کھانے کی سنتیں اور حکمتیں

📚     «  امجــــدی   مضــــامین  »     📚
-------------------------------------------------------------
🕯️کھانے کی سنتیں اور حکمتیں🕯️
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

📬 کھانا اللّٰه عَزَّوَجَلَّ کی بہت ہی پیاری نعمت ہے، اس میں ہمارے لئے طرح طرح کی لذّت بھی رکھی گئی ہے۔ اچھی اچھی نیّتوں کے ساتھ شریعت و سنّت کے مطابق حلال کھانا کارِ ثواب ہے۔ 

کھانا کھانے کی نیتیں: کھانے سے قبل اور بعد کا وُضو کروں گا۔ (یعنی دونوں ہاتھ اور مُنہ کا اگلا حصّہ دھو کر کُلِّیاں کروں گا) کھانے سے قبل بِسْم ِاللّٰہ اور دیگر دُعائیں پڑھ کر تین  انگلیوں سے چھوٹے چھوٹے نوالے بنا کر اچھی طرح چبا کر کھاؤں گا۔ 

کھانے کی سنتیں، آداب اور حکمتیں:

(1) کھانے سے پہلے اپنے ہاتھ پہنچوں تک دھو لیجئے۔ 
حکمت:
عام طور پر کام کاج کرنے سے ہاتھ آلودہ ہو جاتے ہیں، بغیر ہاتھ دھوئے کھانے سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ ”کھانے کا وضو محتاجی دور کرتا ہے، گھر میں بھلائی بڑھاتا ہے، شیطان کو دور کرتا ہے اور رزق میں کشادگی ہوتی ہے۔“(فیضانِ سنت، ج1، ص186 ،185ملخصاً) 

(2) کھانا خوب چباکر کھائیے۔ 
(3) زیادہ گرم کھانا نہ کھائیے۔ 
حکمت:
اس سے منہ جل جانے کا خطرہ ہے نیز حدیث پاک میں ہے: گرم کھانے میں برکت نہیں۔ (بستان العارفین، 4ص57) (4)

(4) کھانا زمین پر بیٹھ کر کھائیے۔ 
حکمت:
زمین پر بیٹھ کر کھانے سے کھانا بہترطورپر ہضم ہوتا ہے، کمر  اور ٹانگوں کے عضلات میں لچک پیدا ہوتى اور دردوں سے نجات ملتى ہے، دورانِ خون بھى بہتر ہوجاتا ہے جس کے نتىجے میں دل کى صحت بہتر جبکہ بیماریوں، خصوصاً ہارٹ اٹیک کا خدشہ بہت کم ہوجاتا ہے۔ 

(5) کھانے سے پہلے جوتے اتار لیجئے۔ 
(6) جب بھی کھانا کھائیں تو الٹا پاؤں بچھا دیجئے اور سیدھا کھڑا رکھئے یا (7) سرین پر بیٹھ جائیے اور دونوں گھٹنے کھڑے رکھئے یا (8) دو زانو بیٹھ جائیے۔ (9) ٹیک لگاکر کھانا کھانے سے بچئے کہ حضور صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:
”تم ٹیک لگا کر کھانا مت کھاؤ۔“ (مجمع الزوائد،ج 5،ص 22، حدیث : 7918) 

حکمت:
ٹیک لگاکر بیٹھنے سے معدہ پھیل جاتا ہے اس طرح غیر ضروری خوراک معدے میں چلی جائے گی اور ہاضمہ خراب ہوگا، ٹیک لگا کرکھانے سے آنتوں اور جگر کو نقصان پہنچتا ہے۔ (فیضانِ سنت،ج1،ص253) 

(10) کھانے سے پہلےبِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھ لیجئے۔
(11) اگر کھانے کے شروع میں بِسْمِ اللّٰہ پڑھنا بھول جائیں تو یاد آنے پر بِسْمِ اللّٰہِ اَ وَّلَہ وَاٰخِرَہٗ پڑھ لیجئے۔ 
(12)کھانا سیدھے ہاتھ سے کھائیے کہ اُلٹے ہاتھ سے کھانا پینا شیطان کا طریقہ ہے۔ ( مسلم، ص860،حدیث:5265) 

حکمت: سیدھے ہاتھ سے غیر مرئی (نظر نہ آنے والی) شعاعیں نکلتی ہیں اور الٹے 
ہاتھ سے بھی، لیکن سیدھے ہاتھ کی شعاعیں فائدہ مند اور الٹے ہاتھ والی نقصان دہ ہوتی ہیں۔(سنت مصطفےٰ اور جدید سائنس، ص 28) 

(13) تین انگلیوں سے کھائیے۔ 
(14) خُوب پیٹ بھر کر کھانا نہ کھائیے کہ اس کے جسمانی اور روحانی نقصانات ہیں۔ 
پیارے آقا صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: ”آدَمی اپنے پیٹ سے زیادہ بُرابرتن نہیں بھرتا، انسان کیلئے چند لقمے ہی کافی ہیں جو اس کی پیٹھ کو سیدھا رکھیں اگر ایسا نہ کرسکے تو تِہائی کھانے کیلئے، تہائی پانی کیلئے اور ایک تہائی سانس کیلئے ہو۔“ (ابنِ ماجہ، ج4،ص48، حدیث:3349) 

(15) کھانے سے فارغ ہوکر انگلیاں چاٹ لیجئےکہ حضور صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم بھی کھانے کے بعد انگلیاں چاٹ لیا کرتے تھے۔ (مجمع الزوائد،ج5،ص23،حدیث :7923، ملتقطاً)

حکمت: یہ عمل آنکھوں، دِماغ اور مِعدہ کیلئے بے حد مفید ہے اور یہ دِل، مِعدہ اور دِماغی اَمراض کا زبردست عِلاج ہے۔ (فیضانِ سنّت،ج1،ص247) 

(16) کھانا کھانے کے فوراً بعد پیشاب کرنے کی عادت ڈالئے۔ 

حکمت: اس سے گردہ و مَثانہ کے اَمراض سے حفاظت ہوتی ہے۔(مراٰۃ المناجیح، ج ،6ص 33،ملخصاً)

اللّٰه عَزَّوَجَلَّ ہمیں سنت کے مطابق کھانا کھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
از قلم✍️ محمد آصف خان عطاری مدنی
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے