راہِ عِشقَ میں دور و نزدیک کا مرحلہ نہیں

راہِ عِشقَ میں دور و نزدیک کا مرحلہ نہیں
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

 حضور سَیِّدِ عالم صلی اللّٰہُ تعالٰی علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے "تم جہاں بھی ہو مجھ پر درود بھیجو کہ تمہارا درود مجھے پہنچتا ہے" اس حدیث کی دل افروز شرح کرتے ہوئے
برکۃ الرسول فی الہند شیخ محقق شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمہ اللہ" ارشاد فرماتے ہیں۔ 

"راہِ عشق میں دور و نزدیک کا مرحلہ نہیں۔ میں تجھے بالکل عیاں و ظاہر دیکھتا ہوں اور دعاؤں کے تحفے بھیجتا ہوں۔ 
یہاں بعض مُشتَاقانِ جناب کے لیے تسلی و بشارت ہے کہ اگر وہ مجبوری کی وجہ سے قُربِ صُوری سے محروم ہیں تو انہیں چاہئے کہ حضور نبی کریم رؤفٌ رَّحیم صلی اللّٰہُ تعالٰی علیہ وَآلِہٖ وسلم کی طرف توجہ اور حضورِ قلبی (دِلّی تَوََجُّہ) سے غافل نہ ہوں اور اپنے آپ کو حضور پُر نور صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ وَآلِہٖ وسلم کے صحن سے دور خیال نہ کریں کہ وہ صلاۃ و سلام (درود شریف) کے وسیلے اور بارگاہِ رسالت میں اس (صلاۃ و سلام) کے پہنچنے کے تعلق سے آپ صلی اللّٰہُ تعالٰی علیہ آلہ وسلم کے قریب ہی ہیں۔ 

جب روحانی قرب نصیب ہے تو جسمانی قرب نہ ہونا آسان چیز ہے۔ "
*[اشعۃ اللمعات،ج، 2،ص، 273،مترجم]*

کوشش فرما کر جب بھی درود شریف پڑھیں با وضو ہو کر دو زانو بیٹھ کر یہ تصور باندھتے ہوئے درود شریف پڑھیں کہ آپ سرکار اَبدِ قرار علیہ الصلاۃ والسلام کی بارگاہ میں حاضر ہیں اور حضور سید عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وَآلِہٖ وسلم آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو ملاحظہ فرما رہے ہیں۔
اس طرح اگرچہ آپ مقدار کے اعتبار سے کم درود پڑھیں گے لیکن اس درود کی جو برکات نصیب ہوں گی وہ شاید غافل دل کے ساتھ کثرت سے درود پڑھ کر بھی نصیب نہیں ہوں گی۔
اے کاش ہمیں اپنے حبیب صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے تصوّرات میں گم رہنا نصیب ہو جائے۔

ایسا گُما دے اُن کی وِلا میں خدا ہمیں 
ڈُھونڈھا کرے پر اپنی خبر کو خبر نہ ہو

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
از ✍️ غــلام رضــا
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے