Header Ads

حجۃ الاسلام امام غزالی رحمۃ اللّٰه علیہ

*📚 « مختصــر ســوانح حیــات » 📚*
-----------------------------------------------------------
*🕯حجۃ الاسلام امام غزالی رحمۃ اللّٰه علیہ🕯*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

*نام و نسب:* 
*اسم گرامی:* محمد۔
*کنیت:* ابو حامد۔ 
*لقب:* حجۃ الاسلام۔ امام غزالی کے نام سے معروف ہیں۔
*سلسلۂ نسب اسطرح ہے:* حضرت حجۃ الاسلام امام محمد بن محمد بن احمد طوسی غزالی شافعی رحمہم اللہ تعالیٰ ہے۔
حضرت امام غزالی علیہ الرحمہ پانچویں صدی کے مجدد تھے۔

علامہ تاج الدین سُبکی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ: 
حضرت سیدنا امام غزالی علیہ الرحمہ کے والد ماجد بڑے نیک انسان تھے۔ فقہائے کرام سے انہیں بہت محبت تھی لہٰذا ان کی بڑی تعظیم و توقیر فرماتے اور حتی المقدور اُن پر خرچ کرتے، ان کی مجالس میں حاضر ہوتے اور وہاں خوفِ خدا سے تضرع و زاری کرتے اور اکثرَ اللہ جل شانہ سے دعا کرتے کہ باری تعالیٰ مجھے بیٹا عطا فرما اور اسے فقیہ بنا۔اللہ تعالیٰ نے ان کی دونوں دعائیں قبول فرمائیں۔ 
بزرگوں کا قول ہے کہ جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کا بیٹا عالمِ دین یا صالح بنے تو اس کو چاہئے کہ علماء کرام کی خدمت کرے۔
*(طبقات الشافعیۃ الکبری، ج۶، ص۱۹۴)*

*تاریخِ ولادت:* 450ھ، خراسان کے شہر طوس میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد ماجد دھاگے کی تجارت کرتے تھے۔ اس مناسبت سے آپ کا خاندان غزالی کہلاتا ہے۔ ان علاقوں میں نسبت کا یہی طریقہ مروج ہے، جیسے عطار کو عطاری اور قصار کو قصاری کہتے ہیں۔

*تحصیل ِعلم:* حضرت امام محمد غزالی علیہ الرحمہ نے ابتدائی تعلیم اپنے شہر میں حاصل کی اور فقہ کی کتابیں حضرت احمد بن محمد راذ کانی سے پڑھیں۔ پھر جرجان میں امام ابو نصر اسماعیلی کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ 473ھ نیشاپور میں امام الحرمین الجوینی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی بارگاہ میں زانوئے تلمذ تہ کیا اور ان سے اصولِ دین، اخلاقی مسائل، مناظرہ، منطق، حکمت اور فلسفہ، وغیرہ میں مہارتِ تامہ حاصل کی۔ 484ھ میں وزیر نظامُ الملک نے مدرسہ نظامیہ بغداد کے شیخ الجامعہ (وائس چانسلر) کا عہدہ آپ کو پیش کیا جسے آپ نے قبول فرمایا۔ آپ سے کثیر تعداد میں جید علماء کرام نے اکتساب فیض کیا۔

*بیعت و خلافت:* ابو علی فضل بن محمد بن علی فارمدی طوسی علیہم الرحمہ سے حاصل تھی۔ شیخ موصوف بہت عالی مرتبت ، فقہ شافعی کے زبردست عالم اور مذاہب سلف سے باخبر تھے اور حضرت سیدنا امام ابوالقاسم قشیری علیہ الرحمہ کے جلیل القدر شاگردوں میں سے ہیں۔

*سیرت و خصائص:* امام الجلیل، شیخ الکبیر، حجۃ الاسلام، حکیم الامۃ، کاشف الغمۃ، عارف باللہ، صاحبِ اسرار و معارف، امام الاولیاء، شیخ الاصفیاء، وارثِ علومِ مصطفیٰﷺ، صاحبِ علم و تقویٰ، حضرت ابوحامد محمد بن محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ۔
آپ علیہ الرحمہ اپنے وقت کے مجددِ اسلام ،حجۃ الاسلام، علومِ اسلامیہ کے بحرِ بےکنار، عظیم مصلح، مصنفِ کتبِ کثیرہ اور فلسفی ِ اسلام تھے۔ امام الحرمین امام جوینی علیہ الرحمہ کی شاگردی اختیار کی، اور بہت ہی قلیل عرصے میں علومِ دینیہ اور فلسفہ و منطق میں اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔یہاں تک کہ دنیائے اسلام کی نظروں کا مرکز بن گئے۔ علم کیساتھ زہد و تقویٰ ،عبادت و ریاضت اور اخلاقِ مصطفوی ﷺ کی دولت سے بھی قدرت نے وافر حصہ عطا فرمایا تھا۔
امام غزالی علیہ الرحمہ نے اپنے فکر انگیز نظریات کے سبب مسلم دنیا پر وہ گہرے نقوش چھوڑے ہیں جو آج بھی اسلامی فلسفہ وتصوف،علم و حکمت، تصوف و روحانیت ، معاشرتی اقدار اور اخلاقیات کی اصلاح کے لیے اساسی حیثیت رکھتے ہیں۔ علم و عمل کے بحار ذخار ہونے کے باوجود انتہائی سادہ زندگی بسر کرتے تھے۔ 
آپ کے شاگرد قاضی ابو بکر بن عربی علیہ الرحمہ فرماتےہیں:
 میں نےحضرت امام غزالی علیہ الرحمہ کو لوگوں کے درمیان اس حال میں پایا کہ آپ کے ہاتھ میں لاٹھی تھی، پیوند دار لباس زیب تن تھا اور کندھے سے پانی کا برتن لٹک رہا تھا اور میں دیکھا کرتا کہ بغداد میں آپ کے بحر علم سے مستفیض ہونے کے لیے بڑے بڑے جید علما و فضلاء آپ کی مجلس درس میں حاضر ہوتے جن کی تعداد چار سو تک پہنچ جاتی۔
*(مقدمہ مکاشفۃ القلوب)*

*بارگاہِ مصطفیٰﷺ میں مقام:* حضرت سیدنا علامہ اسماعیل حقی علیہ الرحمہ تفسیر روح البیان، ج 5، صفحہ 374، سورۂ طہٰ، آیت نمبر 18 کے تحت نقل فرماتے ہیں:
حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے بارگاہِ رسالت میں عرض کی: 
آپ کا فرمان ہے: "عُلَمَاءُ اُمَّتِیْ کَاَنْبِیَاءِبَنِیْ اِسْرَائِیْل یعنی میری امت کے علماء بنی اسرائیل کے انبیاء کی طرح ہیں"۔
لہٰذا مجھے ان میں سے کوئی دکھائیں۔ حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت سیدنا امام محمد غزالی علیہ الرحمہ کی طرف اشارہ فرمایا۔ حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے آپ سے ایک سوال کیا۔ آپ نے اس کے دس جواب عرض کئے۔ حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے فرمایا: کہ سوال ایک کیا گیا اور تم نے دس جواب دئیے ،تو حضرت امام محمد غزالی علیہ الرحمہ نے عرض کی: جب اللہ تعالیٰ نے آپ سے پوچھا تھا:
"وَمَا تِلْکَ بِیَمِیْنِکَ یٰمُوْسٰی"(پ16، طٰہ17) اےموسیٰ! تمھارے داہنے ہاتھ میں کیا ہے۔ تو اتنا عرض کر دینا کافی تھا کہ یہ میرا عصا ہے، مگر آپ نے اس کی کئی خوبیاں بیان فرمائیں۔

حضراتِ علمائے کرام فرماتے ہیں :کہ گویا امام غزالی علیہ الرحمہ حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام کی بارگاہ میں عرض کررہے ہیں کہ جب آپ کا ہم کلام باری تعالیٰ تھا تو آپ نے وفورِ محبت اور غلبۂ شوق میں اپنے کلام کو طول دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ ہم کلامی کا شرف حاصل ہو سکے اور اس وقت مجھے کلیمِ خدا سے گفتگو کا شرف حاصل ہو رہا ہے اس لئے میں نے بھی شوق و محبت میں کلام کو طویل کیا ہے۔

حضرت سیدنا امام ابوالحسن شاذلی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :
میں خواب میں زیارتِ رسول ﷺ سے مشرف ہوا تو دیکھا کہ حضور رحمت ِ عالمﷺ، حضرت سیدنا موسیٰ علیہ السلام اور حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے سامنے حضرت امام غزالی علیہ الرحمہ پر فخر کرتے ہوئے فرما رہے ہیں:
"کیا تمہاری امتوں میں میرے غزالی جیسا کوئی عالم ہے۔ دونوں نے عرض کی: نہیں۔
*(النبراس،ص،247)*

حضرت امام غزالی ملت اسلامیہ کا فخر ہیں۔ آپ کی تعلیمات کے اثرات آج تک محسوس کیے جاتے ہیں۔ آپ کی کتب سالکین و عارفین، علماء و فاضلین کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔بعض حضرات آپ کو دنیا سے الگ تھلگ اور ایک گوشہ نشین صوفی تصور کرتے ہیں۔ بس جس کا کام صرف اللہُ کی ضربیں لگانا ہو۔ ایسا ہرگز نہیں ہے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہےکہ وقت کا مجدد ہو، فلسفیِ اسلام ہو، اور اپنے وقت کا عظیم امام ہو، وہ حالات سے کیسے صرفِ نظر کر سکتا ہے۔ آپ کی حالات پر پوری نظر تھی۔ شاہانِ وقت آپ کی ہیبت سے کانپتے تھے، غیر شرعی امور اور رعایا پر ظلم کے خلاف آپ کی آواز ایک اثر رکھتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ شاہِ سلجوق جس کی سلطنت چین سے یورپ تک تھی آپ نے اس کو للکارا اور فرمایا:
"افسوس! کہ مسلمانوں کی گردنیں مصیبت اور تکلیف سے ٹوٹی جاتی ہیں، اور تیرے گھوڑوں کی گردنیں سونے اور چاندی کے طوقوں سے جھکی ہوئی ہیں "۔

؎آئینِ جوانمرداں حق گوئی وبیباکی
اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی

*تاریخِ وصال:* 14/جمادی الثانی 505ھ، بروز پیر کو عالمِ اسلام کا یہ سورج غروب ہوگیا۔ آپ کا مزار شریف "طوس" ایران میں ہے۔

*ماخذ و مراجع:* طبقات الشافعیہ۔ خزینۃ الاصفیاء۔ مقدمہ مکاشفۃ القلوب۔ مقدمہ احیاء العلوم۔

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے