Header Ads

فقیہ المفخم مفتی اعجاز ولی خان رضوی بریلوی رحمۃ اللّٰه علیہ

📚     «  مختصــر ســوانح حیــات  »     📚
-----------------------------------------------------------
🕯فقیہ المفخم مفتی اعجاز ولی خان رضوی بریلوی رحمۃ اللّٰه علیہ🕯
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

نام و نسب:
اسمِ گرامی: مفتی اعجاز ولی خاں رضوی۔
لقب: فقیہ المفخم، استاذ العلماء۔
سلسلۂ نسب اس طرح ہے: استاذ العلماء فقیہ المفخم مولانا مفتی محمد اعجاز ولی خاں رضوی بن مولانا سردار ولی خاں (متوفی ۶؍ صفر ۱۳۹۵ھ؍ ۱۸؍ فروری ۱۹۷۵ء  بمقام پیر جو گوٹھ سندھ) بن مولانا ہادی علی خاں بن مولانا رضا علی خاں (جد امجد امام احمد رضا خاں قادری بریلوی)۔
علیہم الرحمۃ والرضوان۔

تاریخِ ولادت: آپ کی ولادت باسعادت 11/ربیع الثانی 1332ھ مطابق 20/مارچ 1914ء کو بریلی شریف میں ہوئی۔

تحصیلِ علم: اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری فاضل بریلوی قدس سرہٗ سے مفتی محمد اعجاز ولی خان نے قرآن مجید شروع کیا، اور حافظ عبدالکریم قادری بریلوی سے مکمل کیا۔ پھر درسی کتابیں متوسطات تک برادر معظم مولانا مفتی تقدس علی خان رضوی علیہ الرحمۃ شیخ الحدیث جامعہ راشدیہ پیر گوٹھ سندھ، مولانا مختار احمد سلطان پوری اور مولانا الشاہ محمد حسنین رضا خان بریلوی سے پڑھیں۔ شرح جامی حضور مفتی اعظم  علامہ مولانا مصطفیٰ رضا نوری بریلوی سے اور تفسیر جلالین حضرت مولانا سردار علی خان علیہ الرحمۃ سے پڑھیں۔

حضرت مفتی اعجاز ولی خان نے 1352ھ؍ 1929ء میں حضور مفتی اعظم قدس سرہٗ سے سند حدیث حاصل کی بعد ازاں  حجۃ الاسلام مولانا محمد حامد رضا بریلوی قدس سرہٗ سے بھی سند حدیث حاصل کی۔ پھر مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے صدر الشریعہ مولانا امجد علی رضوی اعظمی علیہ الرحمۃ کی خدمت میں مدرسہ سعیدیہ دادوں میں حاضر ہوئے اور تحصیل علوم کے بعد حضرت صدر الشریعہ علیہ الرحمہ سے سند حاصل کی۔

بیعت و خلافت: حضرت مفتی محمد اعجاز ولی خان علیہ الرحمہ سلسلۂ قادریہ میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا  قادری فاضل بریلی قدس سرہٗ سے بیعت ہوئے اور حضور مفتی اعظم علامہ مولانا مصطفیٰ رضا نوری بریلی قدس سرہٗ سے سلسلۂ قادریہ رضویہ میں اجازت و خلافت سے مشرف ہوئے۔

سیرت و خصائص: استاذ العلماء، رئیس الفقہاء، مرجع  الفضلاء، سند الاتقیاء، جامع علوم عقلیہ و نقلیہ حضرت علامہ مولانا مفتی اعجاز ولی خان رضوی قادری بریلوی رحمۃ اللہ علیہ۔
آپ خاندانِ اعلیٰ حضرت مجدد اسلام کےعظیم فرد اور فقیہ العصر تھے۔ مفتی محمد اعجاز ولی خان رحمۃ اللّٰه علیہ نے تکمیل علوم کے بعد این، بی ہائی اسکول بریلی میں تدریس کا سلسلہ شروع کیا،پھر کچھ عرصہ دار العلوم  منظر اسلام اور کچھ عرصہ دارالعلوم مظہر اسلام (مسجد بی بی جی صاحبہ) بریلی میں پڑھاتے رہے۔1945ء میں مفتی اعجاز ولی خان مدرسہ  منہاج العلوم پانی پت متصل مزار مولانا سید غوث علی شاہ پانی پتی قدس سرہٗ تشریف لےگے، اور ایک سال فرائض تدریس انجام دینے کے بعد دار العلوم منظر اسلام  بریلی میں چلے آئے۔
تقسیم ملک کے بعد 20/دسمبر 1947ء کو پاکستان جاکر جامعہ محمدی شریف جھنگ میں 1951ء تک شیخ الحدیث رہے۔ بعد ازاں کچھ عرصہ دارالعلوم اہلِ سنت و جماعت جہلم میں رہے، جون 1954ء میں شیخ الحدیث والفقہ کی حیثیت میں جامعہ نعیمیہ لاہور تشریف لے گئے اور تقریباً چھ سال تک بحسن و خوبی کام کیا۔ مفتی محمد اعجاز ولی خان 1960ء میں جامعہ نعمانیہ لاہور میں شیخ الحدیث مقرر ہوئے، 1973ء میں جامعہ نعمانیہ لاہور کی جانب سے جمعیۃ علماءِ پاکستان سے وابستگی پر اعتراض کیا گیا تو مفتی اعجاز ولی خان نے استعفیٰ دے دیا، اور جامعہ نظامیہ لاہور میں شیخ الحدیث مقرر ہوگئے، افسوس کہ مفتی محمد اعجاز ولی خان رضوی جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور میں صرف دو دن تشریف لائے گزرے تھے کہ  مرض وفات لاحق ہوگیا، اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور کے طلبہ آپ سے مستفیض نہ ہو سکے۔

علم و فضل: مفتی محمد اعجاز ولی خان حسنِ اخلاق، ایثار و قربانی، حق گوئی، صاف دلی، بےنفسی، علم پروری، قوتِ حافظہ، مسائل فقہیہ کے استحضار، صلابت رائے اور تاریخ گوئی میں اپنی مثال آپ تھے۔ بےشمار علماءِ کرام نے مفتی محمد اعجاز ولی خاں رحمۃ اللّٰه علیہ سے اکتسابِ فیض کیا۔

تصانیف:
۱۔ قانون میراث۔
۲۔ تسہیل الواضح خلاصہ النحو الواضح۔
۳۔ تنویر القرآن (تفسیر قرآن برحاشیہ کنز الایمان)
۴۔ ترجمہ مکتوبات شیخ عبدالحق محدث دہلوی قدس سرہٗ۔
۵۔ ترجمہ  کشف الاسرار۔
مختلف کتب پر مقدمہ اور بے شمار فتاویٰ ہیں۔

تاریخِ وصال: آپ کا وصال پر ملال 24/شوال المکرم 1393ھ مطابق 20/ نومبر 1973ء برز منگل ہوا۔ نماز جنازہ مفتی  اعظم پاکستان حضرت  مولانا سید ابو البرکات رضوی نے پڑھائی، میانی صاحب بہاول پور روڈ لاہور میں مولانا غلام محمد ترنم قدس سرہٗ کے سرہانے آخری آرام گاہ بنی۔
ماخذ و مراجع: تذکرہ اکابر اہل سنت۔ مفتیِ اعظم اور ان کے خلفاء۔

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے