے روضے پہ جب ہوگی حاضری
" اشکوں کے پھول نذرِ عقیدت کریں گے ہم "
دامن میں اپنے خاکِ مدینہ سمیٹ کر
شہرِ رسولِ پاک سے رجعت کریں گے ہم
سنت کی روشنی میں گذاریں گے زندگی
زندہ رسولِ پاک کی سنت کریں گے ہم
ہم ہیں حسینی فکر کے حامل جہان میں
ہرگز یزیدیوں کی نہ بیعت کریں گے
باطل جماعتوں سے رہیں گے ستیزہ کار
اسلام و سنیّت کی حمایت کریں گے ہم
ظلم و جفا و کِذب کے طوفاں کی زد پہ بھی
روشن چراغِ عدل و صداقت کریں گے ہم
وہ ساعتِ سعید بھی آئے گی اے طفیل !!
جب مصطفیٰ کے در کی زیارت کریں گے ہم
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
از قلم✍️ طفیل احمد مصباحی
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں