نیا سال ونیا مہینہ اور پرانا دین ومذہب
آج ماہ محرم الحرام 1444 کی پہلی شب ہے۔نیا سال اور نیا مہینہ امت مسلمہ کو مبارک ہو۔ہاں,نیا دین ومذہب مت اپناؤ۔قدیم مذہب ومسلک اور قدیم افکار ونظریات پر مستحکم رہو۔
بریلی کے عالم اہل سنت کا اتباع کرو۔وہ آج سے قریبا پونے دو سو سال پہلے 1272 مطابق 1856 میں بریلی شریف میں جلوہ گر ہوئے۔انتہائی ذہین اور اعلی درجہ کے عبقری انسان تھے۔ان کے والد ماجد بھی بڑے عالم دین تھے,بلکہ اپنے عہد میں امام العلما تھے۔
عالم موصوف نے اپنے والد ماجد سے درس نظامی کی تکمیل کی۔بعض علوم دیگر اساتذۂ کرام سے بھی حاصل کیا اور نو عمری میں ہی فارغ التحصیل ہو گئے۔
وہ انتہائی دانش مند اور عقل مند تھے۔انہوں نے اپنی عقل خدا داد کا صحیح استعمال کیا اور دربار اعظم سے منسلک ہو گئے۔کچھ علوم وفنون پڑھ کر حاصل کیا تھا,لیکن ان کے کسبی علوم وفنون کی مقدار بہت زیادہ نہیں۔انہیں دربار اعظم سے علوم وفنون کا وافر حصہ عطا ہوا,پس ان کے عطائی علوم ان کے کسبی علوم پر غالب ہیں۔
انہوں نے بلعم باعور کی طرح بے وفائی نہیں کی,بلکہ تا حیات دربار اعظم سے وفاداری نبھاتے رہے,تا آں کہ 1340 مطابق 1921 میں ان کا وصال ہو گیا۔
وہ علوم ومعارف کا ایسا قیمتی ورثہ مسلمانوں کو عطا فرما گئے کہ ان شاء اللہ تعالی صدیوں تک ان کے علمی ذخیرے سے دین وشریعت کے مسائل حل ہوتے رہیں گے۔
بر صغیر کے مسلمانان اہل سنت ان کو اپنا قائد وامام مانتے ہیں اور یقینا وہ قیادت وامامت کے منصب بلند پر جلوہ افروز ہیں۔انہیں کی پیروی کرو,راہ حق پر رہو گے۔وہ دربار اعظم کے وفادار ومخلص غلاموں میں سے ہیں,لہذا وہی قیادت وسرداری کے مستحق ہیں۔قوم مسلم بھی موقع بہ موقع نعرہ لگاتی رہتی ہے:
نبی کا جو غلام ہے,ہمارا وہ امام ہے۔
طارق انور مصباحی
جاری کردہ:شب اول محرم الحرام 1444
مطابق 31:جولائی 2022
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں