دربارِ خواجہ غریب نواز میں اعلٰی حضرت کی حاضری
مولانا سید حسین علی چشتی اجمیری علیہ الرحمۃ (وکیلِ جاورہ اجمیر شریف) خادمِ دربارِ سلطان الہند خواجہ غریب نواز اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری علیہ الرحمہ کی اجمیر شریف حاضری کا مشاہدہ ان الفاظ میں بیان کرتے ہیں:
"مجدد دین و ملت اعلٰی حضرت فاضل ہندوستان مولانا امام احمد رضا خاں صاحب قدس سرہٗ العزیز [وصال۱۳۴۰ھ/۱۹۲۱ء] بھی دو بار دربارِ خواجہ غریب نواز میں حاضر ہوئے ہیں۔ دوسری حاضری اعلٰی حضرت قدس سرہٗ کی خاص طور پر قابل ذِکر ہے۔آپ ۱۳۲۵ھ میں حج و زیارت کی سعادت حاصل کر کے جب ساحلِ ہندوستان پر اُترے تو آپ کے فدائی مختلف بلاد وامصار سے آپ کولینے بمبئی پہنچ گئے تھے۔ علاوہ وطن کے اور بھی کئی جگہ سے تار دیے گئے کہ آپ ہمارے وطن کو اپنے قدومِ والا سے منور فرما دیں۔آپ نے کسی کی نہ سُنی، آپ سیدھے خواجہ غریب نواز کے آستانہ پر حاضر ہوئے؛ اور خواجۂ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی درباری حاضری کے بعد آپ نے ان کے شاہزادے حضرت خواجۂ ہند کے دربار میں حاضری دی۔ یہ حاضری ایسی عقیدت و محبت کی حامل تھی کہ ہم خدامِ آستانہ اور تمام مسلمانانِ اجمیر کے دلوں پر نقش ہوگئی۔ آج تک ہم خدام میں اس حاضری کے چرچے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ جب اعلٰی حضرت فاضل ہندوستان کا صفر ۱۳۴۰ھ میں وصال ہوا، اورآستانہ پر ان کے وصال کی خبر پہنچی تو…اجمیر شریف کے سارے مسلمانوں نے کافی تعداد میں جمع ہو کر قرآن اور کلمۂ طیبہ سے ایصالِ ثواب کیا۔ اور اس کے بعد علما مقررین نے ان کے زرّین کارنامے حاضرین کے سامنے پیش کیے۔ اور دُنیائے اجمیر کو یہ بتایا کہ اعلٰی حضرت قدس سرہٗ کی علمی فوقیت کو آج دُنیائے اسلام مانتی ہے۔ علماے عرب و عجم ان کو اس صدی کا مجدد اور تمام علوم و فنون کا ماہر اور یگانۂ روزگار مانے ہوئے ہیں۔ ان کا شعبۂ حیات اتباعِ سنت کی وجہ سے اسلامی زندگی کا ایک بہترین نمونہ ہے۔ اور ان کے مذہبی رسائل اور کتابیں عقائد و اعمال کا -قولِ فیصل- اور- شریعتِ مطہرہ کا اس دور میں آخری فتویٰ ہیں- غرض کہ اس موقع پر مسلمانانِ اجمیر اور دیگر زائرین نے بڑی عقیدت مندی کا اظہار کیا ۔جو ایک زمانہ تک یادگار رہے گا۔"
[دربارِ چشت،مطبوعہ نوری مشن مالیگاؤں ۲۰۱۵ء، ص۳۳ ]
ترسیل: نوری مشن مالیگاؤں
***
https://m.facebook.com/story.php?story_fbid=pfbid02UhFJ9aNGefV6f8E5qfc9oci4yqqs48wBXYpr4QXXpCkiBGPQ53kgrRVY4JuBGgMMl&id=100064081901491&mibextid=Nif5oz
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں