حضرت ابو حفص عمرو حداد رحمۃ اللّٰه علیہ

📚 « مختصــر ســوانح حیــات » 📚
-----------------------------------------------------------
🕯️حضرت ابو حفص عمرو حداد رحمۃ اللّٰه علیہ🕯️
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

اسم گرامی: عمرو بن سلمہ۔ 
مقام: نیشاپور کے رہنے والے تھے۔
سیرت و خصائص: صاحب ریاضت و عبادت و مروت و فتوت تھے۔ شیخ عبداللّٰه ماوردی کے مرید تھے۔ شیخ ابوعثمان حیری رحمہ اللّٰه کے استاذ تھے۔ سیّد الطائفہ حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللّٰه علیہ سے ملاقات ہوئی۔

گرفتار محبت: ابتدائی جوانی میں ایک نوجوان خوش شکل عورت کے دام محبت میں پھنس گئے۔ مگر وہ عورت کبھی مائل التفات نہ ہوئی۔ انہی دنوں نیشاپور میں ایک یہودی جادوگری میں مشہور تھا۔ اس کے پاس گئے اور اپنا حالِ دل بیان کیا۔ یہودی نے کہا اگر تم چالیس روز تک کوئی عبادت نہ کرو۔ کسی نیک کام میں حصہ نہ لو۔ حتی کہ اللّٰه اور اُس کے رسول کا نام تک زبان پر نہ لاؤ۔ تو میں ایک ایسا عمل کروں گا کہ یہ عورت تمہارے قدموں میں سر رکھ دے گی۔ ابو عثمان حداد نے ویسا ہی کیا۔ چالیس دن کے بعد یہودی کے پاس گئے۔ اس نے جادو کا عمل کیا۔ مگر کارگر ثابت نہ ہوا۔ یہودی نے کہا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تم نے اس دوران کوئی نیک کام کردیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ میں نے کوئی نیک کام نہیں کیا۔ البتہ ایک دن میں نے سر راہ ایک پتھر پڑا پایا۔ اسے اٹھا کر ایک طرف پھینک دیا۔ تاکہ کسی کو ٹھوکر نہ لگے۔ یہودی نے کہا کہ اللّٰه کی ذات کتنی مہربان اور باثروت ہے کہ تو نے چالیس دن تک اس کا نام تک زبان پر نہ لیا۔ مگر اس نے چالیس روز تک اپنے خزانہ رزق سے تمہیں رزق دیا اور اس دوران نیکی کرنے کی توفیق بھی دی۔ یہ بات سنتے ہی ابو حفص کے دل میں جذبہ ایمان روشن ہوا یہودی کے ہاتھ پر توبہ کی۔ اور اللّٰه کی عبادت میں ہمہ وقت مشغول ہوگئے۔ 
ظاہراً حداوی یعنی آہن گری کا کام کرتے تھے۔ جو کچھ کماتے درویشوں کو دے دیتے۔ خود شام کے اندھیرے میں گداگری کرتے تاکہ ان کا نفس غرور و تکبر سے نجات پائے۔ اس طرح آپ ایک عرصہ تک گزر اوقات کرتے رہے۔ 
آپ کے استغراق کا یہ عالم ہوتا کہ بسا اوقات کارخانہ آہن گری کی بھٹی میں ہاتھ بڑھا کر آتش شدہ لوہے کو اٹھالیتے۔ مگر آپ کے ہاتھ کو کچھ نہ ہوتا۔ بسا اوقات یوں ہوتا کہ دست پناہ (سنّی) کی بجائے گرم لوہا ہاتھ سے نکال کر آئرن پر رکھتے اور ہاتھ سے پکڑ کر شاگرد کو کہتے اس پر ہتھوڑے مارتے جاؤ۔ شاگرد کانپ اٹھتے کہ آپ نے ہاتھ سے لوہا گرم پکڑ رکھا ہے۔ اس بات سے آپ استغراق سے ہوش میں آتے ہاتھ کھینچ لیتے۔ اور سنی کا استعمال کرتے۔ آخر کار آپ نے اپنا تمام کارخانہ فروخت کر دیا۔ جو کچھ ملا غرباء و مساکین میں تقسیم کیا اور خود ہمہ وقت یاد خداوندی میں مشغول و مصروف ہوگئے۔

حکایت: (1) ایک دن اپنے احباب کے ساتھ صحراء میں نکلے۔ پہاڑ کی چوٹی سے ایک ہرن دوڑتا آیا اور آپ کی بغل میں اپنا سر یوں رکھ دیا۔ جیسے سکوں حاصل کر رہا ہو۔ ابو حفص رحمہ اللّٰه اس وقت استغراق میں تھے۔ آپ نے رونا شروع کر دیا۔ ہرن تو بھاگ کر جنگل میں چلا گیا۔ مگر دوستوں نے پوچھا یا حضرت کیا بات ہے۔ فرمانے لگے میرا دل چاہتا تھا کاش آج میرے پاس بکری ہوتی۔ اسے ذبح کرتا پکا کر سب احباب کو کھلاتا دوستوں نے بتایا حضرت بکری آپ کے پاس نہیں تو ہرن آکر قربان ہوا جا رہا تھا۔ آپ بھلا کیوں روتے ہیں آپ نے فرمایا: تمہیں شاید معلوم نہیں جب سائل کو اس کے سوال کے مطابق چیز دی جاتی ہے تو اسے دروازے سے ہٹا دیا جاتا ہے۔ اگر فرعون کو اللّٰه تعالیٰ اپنے دروازے پر رکھنا پسند فرماتا تو اس کے کہنے پر دریائے نیل روان نہ کرتا۔

(2) حضرت شیخ ابوحفص رحمۃ اللہ جب حج بیت اللّٰه کو گئے تو عربی سے ناواقف تھے۔ ساتھیوں نے کہا: ہمیں ترجمان چاہیے جو عربی جانتا ہو، اور ہماری باتیں ان تک پہنچا سکے۔ بغداد پہنچے تو حضرت بایزید بسطامی رحمۃ اللّٰه علیہ نے اپنے مریدوں کو آپ کے استقبال کے لیے بھیجا حضرت جنید کی خانقاہ میں پہنچے تو مختلف لوگ ملنے آئے ان سے حضرت ابوحفص نے اس وضاحت و بلاغت سے عربی میں گفتگو کرنا شروع کی کہ اہل زبان بھی حیران رہ گئے۔

(3) حضرت ابوحفص مکہ مکرمہ پہنچے تو وہاں بہت سے مساکین سے ملاقات کی۔ ان کی تنگ دستی دیکھی نہ گئی آپ نے ایک پتھر اٹھایا اور کہنے لگے: اے اللّٰه اگر ان لوگوں کو دینے کے لیے مجھے کچھ نہ ملا تو اس پتھر سے تیرے گھر کے فانوس توڑ دوں گا۔ اسی وقت ایک آدمی آیا۔ ایک ہزار دینار کی تھیلی پیش کی آپ نے تمام مساکین کو خیرات تقسیم کردی۔

وصال: شیخ ابوحفص حدّاد رحمۃ اللّٰه علیہ 18 شعبان المعظم 264ھ میں واصل بحق ہوئے۔ بعض نے سن وفات 265ھ لکھا ہے۔ اور بعض نے 266ھ تحریر کیا ہے۔

شہ ہر دوسرا ابو حفّص حدّاد
چو رفت از عالم دنیا بجنت

کریم و اکرم و شیخ جہانست
امام اصفیا سالش عیاں ست
264ھ

محب حق نما حدّاد (264ھ)۔ حداد سلطانِ زماں(264ھ)۔
امام آفاق (264ھ)۔
نوری (266ھ)

(خزینۃ الاصفیاء)

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے