-----------------------------------------------------------
🕯حضرت سید شاہ آل محمد مارہروی رحمۃ اللّٰه علیہ🕯
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
نام و نسب:
اسمِ گرامی: سید شاہ آل محمد۔
کنیت: ابوالبرکات۔
لقب: برہان الموحدین۔
سلسلہ نسب اسطرح ہے: سید شاہ آل محمد، بن صاحب البرکات سید شاہ برکت اللہ بن سید شاہ اویس بلگرامی بن سید شاہ عبد الجلیل بلگرامی بن سید میر عبدالواحد بلگرامی۔ الیٰ آخرہ۔ (علیہم الرحمہ)
تاریخِ ولادت: آپ بروز بدھ،18 رمضان المبارک،1111ہجری کو بلگرام میں سید شاہ برکت اللہ کے گھر پیدا ہوئے۔
تحصیلِ علم: تمام ظاہری و باطنی علوم کی تعلیم و تکمیل اپنے والدِ ماجد سے حاصل کی،آپ اپنے وقت کے شیخِ طریقت ہونیکے ساتھ ساتھ، علومِ شریعت کے بھی ماہرِ کامل تھے۔ آپ کا اکثر وقت اپنے والدِ گرامی اور دیگر اکابرینِ امت کی تصنیف کردہ کتب کے مطالعہ میں گزرتا تھا۔
بیعت و خلافت: سید شاہ برکت اللہ علیہ الرحمہ نے آپ کو تمام سلاسل کی اجازت خلافت سے مشرف فرمایا تھا۔ آپ کو حضرت شاہ برکت اللہ علیہ الرحمہ نے اپنی ظاہری زندگی میں ہی بیعت و ارشاد کا حکم فرما دیا تھا۔ چنانچہ جب کوئی طالب ان کی خدمت میں حاضر ہوتا تو فرماتے: آل محمد کے پاس جاؤ، اس نے میرے سر سے بہت بوجھ ہلکا کر دیا ہے اور مجھے بہت راحت و آرام بخشا ہے۔ نیز سند ِخلافت و دستار ِنیابت حضرت سید العارفین شاہ لدھا بلگرامی سے بھی ممتاز ہوئے۔
سیرت و خصائص: برہان الموحدین، رئیس المتوکلین، سیدالعارفین، جامع شریعت و طریقت ابوالبرکات سید شاہ آل محمد مارہروی رحمۃ اللہ علیہ۔آپ علیہ الرحمہ حضرت سید شاہ برکت اللہ علیہ الرحمہ کے بڑے صاحبزادے تھے۔ آپ مکمل 3 سال تک اعتکاف میں خلوت گزیں رہے اور جو کی روٹی سے افطار کیا کرتے تھے۔ والد صاحب کی زندگی میں ہی مسندِ مشیخیت و سجادہ پر فائز ہوگئےتھے۔ شریعت کی انتہائی نگہداشت کرتے تھے۔ امراضِ قلبی کے ازالہ میں آپ مسیحائی فرماتے تھے، اور ویرانۂ وادیِ شوق کو مقام ‘‘تلوین’’ پر پہنچا کر قرار و تسکین بخشتے تھے ۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی اتباع میں سر گرم و کوشاں رہتے تھے، اور ہر وقت ترویجِ شریعتِ مطہرہ میں مصروف ِعمل رہتے تھے۔ خلافِ سنت کوئی عمل برداشت نہیں کرتے تھے۔ اکثر اوقات تصوف کی کتابوں ،خصوصاً اپنے والد ماجد کی تالیفات کے مطالعہ میں بسر فرماتے۔ آپ کی برکت سے مارہرہ مطہرہ اور اس کے اطراف و اکناف سے بہت لوگ مستفید ہو کر شرفِ ارادت سے بہرہ ور ہوئے۔ آپ کی ذات سے تمام سلاسل کو بالعموم اور سلسلہ عالیہ قادریہ کو بالخصوص فروغ حاصل ہوا۔
وصال: 16 رمضان المبارک،1164ھ، بروز پیر، کی رات کو آپ کا وصال ہوا۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا مزارِ مبارک مارہرہ شریف (انڈیا) مرجعِ خاص و عام ہے۔
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں