-----------------------------------------------------------
🕯️حضرت شیخ مادھو لال حسین لاہوری رحمۃ اللّٰه علیہ🕯️
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
نام و نسب: آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کا نام شیخ حسین ہے، لیکن آپ مادھو لال کے نام سے مشہور ہوئے۔ آپ کے والد کا نام کلسن رائے تھا، انہوں نے سلطان فیروز شاہ کے عہد میں اسلام قبول کیا اور ان کا نام شیخ عثمان رکھا گیا۔
ولادت: آپ 945ھ میں لاہور میں پیدا ہوئے۔
تحصیلِ علم:جب آپ سات سال کے ہوئے مکتب میں بھیجے گئے، حافظ ابوبکر سے چھ پارے حفظ کئے،آپ نے شیخ سعداللہ سے تفسیر مدارک کا کچھ حصہ پڑھا، آپ تعلیم زیادہ دن جاری نہ رکھ سکے کیونکہ ایک ولیِ کامل کی نگاہ سے آپ علومِ ظاہری و باطنی سے سرفراز ہوئے۔
بیعت و خلافت: حضرت شیخ بہلول نے آپ کو مرید کیا اور خرقہ خلافت سے سرفراز فرمایا۔
سیرت و خصا ئص: آپ بڑے صاحب عشق و محبّت اور واقفِ ذوق و شوق تھے۔ آپ علیہ الرحمہ نے چھتیس سال عبادت، ریاضت اور مجاہدے میں گزارے۔ روزانہ ایک کلامِ پاک ختم کرنا آپ کا معمول تھا۔ حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر نہایت پابندی سے حاضر ہوتے۔ رات تلاوت کلامِ پاک اورعبادت میں گزارتے، دریا کے کنارے اور حضرت گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پَرسکون، یک سوئی پاتے، صبح کی نماز سے فارغ ہوکر مکتب میں تفسیر کا درس لینے جاتے، وہاں عصرتک رہتے، عصر کی نماز کے بعد ذکر و فکر میں مشغول ہوتے، مغرب کی نماز ادا کرکے عشاء کی نماز تک نفل پڑھتے، بیماری کی حالت میں آپ کے معمولات میں فرق نہیں آتا تھا۔ آپ نے بارہ برس تک نہایت پابندی سے حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی، آخر اس حاضری کا صلہ آپ کو مل ہی گیا، ایک دن آپ حسبِ معمول مزار مبارک پر حاضر تھے کہ نورانی صورت نمودار ہوئی اور آپ سے فرمایا تم جانتے ہو، میں کون ہوں؟پھر خود ہی بتایا کہ۔ "میں علی ہجویری ہوں"۔ آپ کےحال پر نہایت لطف و کرم فرمایا، آپ کو نعمتِ باطنی سےمالا مال کر دیا، آپ کو ولایت عطا فرمائی اور شرابِ وحدت سے مدہوش و سرشار کیا اور فرمایا کہ: "یہ اس خدمت کا صلہ ہے، جو تم نے بارہ سال کی ہے"۔
وصال: آپ کا وصال 22 ذو الحجہ 1008 ھ بمطابق جولائی 1600ء میں ہوا۔ آپ کا مزار لاہور میں واقع ہے جو مرجعِ خلائق ہے۔
ماخذ و مراجع: تذکرہ اولیائے پاک و ہند، تذکرہ اولیائے لاہور۔
https://t.me/Faizan_E_DarulUloom_Amjadia_Ngp
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں