-----------------------------------------------------------
🕯حضرت مولانا عبداللّٰه بہاری ٹونکی علیہ الرحمہ🕯
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
نام و نسب:
نام: محمد عبداللّٰه۔
والد گرامی: شیخ صابر علی۔
سیرت و خصائص:
آپ کے بزرگ عظیم آباد و صوبہ بہار کے تھے، وہاں سے ریاست ٹونک میں گورکھپوریوں کے محلہ میں آکر آباد ہوئے، یہیں آپ پیدا ہوئے۔
ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد حضرت مولانا مفتی محمد لطف اللہ علی گڑھی سے درسیات پڑھی، مولوی احمد علی سہارن پوری سے حدیث کا دور کیا، مولانا فیض الحسن سہارنپوری سے ادبیات عربی حاصل کیا، محلہ مدرسہ عبد الرب دھلی سے تدریس کی ابتداء کی، بعہدٗ اور نٹیل کالج لاہور میں عربی کے پروفیسر ہوگئے، یہاں انجمن مستشار العلماء قائم کی، جو دارالافتاء کی حیثیت رکھتی تھی۔
ایک زمانہ تک وہاں مقیم رہے، اس کے بعد مدرسہ عالیہ کلکتہ کے صدر مدرس ہوئے، آپ اپنے استاذ مولانا فیض الحسن کی طرح عربی کے عمدہ ناظم و ناثر تھے، عربی درس گاہوں کی قدیم تعلیم کا بہترین نمونہ تھے۔
ہندوستان کے مشاہیر علماء میں آپ کا شمار ہوتا تھا، آپ کی تصانیف میں مندرجہ ذیل کتابوں کے نام مرتب اوراق کو معلوم ہوسکے ہیں۔
(۱)عجالۃ الراکب فی امتناع کذب الواجب یہ رسالہ آپ نے ۱۳۰۸ھ ۱۵۵؍جمادی الاولیٰ میں مولوی محمود حسن صدر المدرسین دیوبند کے رسالہ جھد المقل کےجواب میں تحریر فرمایا، مولوی محمود حسن نے اپنی کتاب حضرت مولانا شاہ احمد حسن کان پوری کے رسالہ تنزیہ الرحمٰن عن تقدیس الرحمٰن کے جواب میں لکھا تھا، اسی مبحث پر ۱۹؍ رمضان المبارک ۱۳۰۶ھ میں آپ نے مولوی محمود حسن دیوبندی سے لاہور میں مناظرہ کیا، اس مناظرہ میں مولوی محمود حسن کو سخت ذہت آمیر شکست ہوئی، آپ کے قاہر دلائل و سوالات سے وہ اتنے مرعوب ہوئے کہ ادھر اُدھر کی کہنے لگے۔
(۲) تعلیقات المفتی ‘‘شرح مسلم المولوی حمداللہ کا حاشیہ شرح مسلم کے ساتھ مطبع اسلامیہ لاہور میں طبع ہوا۔
(۳) عقد الدر فی جید نزھۃ النظر’’ نزہۃ النظر کا حاشیہ ہے، جو ۱۳۲۰ھ میں مطبع بھتبائی دہلی میں ۱۲۲ صفحات میں طبع ہوا،
(۴)الکلام الرشیق،
کلکتہ میں آپ پر فالج کا حملہ ہوا، وہاں سے بھوپال اپنے بیٹے مولوی انوار الحق ایم۔ اے ناظم تعلیمات بھوپال و مرتب دیوان غالب نسخۂ حمیدیہ کے پاس چلے آئے اور کچھ مدت صاحب فراش رہ کر رجب میں ۷؍ نومبر۱۹۳۰ھ میں انتقال کیا، مولوی عبد الحئی صاحب نزہۃ الخواطر نے سال وفات ۱۳۳۹ھ لکھا ہے۔
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں