روزے کے مسائل اور ان کا حل

*🌹روزے کے مسائل اور ان کا حل 🌹*
*🌸قسط چہارم(4)- سوال 31 تا 40🌸*
*سوال 31:*
اگر غبارہ (کنڈم) چڑھاکر جماع کیا اور انزال نہ ہوا تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر کسی نے غبارہ (یعنی کنڈم) چڑھا کر اگلی یا پچھلی شرمگاہ میں روزہ یاد ہونے کے باوجود جماع کیا تو چاہے انزال ہو یا نہ ہو, بہرصورت روزہ ٹوٹ جائے گا اور قضاء کیساتھ ساتھ کفارہ بھی لازم ہو جائے گا .
(روزے کے جدید فقہی مسائل)
*سوال 32:*
اگر شوہر نے روزے کی حالت میں غیر سبیلین (اگلی اور پچھلی شرمگاہ کے علاوہ) میں جماع کیا تو کیا ہے ؟
*جواب:* 
شوہر نے روزے کی حالت میں روزہ یاد ہونے کے باوجود غیر سبیلین میں جماع کیا مثلاً ران یا پیٹ پر شرمگاہ کو رگڑا, تو اگر اس سے انزال ہوگیا یعنی منی خارج ہو گئی تو روزہ ٹوٹ جائے گا اوراس کی قضاء فرض ہو جائے گی اور اگر انزال نہ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
(روزے کے جدید فقہی مسائل)
*سوال33:*
اگر کسی نے روزے کی حالت میں ہمبستری کرلی تو کیا حکم ہوگا ؟ 
*جواب:*
اگر رمضان المبارک کے روزے کی حالت میں کسی نے ہمبستری کرلی تو اس کی تین صورتیں ہیں جوکہ درج ذیل ہیں :
1-اگر بھول کر ہمبستری کی تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
2-اگر کسی عاقِل, بالِغ, مُقِیْم (یعنی غیرمسافر) نے ادائے رمضان کے روزے کی نیت سے روزہ رکھا اور نیت بھی رات میں کی اور بغیر کسی صحیح مجبوری کے جان بوجھ کر روزہ یاد رہنے کے باوجود ہمبستری کی تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور قضاء کیساتھ ساتھ کفارہ بھی لازم ہو جائے گا. 
2-اگر روزہ یاد رہنے کے باوجود کسی شرعی مسافر نے ہمبستری کی یا ایسے مقیم نے ہمبستری کی جس نے دن میں روزے کی نیت کی تھی یا کسی صحیح مجبوری مثلا قتل وغیرہ کی صحیح دھمکی کیوجہ سے ہمبستری کی یا ایسے شخص نے ہمبستری کی جس نے ادائے رمضان کے علاوہ کوئی اور روزہ رکھا ہوا تھا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور صرف قضا لازم آئے گی, کفارہ لازم نہ ہوگا.
(درمختار, ردالمحتار, بہارشریعت وغیرہ)
*سوال 34:*
اگر روزے کی حالت میں حیض یا نفاس شروع ہوجائے تو روزے کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں حیض یا نفاس شروع ہوجائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور وہ بعد میں قضارکھے گی. 
(مختصرالقدوری مع الجوھرۃالنیرۃ)
*سوال 35:*
اگر حیض یا نفاس شروع ہونے کی وجہ سے کسی عورت کا روزہ ٹوٹ جائے تو کیا دن کا بقیہ حصہ کھا پی سکتی ہے ؟
*جواب:*
اگر حیض یا نفاس شروع ہونے کی وجہ سے کسی عورت کا روزہ ٹوٹ جائے تو وہ دن کا بقیہ حصہ کھا پی سکتی ہے اور اس پر روزہ دار کی طرح بھوکا پیاسا رہنا واجب نہیں ہے.
(ردالمحتار,الجوھرۃالنیرۃ)
*سوال 36:*
روزے کی حالت میں عورت کا فَرج (یعنی اگلی شرمگاہ) میں دوا رکھنا کیسا ہے؟
*جواب:* 
اگر روزے کی حالت میں عورت نے فرج میں دوا رکھی تو اس کی درج ذیل تین صورتیں ہیں جن میں پہلی دوصورتوں میں روزہ ٹوٹ جاتا ہے جبکہ تیسری صورت میں روزہ نہیں ٹوٹتا اور وہ تین صورتیں یہ ہیں :
1-فرجِ داخل (اندرونی اگلی شرمگاہ) میں دوا اس طرح رکھی کہ دوا اندر غائب کردی اور دوا کا کوئی سرا باہر نہ رہا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
2-فرج میں اس طرح دوا رکھی کہ جس کا کچھ حصہ چھوٹ کر اندر چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا.
3-فرج میں اس طرح دوا رکھی کہ اس کا ایک سرا باہر رہا اور فرجِ داخل میں بالکل غائب نہ ہوئی اور دوا کا کوئی جز اندر باقی بھی نہ رہا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا.
(فتاویٰ مصطفویہ)
*سوال 37:*
روزے کی حالت میں بواسیر یا قبض کے مریض کیلیے اینما (Enema) کا کیا حکم ہوگا ؟
*جواب:*
روزے کی حالت میں بواسیر یا قبض کے مریض کیلیے اینما (Enema) سے روزہ ٹوٹ جائے گا کیونکہ اینما میں مقعد (یعنی پاخانے کے مقام) میں دوا چڑھائی جاتی ہے جو حقنہ کی جدید صورت ہے.
(محیط برہانی)
*سوال 38:*
روزے کی حالت میں دل کے مریض کا زبان کے نیچے ٹکیہ (یعنی گولی) رکھنا کیسا ہے؟
*جواب:*
*سوال:*
روزے کی حالت میں دل کے مریض کا زبان کے نیچے ٹکیہ (یعنی گولی) رکھنا روزے کو توڑ دے گا کیونکہ عموماً وہ گولی تھوک میں شامل ہوکر حلق سے نیچے اتر جاتی ہے. 
(ماہنامہ اشرفیہ)
بالفرض اگر گولی کا اثر حلق سے نیچے نہ اترے تو روزہ نہیں ٹوٹے گا مگر ایسا بہت مشکل ہے لہذا حتی الامکان اس سے گریز کیا جائے. 
*سوال 39:*
اگر روزے کی حالت میں وضو یا غسل کرتے ہوئے غلطی سے پانی حلق سے نیچے اتر جائے یا ناک کے ذریعے دماغ تک چلا جائے تو کیا حکم ہوگا؟ 
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں وضو یا غسل کرتے ہوئے غلطی سے پانی حلق سے نیچے اتر جائے یا ناک کے ذریعے دماغ تک پہنچ جائے تو اس کی دوصورتیں بنتی ہیں کہ : 
1-اگراس وقت روزہ یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس کی قضاء کرنی ہوگی. 
2-اگر اس وقت روزہ یاد نہ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
(درمختار, عالمگیری, بہارشریعت)
*سوال 40:*
اگر روزے کی حالت میں نہر میں غوطہ لگاتے ہوئے غلطی سے پانی حلق سے نیچے اتر جائے یا ناک کے ذریعے دماغ تک چلا جائے تو کیا حکم ہوگا؟ 
*جواب:*
اگر روزے کی حالت میں نہر میں غوطہ لگاتے ہوئے غلطی سے پانی حلق سے نیچے اتر جائے یا ناک کے ذریعے دماغ تک پہنچ جائے تو اس کی دوصورتیں بنتی ہیں کہ : 
1-اگر اس وقت روزہ یاد ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور بعد میں اس کی قضاء کرنی ہوگی. 
2-اگر اس وقت روزہ یاد نہ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا. 
(درمختار, عالمگیری, بہارشریعت)
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ وسلم
کتبہ
*عبیدرضامدنی*
09/05/2018
03068209672

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے