Header Ads

دریائے لطف ، ابرِ گُہر بار آپ ہیں

🕯نعت رسول مقبول صلی اللّٰه علیہ وسلم🕯*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

دریائے لطف ، ابرِ گُہر بار آپ ہیں
سارے جہاں کے مالک و مختار آپ ہیں 

باغِ عطا کی شاخ کے اثمار آپ ہیں 
" دنیا ہے ایک دشت تو گلزار آپ ہیں " 

حسنِ ازل کا جلوۂ زیبا ہیں بالیقیں 
کلکِ خدائے پاک کے شہکار آپ ہیں

  گلزارِ کائنات کے سرسبز یاسمن 
گل رنگ ، گل بدن ، گل و گلنار آپ ہیں

امت کے واسطے رہے بے چین عمر بھر  
مجرم کی مغفرت کے طلب گار آپ ہیں

ملتا ہے جس کی چھاؤں میں دولت سکون کی
راحت رساں وہ سایۂ اشجار آپ ہیں 

زخمِ جگر دکھاؤں کسے اے مرے طبیب
ہم مفلسوں کے مونس و غمخوار آپ ہیں

سنگِ الم کے ضربِ مسلسل سے چور ہوں 
  غم دور ہو کہ دافعِ آزار آپ ہیں

اعدائے دیں کے واسطے میدانِ جنگ میں 
قہرِ خدا کی کوندتی تلوار آپ ہیں

آداب بندگی کے سکھائے جہان کو 
انسانیت کے قائد و سالار آپ ہیں

" یا ربّ ِ ھب لی امتی " وردِ زباں رہا 
  امّت پہ مِہْرباں شہِ ابرار آپ ہیں 

ختمِ سخن طفیل نے بس اس پہ کردیا 
سرکار آپ ہیں ، مرے سرکار آپ ہیں

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*از قلم⁦✍️⁩ طفیل احمد مصباحی*
*📲+91 84169 60925*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے