امام ابو محمد عبد اللّٰه دارمی رحمۃ اللّٰه تعالیٰ علیہ

*📚 « مختصــر ســوانح حیــات » 📚*
-----------------------------------------------------------
*🕯امام ابو محمد عبد اللّٰه دارمی رحمۃ اللّٰه تعالیٰ علیہ🕯*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

*نام و نسب:* 
*اسم گرامی:* عبداللّٰه۔
*کنیت:* ابو محمد۔
*سلسلۂ نسب یہ ہے:* عبد اللہ بن عبد الرحمٰن بن فضل بن بہرام بن عبد الصمد۔ رحمۃ اللّٰه علیہم اجمعین

*تاریخ و مقامِ ولادت:* 181ھ میں خراسان کے مشہور شہر سمرقند میں پیدا ہوئے۔ قبیلہ تمیم کی ایک شاخ دارم سے نسبی تعلق تھا، اس کی نسبت سے سمرقندی، تمیمی اور دارمی کہلائے۔

*سیرت و خصائص:* قدوۃ العلماء امام المحدثین امام ابو محمد عبداللّٰه دارمی رحمۃ اللّٰه علیہ۔
علم و عمل دونوں کے جامع تھے اور زہدو تقویٰ کے لحاظ سے بھی ان کا مرتبہ بہت بلند تھا۔ ان کو اطاعت و عبادتِ الٰہی میں بڑا انہماک تھا۔ 

*عبد اللہ بن نمیر فرماتے ہیں کہ:* وہ ورع اور تقویٰ کے اعتبار سے ہم سب پر فوقیت رکھتے تھے۔ 
*خطیب بغدادی لکھتے ہیں کہ:* وہ زہد و اتقاء سے متصف تھے۔ 
*ابو منصور شیرازی کا بیان ہے کہ:* ان کی ذات زہد و تقویٰ اور دیانت و عبادت کے لئے ضرب المثل تھی۔ 
*عثمان بن ابی شیبہ فرماتے ہیں کہ:* لوگوں نے ان کی عصمت اور پاکیزگئ ِ نفس کے متعلق جو کچھ بیان کیا ہے وہ اس سے زیادہ عظیم و برتر تھے۔

*طلبِ حدیث کے لئے سفر:* امام دارمی نے اس زمانہ کے دستور کے مطابق حدیث کی طلب و تکمیل کے لئے شام، بغداد، مصر، عراق، خراسان اور مکہ و مدینہ کا سفر کیا۔ خطیب اور دوسرے مؤرخین نے ان کے سفر و رحلت کی کثرت کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ ان لوگوں میں سے ایک تھے جو حدیث کے لئے بہت زیادہ سفر کیا کرتے تھے۔ بعض علمائے رجال نے لکھا ہے کہ طلبِ حدیث کے لئے سفر کیا اور ملکوں کی خاک چھانی۔

*حفظ و ضبط:* قدرت نے ان کو حفظ و ضبط کا غیر معمولی ملکہ عطا فرمایا تھا۔ ائمہ فن نے بھی اس کا اعتراف کیا ہے۔
چناچہ عبد اللہ بن نمیر جیسے بلند پایا محدث کا بیان ہے کہ دارمی حافظہ کے لحاظ سے ہم پر فوقیت رکھتے تھے۔ 
رجاء بن جابر مرجی کا بیان ہے کہ میں نے احمد بن حنبل، اسحاق بن راہویہ، علی بن مدینی اور شاذکونی وغیرہ ائمہ حدیث میں سے کسی کو عبداللّٰه سے بڑا حافظ نہیں پایا۔ 
عثمان بن ابی شیبہ فرماتے ہیں کہ ان کے حفظ وضبط کے متعلق جو کچھ بیان کیا جاتا ہےوہ اس سے کہیں زیادہ فائق تھے۔

*فقہ و تفسیر:* امام دارمی کو دوسرے اسلامی فنون میں بھی دستگاہ حاصل تھی۔ فقہ و تفسیر سے ان کی مناسبت اور تعلق کا اکثر علمائے رجال نے ذکر کیا۔ 
حافظ ابنِ حجر رحمۃ اللہ علیہ ان کو باکمال مفسر اور صاحبِ علم فقیہ قرار دیتے ہیں۔ ان فنون میں انہوں نے کتابیں بھی لکھی تھیں۔ اور فقہ میں ان کی مجتہدانہ کمالات کا ثبوت ان کی سنن سے بھی ملتا ہے۔

*فضل و امامت:* ان گوناگوں کمالات نے ان کی ذات کو مرجعِ خلائق بنایا دیا تھا اور وہ ائمہ مسلمین میں شمار کئے جاتے ہیں۔ معاصرین علماء نے بھی ان کی اس حیثیت کو تسلیم کیا ہے۔ امام احمد ان کو امام وسید کے لقب سے موسوم کرتے تھے، ابو سعید اشبح کا بیان ہےکہ وہ ہمارے امام ہیں، ابو حاتم فرماتے ہیں کہ دارمی اہنے زمانے کے ائمہ میں تھے۔

*وفات:* مشہور روایت کے متعلق تقریباً پچھتر سال کی عمر میں اپنے وطن سمرقند میں انہوں نے8 ذی الحجہ 255 ھ/بمطابق 16 نومبر 867ء بعد نمازِ عصر انتقال فرمایا۔

*ماخذ و مراجع:* تذکرۃ المحدثین۔

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ محــمد یـوسـف رضــا رضــوی امجــدی 📱919604397443*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے