Header Ads

وادیِ عریش... وادیِ اقصٰی

وادیِ عریش... وادیِ اقصٰی 

جاں نثارانِ بدر و اُحد پر درود
حق گزارانِ بیعت پہ لاکھوں سلام
(اعلیٰ حضرت) 

 وادیِ بدر کے ذرّے گواہ ہیں کہ کاروانِ حق و صداقت نے پڑاؤ ڈالا تھا...وادیِ عریش اب بھی مشک بار ہے... یقیں کی صبح طلوع ہوئی تھی... وہ نور پاک ﷺ ارضِ طیبہ سے ریگزارِ بدر میں جلوہ بار ہوا تھا جس سے کائنات کو روشنی ملی... جو کرن وادیِ بدر سے صداقتوں کا علَم لے کر نمودار ہوئی کونین پر چھا گئی... کُفر و شرک کے چراغ بُجھ گئے... قَلیل، کثیر پر غالب آئے... بُلبلِ سدرہ کی معیت میں ملائکہ صف دَر صف نازل ہوئے... ٣١٣ اصحابِ بدر سرخرو ہوئے....جہان روشن ہو گیا... ایک صدی بھی نہیں گزری تھی کہ دین حق کا پرچم کئی براعظموں پر لہرانے لگا... آج شرق و غرب میں نغماتِ توحید و رسالت کی جو گونج سُنائی دے رہی ہے، وہ غزوۂ بدر میں حق و صداقت کی فتح مبین کی صداے دل نواز کا انعطاف ہے... وادیاں عطر بیز ہیں... تاریکیوں کا سینہ چاک ہو رہا ہے:

فَاِنَّہٗ شَمْسُ فَضْلٍ ھُمْ کَوَاکِبُھَا
یُظْھِرْنَ اَنْوَارَھَا لِلنَّاسِ فِي الظُّلَمٖ
(امام بوصیری) 

 کیوں کہ حضورﷺ آفتابِ فضل و کمال ہیں.... اور انبیاے کرام ستارے ہیں جو اسی آفتاب کی روشنی انسانوں کو تاریکیوں میں دکھاتے رہے ہیں.... 
٭٭٭
  اسلام کے قصرِ رفیع کی بلندیاں دشمنوں پر گراں گزرتی ہیں... شمعِ حق بجھانے کو باطل ہر عہد میں سرگرم رہا ہے... یہود و نصارٰی نے سازشوں کی بساط بچھائی... شاہانِ نجد نے خوشنودیِ یہود میں سبقت حاصل کی... فلسطین کے علاقے یہودیوں کو سونپ دیے گئے... ترکوں کے انخلا کے بعد فلسطینی مسلمانوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا... ہر روز افتاد اور ظلم و ستم کا بازار گرم ہے.... غزہ کی گلیاں لہو لہو ہیں... خون مسلم لہو سے زیادہ سستا ہو چکا ہے... فلسطینیوں کا قتلِ عام جاری ہے... کوئی پُرسان حال نہیں... مسلم مملکتیں یہودی دہشت گردی میں برابر کی شریک ہیں... 
  غزوۂ بدر میں کُفر کو شکست دینے والے رب! اپنے محبوب ﷺ کے اُمتیوں پر رحم و کرم فرما... اہلِ غزہ کی قربانیوں کو قبول فرما... یہود کے ظلم کی شبِ دیجور دور فرما... صبحِ تابندہ نمودار فرما... اصحابِ بدر کے توسل! مولیٰ کریم! بشارتوں کی سحر عطا فرما؛ وادیِ اقصیٰ کے عقب سے انخلاءِ یہود کے لمحات عطا فرما.... صبحِ بدر کی روشنیاں اہلِ غزہ پر دراز ہوں.... کاروانِ حبِ رسول ﷺ بصد شوق وادیِ اقصٰی میں فروکش ہوں... تیرگی دور ہو... اے کاش!! ظالم نیست و نابود ہوں... ارضِ مقدس پر اہلِ ایماں شاد و آباد ہوں.... یارسول اللہ ﷺ! فریاد ہے:

ایک بار اور بھی طیبہ سے فلسطین میں آ
راستہ دیکھتی ہے مسجدِ اقصی تیراﷺ


غلام مصطفیٰ رضوی
نوری مشن مالیگاؤں
١٧ رمضان المبارک ١٤٤٥ھ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے