حضرت شیخ ابوالحسن سمنون بن محب رحمۃ اللّٰه علیہ

*📚 « مختصــر ســوانح حیــات » 📚*
-----------------------------------------------------------
*🕯حضرت شیخ ابوالحسن سمنون بن محب رحمۃ اللّٰه علیہ🕯*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

*آپ کا اسم گرامی:* ابوالحسین تھا، اپنے آپ کو کذّاب کے نام سے مشتہر کر رکھا تھا۔ 
جو شخص آپ کو کذاب کہہ کر نہ پکارتا، آپ اس کی آواز کا جواب نہ دیتے۔

علوم شریعت و طریقت میں یگانہ روزگار تھے۔ 
حضرت شیخ سری سقطی، محمد بن علی قصاب، ابو احمد قلانسی رحمۃ اللہ علیہم کی مجالس میں بیٹھتے حضرت جنید بغدادی اور ابوالحسن نوری رحمۃ اللہ علیہما کے خاص مقربین میں سے تھے۔

ایک دن حضرت سمنون کعبۃ اللہ میں تقریر فرما رہے تھے، آپ نے دیکھا کہ سامعین پوری توجہ نہیں دے رہے، آپ نے چھت سے لگی ہوئی قندیلوں کو مخاطب فرماکر کہا سنو! میں تم سے محبت کی بات کرنا چاہتا ہوں، اسی وقت تمام قندیلیں حرکت کرنے لگیں رقص میں آکر جھومنے لگیں حتی کہ ٹکڑے ٹکڑے ہوکر فرش پر آگریں۔

ایک دن آپ محبت کے موضوع پر گفتگو فرما رہے تھے ایک پرندہ اڑتا ہوا آیا آپ کے سر پر آ بیٹھا، سر سے اترا، بازو پر آبیٹھا، وہاں سے اڑا ہاتھ پر آبیٹھا، تھوڑی دیر بعد زمین پر آ بیٹھا، اور اپنی چونچ زمین پر مارنے لگا، اُس کی چونچ سے خون بہنے لگا حتی کہ تڑپ کر مرگیا۔

کہتے ہیں کہ آخری عمر میں آپ نے سنّت نبوی پر عمل کرتے ہوئے شادی کرلی، ایک لڑکی پیدا ہوئی، جب وہ تین سال کی ہوئی تو آپ کے دل میں اس بچی کی محبت بڑھنے لگی، ایک رات حضرت سمنون نے خواب میں دیکھا کہ قیامت برپا ہے جھنڈے لہرا رہے ہیں، ہر قوم کا ایک ایک جھنڈا نصب ہے، ان جھنڈوں کے درمیان ایک بلند ترین جھنڈا ہے جس سے نور کی شعاعیں نکل رہی ہیں، یہ جھنڈا سارے میدان قیامت پر چھایا ہوا ہے، آپ نے لوگوں سے پوچھا کہ یہ علم کن لوگوں کے لیے ہے، لوگوں نے بتایا محبان خدا کے لیے، سمنون بھی اس جھنڈے کے نیچے جا کھڑے ہوئے، ابھی کھڑے ہوئے ہی تھے کہ ایک شخص آگے بڑھا اور آپ کو بازو سے پکڑ کر باہر نکال دیا، آپ نے حیران ہوکر پوچھا کیا میں محب خدا نہیں ہوں میرا تو نام ہی سمنون محب اللہ ہے۔ اس شخص نے بتایا تم محب خدا تھے مگر جب سے تم اپنی تین سالہ بچی سے محبت کرنے لگے ہو، اللہ کے دفتر سے تمہارا نام مٹا دیا گیا ہے، سمنون نے چلا کر کہا، اے اللہ، مجھے اپنے محبت کرنے والوں سے دُور نہ فرما، اگر میری بچی کی محبت قاطع محبت الٰہی ہے تو اسے درمیان سے اٹھالے، کہتے ہیں آپ خواب کی اس آواز سے بیدار ہوئے اور گھر سے رونے کی آواز سنی، پوچھا کہ ہمارے گھر کیوں آہ و فغان برپا ہے، لوگوں نے بتایا، آپ کی بچی چھت سے گر کر مرگئی ہے، آپ نے فرمایا الحمدللہ، میری محبت کی قاطع کو اللہ نے اٹھالیا ہے۔

ایک شخص خلیل نامی بغداد کے خلیفہ کا معتمد بن گیا، وہ چاہتا تھا کہ خلیفہ وقت کو وقت کے علماء اور اولیاء سے بے اعتقاد کردیا جائے، وہ آئے دن حضرات مشائخ اور علماء کرام کے خلاف باتیں کرتا۔ اُن کی تضحیک کے لطیفے سناتا، ان دنوں حضرت سمنون کی مشائخیت کی شہرت سارے بغداد میں گونج رہی تھی ، خلیل نے حضرت کو نشانہ بنانے کا پروگرام بنالیا، اور ازرۂ حسد خلیفہ کے سامنے رسوا کرنا چاہتا تھا۔ 
ایک واقعہ یوں ہوا کہ ایک عورت نے حضرت سمنون کو کہا کہ وہ اس کے ساتھ نکاح کرلیں، آپ نے انکار کردیا وہ عورت حضرت جنید بغدادی کے پاس گئی، اور کہا کہ آپ سمنون کو لکھیں کہ اس سے نکاح کرلے، حضرت جنید نے اسے اپنے دروازے سے ہٹا دیا، وہ عورت مایوس ہوکر خلیل کے پاس جا پہنچی، اور اس کے کہنے پر انتقام لینے کے لیے آپ پر تہمت لگانے لگی کہ سمعون نے اس کے ساتھ زنا کیا ہے، خلیفہ وقت کے سامنے بیان دیے، خلیل نے آپ کے قتل کے احکامات لے لیے، حضرت سمنون کو دربار میں طلب کیا گیا ، جلّاد کو حکم دیا کہ آپ کی گردن اڑا دے، مگر اس حکم کے الفاظ زبان سے نکلنے نہ پائے تھے، خلیفہ نے بڑا زور لگایا، مگر قتل کے احکام کی ادائیگی نہ ہوتی تھی اور کہا کہ انہیں کل دربار میں دوبارہ پیش کیا جائے، رات کو خلیفہ نے خواب میں سنا کہ کوئی شخص کہہ رہا ہے کہ اگر تم نے حضرت سمنون کو قتل کرایا تو تمہاری سلطنت کا تختہ الٹ جائے گا۔ علی الصباح خلیفہ نے حضرت کو دربار میں طلب کیا، معافی چاہی اعزاز و اکرام سے نوازا، خلیل یہ صورت حال دیکھ کر حسد سے جل گیا، وہ حضور سے اور دشمنی کرنے لگا، حتی کہ جذام کی بیماری میں گرفتار ہوکر صاحبِ فراش ہوگیا، اس کے جسم سے پیپ اور خون رسنے لگا، حضرت سمعون کو خبر ہوئی تو اپ نے ہاتھ اٹھا کر دعا کی، اے اللہ ! اسے صحت عطا فرما، خلیل نے حضرت کی دعا کی خبر سنی، تو سخت شرمندہ ہوا، توبہ کی، اور جو کچھ بھی اس کے پاس تھا بزرگان دین کی نذر کردیا مگر بزرگان دین نے اس کے نذرانہ کو قبول کرنے سے انکار کردیا، آخر حضرت سمنون نے اُس کی بیچارگی پر پھر دعا کی، اور پوری توجہ دی، اللہ تعالیٰ نے اُسے توبہ کی توفیق دی۔

*وفات:* شیخ سمنون نے 30 ربیع الاول 298ھ میں وفات پائی۔

(خزینۃ الاصفیاء)

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے