معین الدین حسن سَنجری یا سِجزی

*📚 معین الدین حسن سَنجری یا سِجزی؟ 📚*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
✍🏻 ہندستان کے مشہور صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمہ اللہ کا نامِ پاک حسن ہے ، اورعوام وخواص آپ کو " حسن سنجری " کہتے ، لکھتے ہیں -

آپ کو سنجری کہنا ، لکھنا درست نہیں ؛ اصل لفظ سجز ( سِ جْ ز ) ہے ، جس کے ساتھ یاے نسبتی لگانے سے سِجزی بنا -

اِس کی وجہ یہ ہے کہ آپ رحمہ اللہ کا تعلق علاقہ " سجز " سے تھا ، جو کہ سجستان کامخفف اور سیستان کا معرب ہے -
(دیکھیے: مناقب الحبیب مترجم ، حاجی خواجہ نجم الدین ، م 1287 ھ ، ص 51 ، دارالاسلام لاہور )

{ ایک بات یاد رہے کہ:
 مناقب الحبیب کا کچھ ماہ پہلے دارالاسلام سے ترجمہ چھپا ہے ، جس میں لفظ سجز کو کاتب نے سنجر کر دیا ہے ، جوکہ غلط ہے ؛ حضرتِ مصنف قدس سرہ نے باقاعدہ اس کا تلفظ اِن الفاظ میں لکھا ہے : سین مہملہ کی کسرہ ، جیم کے سکون اور رائے معجمہ - ( ص 51 ) 
 مصنف نے راے معجمہ ، نقطے والے ز کو کہا ہے جسے کاتب ر سمجھتا رہا }
 
اِس علاقے سے منسوب کو " سنجری " کہنا بالکل غلط ہے ، درست سجزی ہے -

حافظ ابوبکر حازمی کہتے ہیں :
سجز ، سجستان کانام ہے ، جس سے منسوب سجزی کہلاتا ہے - 
( انظر: تھذیب الاسماء واللغات ، امام نووی ، فصل فی اسماءالمواضع ، ج 3 ، ص 159 ، دارالکتب العلمیہ بیروت ) 

ثقہ مورخ علامہ یاقوت حموی م 626 ھ ، کہتے ہیں :
سجز کے سین پر زیر ، جیم ساکن اور آخر میں ز ہے...........اس سے منسوب سجزی کہلاتاہے -
( معجم البلدان ، ج 3 ، ص 189 ، دارصادر بیروت )

لہٰذا آپ کا نام پاک ہوا :

 خواجہ معین الدین حسن سِجْزِی نوراللہ مرقدہ

*📚 خواجہ عثمان ہارونی یا ہرونی؟ 📚*

 حضور خواجہ غریب نواز معین الدین اجمیری کے مرشد گرامی ، خواجہ عثمان رحمہ اللہ کے متعلق فیض ملت مفتی فیض احمد اویسی قدس سرہ کہتے ہیں:

حضرت عثمان ہرونی ملک خراسان کے قصبہ ہرون میں پیداہوئے..........ہرونی کو لوگ ہارونی کہتے ہیں جوبالکل غلط ہے -

( حاشیہ: اخبارالاخیارمترجم ، طبقہ اول ، ص 86 ، زاویہ پبلشرز لاہور )

*تحقیق وتحریر ✍🏻 لقمان شاہد*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے