‎فضائل رمضان اور روزہ

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته.

  فضائل رمضان اور روزہ 
  
رمضان المبارک اپنی تمام تر فیوض وبرکات کے ساتھ جلوہ فگن ہے۔ یہ مہینہ بہت ہی بابرکت، عظمت، رفعت اور مغفرت کامہینہ ہے ۔ اس مہینے کی عظمت ورفعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس ماہ مبارک کے پہلے عشرے کو "رحمت" دوسرے عشرے کو" مغفرت" اور تیسرے عشرے کو "نجات" قرارا دیا گیا ہے ، نیز اس ماہ مبارک کے ورود مسعود پر رحمت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین زنجیروں میں جکڑ دیے جاتے ہیں۔اسی مہینے میں ایک ایسی رات آتی ہے جو ہزارمہینوں سے بہتر ہے،یہی وہ مہینہ ہے جس میں انسانوں کی رشد وہدایت کےلیے دنیا کی سب سے عظیم ترین کتاب قرآن مقدس نازل فرماگیا اور اسی ماہ مبارک کے پورے روزے امت محمدیہ پر فرض کیے گئے۔
اس مبارک مہینے کے صیام وقیام پر چند احادیث کریمہ ملاحظہ فرمائیں۔
(١) حضرت انس رضی الله تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول کائنات صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا" یہ مہینہ آیا، اس میں ایک رات ایک ہزار مہینوں سے بہتر ہے،جو اس سے محروم رہاوہ ہرچیز سے محروم رہا اور اس کی خیر سے وہی محروم ہوگا جو پورا محروم ہے" ( سنن ابن ماجہ ج۲ ص ۲۹۸ )
(٢) حضرت ابن عباس فرماتے ہیں کہ رسول کائنات صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا" جب رمضان کا مہینہ آتا رسول اللّٰه صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سب قیدیوں کو رہا فرمادیتے اور ہر سائل کو عطا فرماتے" (شعب الایمان ج ۳ ص ۳۱۱ )
(٣) حضرت سہل بن سعد فرماتے ہیں کہ رسول کائنات صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا" جنت میں آٹھ دروازے ہیں ، ان میں ایک دروازے کا نام ریان ہے، اس دروازے سے وہی جائیں گے جو روزے رکھتے ہیں" (صحیح بخاری ج ۲ ص ۳۹٤ )
(٤) حضرت ابو ہریرہ رضی الله تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا" جو ایمان کی وجہ سے اور ثواب کےلیے رمضان کا روزہ رکھےگا، اس کے اگلے گناہ بخش دیے جائیں گے اور جو ایمان کی وجہ سے اور ثواب کےلیے رمضان کی راتوں میں قیام کرےگا، اس کے اگلے گناہ بخش دیے جائیں گے اور جو ایمان کی وجہ سے اور ثواب کےلیے شب قدر کا قیام کرے گا، اس اگلے گناہ بخش دیے جائیں گے" (صحیح بخاری ج ۱ص ٦٥٨) 
(٥) حضرت ابو مسعود غفاری رضی الله تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول کائنات صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا" اگر بندوں کو معلوم ہوتا کہ رمضان کیا چیز ہے تو میری امت تمنا کرتی کو پورا سال رمضان ہی ہو" (صحیح ابن خزیمہ ج ۳ ص ١٩٠) 
(٦) حضرت ابو ہریرہ رضی الله تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول کائنات صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا" ہر شے کےلیے زکاۃ ہے اور بدن کی زکاۃ روزہ ہے اور روزہ نصف صبر ہے"(سنن ابن ماجہ ج ۲ ص ٣٤٦) 

غرض کہ رمضان المبارک فضائل اور روزے کی اہمیت افادیت پر بے شمار احادیث کریمہ کتب حدیث میں موجود ہیں۔ 
بس ضرورت اس بات کی ہے کہ رب کائنات نے ہمیں رمضان المبارک کے اس عظیم تحفے سے نوازا ہے ، ہمیں مکمل طور پر فیوض وبرکات سے مالا مال ہونے کی سعادت حاصل کرنی چاہیے۔ 

اس ماہ مبارک میں خاص طور پر یہ دعائیں اٹھتے، بیٹھتے، سوتے ، جاگتے ضرور پڑھتے رہیں
(١) پہلے عشرے یعنی ایک رمضان سے دس رمضان تک یہ دعا پڑھیں کسی بھی وقت۔
رب اغفر وارحم وانت خیراالراحمین ۔
(٢) دوسرے عشرے یعنی گیارہ رمضان سے بیس رمضان تک یہ دعا پڑھیں۔
استغفرالله ربی من کل ذنب واتوب الیہ
(٣) تیسرے عشرے یعنی اکیس سے تیس تک یہ دعا پڑھیں۔
اللھم انک عفوا تحب العفو فاعف عنا

افطار بھی اپنے آپ میں بہت بڑی اہمیت کی حامل ہے، حدیث میں آیا ہے کہ اس وقت کی دعا باب اجابت سے ٹکراتی ہے ، تو ہم سب مسلمانوں کو چاہیے کہ ایک دوسرے کے خیروعافیت ، صحت وتندرستی اور جملہ مقاصد حسنہ کےلیے دعا فرمائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جاری 
طالب دعا
محمد نوید سرور قادری مصباحی گیاوی دوبھل ، امام گنج، گیا بہار۔ رابطہ نمبر 7781075063

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے