کفار کے انجام میں عبرت و نصیحت

📚 « امجــــدی مضــــامین » 📚
-----------------------------------------------------------
🕯️کفار کے انجام میں عبرت و نصیحت🕯️
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ترجمہ: اور سچا وعدہ قریب آگیا تو جبھی اس وقت کافروں کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی کہ ہائے ہماری خرابی! بیشک ہم اس سے غفلت میں تھے بلکہ ہم ظالم تھے۔ (سورۃ انبیاء آیت نمبر 97)

📬 اس آیت میں کفار کا جو حال بیان کیا گیا اس میں ہر عقلمند انسان کے لئے بڑی عبرت اور نصیحت ہے کہ دنیا میں اللّٰه تعالیٰ نے قرآنِ مجید اور اپنے حبیب صَلَّی اللّٰه تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ذریعے تمام لوگوں کو اپنی رحمت و انعام اور اس کے حق داروں کے بارے میں بشارت اور خبر دے دی، اسی طرح اللّٰه تعالیٰ نے اپنی پکڑ، گرفت، عذاب، موت کی سختیوں اور قیامت و جہنم کی ہَولناکیوں کے بارے میں بھی بتا دیا اور ان لوگوں کی بھی خبر دے دی جو ان میں مبتلاہوں گے، اس کے باجود جو انسان غفلت سے کام لے اور دنیا میں اللّٰه تعالیٰ اور اس کے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اطاعت نہ کرے تو قیامت کے دن وہ لاکھ حیلے بہانے کر لے اور کتنے ہی عذر پیش کر دے، اس کا کوئی حیلہ اور عذر قبول نہ ہو گا۔ 
 
حضرت عکرمہ رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰه تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’میں تمہارے پاس تمہارے مال طلب کرنے اور تم میں عزت و مرتبہ چاہنے نہیں آیا بلکہ اللّٰه تعالیٰ نے مجھے تمہاری طرف رسول بنا کر بھیجا ہے اور مجھ پر ایک عظیم کتاب نازل فرمائی ہے اور مجھے یہ حکم دیا ہے کہ میں تمہارے لئے (اللّٰه تعالیٰ کے ثواب کی) خوشخبری دینے والا اور ( اللّٰه تعالیٰ کے عذاب سے) ڈرانے والا بنوں، تو میں نے تم تک اپنے رب کا پیغام پہنچا دیا اور تمہیں نصیحت کردی، اب اگر تم اُسے قبول کرو جسے میں تمہارے پاس لایا ہوں تو وہ تمہارے لئے دنیا و آخرت میں ایک حصہ ہے اور اگر تم اسے رد کر دو تو میں اللّٰه تعالیٰ کے حکم کی وجہ سے صبر کروں گا یہاں تک کہ وہ میرے اور تمہارے درمیان کوئی فیصلہ فرما دے۔
(خلق افعال العباد، باب ما جاء فی قول اللّٰہ: بلّغ ما انزل الیک من ربّک، ص۸۱)

ایک بزرگ نے لوگوں کو دیکھا کہ وہ جنازے کے پیچھے میت پر بڑی شفقت کر رہے ہیں، تو انہوں نے فرمایا:
’’اگر تم اپنی جانوں پر رحم کھاؤ (یعنی میت سے زیادہ اپنے اوپر رحم کھاؤ) تو یہ تمہارے لئے زیادہ بہتر ہے کیونکہ جس کا جنازہ تم لے کر جا رہے ہو وہ فوت ہوگیا اور تین ہَولناکیوں، مَلکُ الموت کو دیکھنے، موت کی سختی اور مرنے کے خوف سے نجات پا گیا۔ (جبکہ تمہیں ابھی ان تینوں ہولناکیوں کا سامنا کرنا ہے)
(روح البیان، الانبیاء، تحت الآیۃ : ۹۷، ۵ / ۵۲۳)

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ ارشـد رضـا خـان رضـوی امجـدی، ممبر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 7620132158
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے