🌟امام رفاعی کے حکمت بھرے اقوال 🌟
آج ۲۲جمادی الاول یوم وصال امام رفاعی رضی اللہ عنہ ہے ۔اس موقع پر امام رفاعی رضی اللہ عنہ کے چند مبارک اقوال پیش خدمت ہے۔
جب تم میں سے کوئی شخص نیک چیز سیکھے تو اس کو لازم ہے کہ دوسرے لوگوں کو بھی سکھائے۔ *(📚شان رفاعی،دوم،ص۴۲)*
*شیخ کون؟*
شیخ وہ ہے جو اپنی نصیحت تیرے ذہن نشین کر دے…… شیخ وہ ہے جو تجھے قرآن و حدیث کے راستے پر لگائے اور نئی باتوں اور بدعتوں سے الگ کرے…… شیخ وہ ہے جس کا ظاہر و باطن شرع (شریعت کے مطابق) ہو۔ *(📚حکمت رفاعی،ص۴۰)*
شیخ و مرشد وہی ہے جو اپنے مرید کا نام بروں کے دفتر سے دور کر کے نیکوں کے دفتر میں لکھ دے۔ *(📚کبیرالاولیا رفاعی،ص۱۴۸)*
*ولی:*
تین چیزیں یعنی غرور، بے وقوفی اور کنجوسی ایسی ہیں کہ اگر کسی میں ہوں تو جب تک اس میں سے دور نہ ہو جائیں ولی نہیں ہو سکتا…… کسی شخص کو تو اگر ہوا میں اڑتے دیکھے تو بھی جب تک تو اس کے اقوال و افعال کو شرع کی ترازو میں نہ تول لے اس کا اعتبار نہ کر۔ *(📚حکمت رفاعی،ص۴۱۔۴۵)*
ولی وہ مرد ہے جو دل و جان سے نبی صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کا دامن پکڑے اور خدا سے راضی ہو۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۵۵)*
جب تک انسان کے دل سے تکبر و حماقت اور بخل کی صفتیں زائل نہ ہوں اس وقت تک وہ ولی نہیں بن سکتا۔ *(📚شان رفاعی،دوم،ص۴۶)*
اولیاء اﷲ وہ ہیں جو ایمان لائے اور جنھوں نے تقویٰ اختیار کیا، ولی وہ ہے جو اﷲ سے محبت رکھتا ہے، اس پر ایمان رکھتا ہے اور تقویٰ پر کاربند ہے پس جس کو اﷲ سے محبت ہے اس سے دشمنی نہ کرو۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۵۴)*
*خوف واخلاص:*
خدا کے ملک میں سب سے اچھا رفیق خوفِ خدا ہے، اور سب سے اچھی شوکت اخلاص ہے۔ *(📚حکمت رفاعی،ص۴۲)*
*وسیلہ اور درود:*
اگر تو خداوند جل و علا کی طرف دوڑتا اور اس کی درگاہ میں التجا کرتا ہے تو اس بارے میں حضرت حبیب خدا صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کو وسیلہ قرار دے اور جہاں تک ممکن ہو زیادہ تر درود و سلام کو وِرد زبان کر۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۹۵۔۹۶)*
پیغمبر صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم پر درود بھیجنا پُل صراط پر گزرنے کو آسان اور دعا کو قبول کرتا ہے۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۶۴)*
*آل و اصحاب کی محبت:*
آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے اہل بیت کی تعظیم کر…… حضور اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے تمام اصحاب کی محبت کو دل میں محفوظ رکھ اس لیے کہ وہ ھدایت کے چراغ اور رہ نمائی کے تارے ہیں۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۹۹)*
حضرت رفاعی قدس سرہٗ کے اس ارشاد کی ترجمانی امام احمد رضا محدث بریلوی نے بڑے خوب صورت انداز میں اس شعر میں کی ہے:
*اہل سنت کا ہے بیڑا پار اصحاب حضور*
*نجم ہیں اور ناؤ ہے عترت رسول اﷲ کی*
دوستو! اپنے دلوں کو حضور اکرم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی آلِ کرام کی محبت سے بھی روشن کرو، کیوں کہ یہ حضرات وجود کے چمکتے ہوئے انوار اور سعادت کے روشن آفتاب ہیں۔ *(📚شان رفاعی،دوم، ص۵۳)*
صحابۂ کرام سب کے سب ھدایت پر ہیں (رضی اﷲ تعالیٰ عنھم اجمعین) حضور آقا و مولا تاج دار انبیا صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ میرے اصحاب ستاروں کی مانند ہیں تم جس کی بھی پیروی کر لو گے ھدایت پا لو گے۔ (حوالۂ سابق)
*ضرورت مرشد:*
جو شخص بغیر مرشد کے راستے میں چلتا ہے ، الٹے پاؤں واپس آتا ہے، *(📚حکمت رفاعی،ص۴۶)*
*دوستی:*
دوست کی یہ علامت ہے کہ وہ خالص خدا کے لیے دوستی کرتا ہے، اگر ایسا کوئی رفیق مل جائے تو اس سے رسم و راہ پیدا کراس لیے کہ سچے دوست نہیں ملتے ہیں۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۵۱)*
دوست وہ ہے جو صرف خدا کے لیے دوست ہو۔ *(📚شان رفاعی،دوم،ص۴۷)*
*قناعت:*
بصیرت اور دل کی صفائی اور آنکھوں کے نور کی رسائی کم کھانے اور کم پینے سے حاصل ہوتی ہے، اس لیے کہ بھوک خود بینی، کبر اور غرور کو مٹا تی ہے اور اس کے ذریعے سے نفس کو یہ تکلیف دی جاتی ہے کہ حق کی طرف رجوع کرے، در اصل بھوک سے بہتر کوئی نفس کو توڑنے والی چیز میں نے نہیں دیکھی۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۶۳)*
اگر تو خداے کریم کی رضا پر راضی رہے گا تو تمام مصیبتوں سے بے خوف ہو جائے گا۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۴۵)*
*فقر:*
فقیر ہونے کی شرائط میں سے ہے کہ لوگوں کے عیوب پر اس کی نظر نہ ہو بلکہ ان کے عیوب دور کرنے کی طرف۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۴۳)*
*عزت:*
جسے خدا عزت دے وہ ہر جگہ باعزت رہتا ہے اور جسے بندے عزت دیں ضروری نہیں کہ وہ ہر جگہ باعزت ہو۔ *(📚حوالۂ سابق،ص۴۶)*
*وقت اور قلب:*
اپنے قلوب اور اوقات کی نگہ داشت کرو کیوں کہ تمام چیزوں سے زیادہ قیمتی یہی دو چیزیں ہیں: وقت اور قلب…… اگر تم نے وقت کو فضول ضایع کیا اور دل کی جمعیت کو برباد کر دیا تو تم فوائد سے محروم رہ گئے، اور قلب کا برباد کرنا یہ ہے کہ انسان گناہ اور غفلت میں مبتلا ہو جائے، اﷲ کی یاد اور اطاعت وعبادت سے کسی وقت خالی ہو جائے۔ *(حوالۂ سابق، ص۵۹)*
طالب فیضان رفاعی
محمد لقمان ابن معین الدین سمناکےشافعی
📲9422800951
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں