کیا شمع شبستان رضا غیر معتمد کتاب ہے ؟؟؟
سوال :- اہل علم کے مابین ایک مسئلہ رکھنے کی جسارت کر رہا ہوں کیا شمع شبستان رضا جس کے بارے میں مشکوک ہے کہ اس سے تعویذات نہ کئے جائیں یہ معتبر نہیں ہے برائے مہربانی اصلاح فرمائیں ----
*سائل :- حافظ رحمت رضا ( کالپی شریف )*
*الجواب بعون الملک الوھاب*
سلطان الفقہا فخر ازہر جانشین اعلی حضرت حضور تاج الشریعہ حضرت علامہ مفتی محمد اختر رضا خاں ازہری علیہ الرحمہ سے شمع شبستان رضا نامی کتاب کی ایک عبارت کے تعلق سے ایک سوال کیا گیا --
*سوال* شمع شبستان رضا میں لکھا ہے کہ اعلی حضرت نے کسی سید صاحب کو کفار کے خلاف کرکٹ کے میچ میں کامیابی کے لئے کوئی وظیفہ عنایت فرمایا تھا کیا اس میں کوئی حقیقت ہے--
*جواب* مذکورہ بالا سوال کے جواب میں حضور تاج الشریعہ علیہ الرحمہ ارشاد فرماتے ہیں یہ نا معتمد ہے اور شمع شبستان رضا میں بہت ساری باتیں اس قسم کی اعلی حضرت کی طرف منسوب کر دی گئی ہیں اور بہت سارے اعمال اور وظائف دوسری کتابوں سے جو ہمارے خاندان کے معمولات میں سے نہیں ہے وہ اس میں دے دئے ہیں اور بہت ساری نا معتمد باتیں اس کے اندر درج ہیں ---
مذکورہ بالا سوال کی طرح ایک اور سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں
شمع شبستان رضا صوفی اقبال احمد کی ترتیب ہے اور اس کو منسوب کر دیا شمع شبستان رضا کہہ کر کے اعلی حضرت کی طرف لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ سب معمولات اعلی حضرت ہیں حالانکہ اس میں بہت ساری باتیں خلاف شرع ہیں
( ماخوذ از https://youtu.be/ayn6DXKkPa4 )
حضرت علامہ مفتی جلال الدین احمد امجدی علیہ الرحمہ سے شمع شبستان رضا حصہ دوم صفحہ ٩٠ / ٩١ میں عہد نامہ کی فضیلت پر درج چند روایت کے تعلق سے سوال کیا گیا آپ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں
عہد نامہ کی فضیلت میں مذکورہ بالا حدیثیں احادیث کی معتبر کتابوں میں من و عن میرے نزدیک ثابت نہیں ---
*( حوالہ فتاوی فقیہ ملت جلد دوم صفحہ ۴٠٩ / ۴١٠ )*
خلاصہ کلام یہ ہے کہ شمع شبستان رضا نامی کتاب میں بہت ساری باتیں غیر معتمد اور خلاف شرع موجود ہیں اور کچھ اعمال وظائف صحیح بھی ہیں لھذا جو حضرات بہترین عالم ہوں کہ صحیح اور موضوع روایات میں امتیاز کر سکیں تو ان کو شمع شبستان رضا سے تعویذات کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن جو صحیح اور موضوع روایات میں تمیز نہ کر سکیں تو ان کے لئے بہتر یہی ہے کہ اس سے تعویذات نہ کریں بلکہ کوئی معتمد کتاب سے تعویذی علاج کریں جیسے اعلی حضرت علیہ الرحمہ کے تعویذات کا مجموعہ *" مجموعہ اعمال رضا "* امام الھند شاہ ولی اللہ محدث دہلوی علیہ الرحمہ کی کتاب *"القول الجمیل "* وغیرہ
*ھذا ما ظہر لی واللہ تعالی و رسولہ اعلم بالصواب*
*طالب دعا*
*محمد توصیف رضا*
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں