-----------------------------------------------------------
*📚قالین ناپاک ہو جائے تو کیسے پاک کیا جائے؟📚*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
علمائے کرام کی بارگاہ میں عرض ہے کہ مسجد کی قالین پر بچے نے پیشاب کیا تو اس کو صاف کرنے کا طریقہ کیا ہے ضرورت ہے اگر جلد جواب مل گیا تو بہت مہربانی ہوگی
*سائل: طاہر حسین چشتی آف پاکستان۔*
ـــــــــــــــــــــ❣♻❣ــــــــــــــــــــــ
*وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ*
*الجواب بعون الملک الوھاب :*
سب سے پہلی بات یہ کہ مسجد میں ایسے بچوں کو لے کر جانا جائز ہی نہیں جو مسجد کو آلودہ کریں۔۔۔
حدیث شریف میں ہے رسولﷲ صلیﷲ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں: *" جنبوامساجد کم صبیانکم ومجانینکم ورفع اصواتکم ؎۔ رواہ ابن ماجۃ عن واثلۃ بن الاسقع وعبدالرزاق فی مصنفہ بسند امثل منہ عن معاذ بن جبل رضیﷲ عنہما۔*
اپنی مسجدوں کو بچوں اور مجنونوں اور آوازیں بلند کرنے سے محفوظ رکھو۔ (اس کو ابن ماجہ نے بروایت واثلہ بن اسقع رضیﷲ تعالٰی عنہ اور اس سے زیادہ بہتر سند کے ساتھ امام عبدالرزاق نے اپنی مصنف میں بروایت حضرت معاذ بن جبل رضیﷲ تعالٰی عنہما سے روایت کیا۔
اگر نجاست کا ظن غالب ہوتو انہیں مسجد میں آنے دینا حرام اور حالت محتمل ومشکوک ہوتو مکروہ۔
*(📓اشباہ مع الغمز صفحہ ۳۸۰ودرمختار اواخر مکروہات الصلوٰۃ )*
*" یحرم ادخال صبیان ومجانین حیث غلب تنجیسھم والافیکرہ "*
اگر بچوں اور پاگلوں کے مسجد کو نجس کرنے کا گمان غالب ہوتو انہیں مسجد میں داخل کرنا حرام ورنہ مکروہ ہے۔
*(📔فتاوی رضویہ شریف ج۱۶ ص۴۵۸)*
صورت مسئولہ میں قالین کو تین بار دھو کر سوکھائے اور ہر بار پانی ٹپکنا بند ہو جانا چاہئے۔ یا بہتے پانی میں اتنے دیر دھوئے کہ غالب گمان ہو جائے کہ نجاست دور ہو گئی ہوگی تو پاک ہو جائے گا۔
بہار شریعت جلد ۱ ح۲ طہارت کے بیان میں ہے: چیز نچوڑنے کے قابل نہیں ہے (جیسے چٹائی، برتن، جُوتا وغیرہ) اس کو دھو کر چھوڑ دیں کہ پانی ٹپکنا موقوف ہو جائے، یوہیں دو مرتبہ اَور دھوئیں تیسری مرتبہ جب پانی ٹپکنا بند ہو گیا وہ چیز پاک ہو گئی اسے ہر مرتبہ کے بعدسُوکھانا ضروری نہیں ۔ یوہیں جو کپڑا اپنی نازکی کے سبب نچوڑنے کے قابل نہیں اسے بھی یوہیں پاک کیا جائے۔ اگر ایسی چیز ہو کہ اس میں نَجاست جذب نہ ہو ئی ،جیسے چینی کے برتن،یا مٹی کا پرانا استعمالی چکنا برتن یالوہے، تانبے، پیتل وغیرہ دھاتوں کی چیزیں تو اسے فقط تین بار دھو لینا کافی ہے، اس کی بھی ضرورت نہیں کہ اسے اتنی دیر تک چھوڑدیں کہ پانی ٹپکنا موقوف ہو جائے
*واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب*
ـــــــــــــــــــــ❣♻❣ــــــــــــــــــــــ
*✍🏻کتبــــــــــــــــــــــه:*
*محمد اشفاق عطاری صاحب قبلہ مدظلہ العالی والنورانی نیپال۔*
*✅الجواب صحیح والمجیب نجیح : مفتی الفاظ قریشی نجمی صاحب قبلہ کرناٹکا۔*
ـــــــــــــــــــــ❣♻❣ــــــــــــــــــــــ
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں