Header Ads

حضرت شاہ حمزہ عینی قادری مارہروی رحمۃ اللّٰه علیہ

📚 « مختصــر ســوانح حیــات » 📚
-----------------------------------------------------------
🕯حضرت شاہ حمزہ عینی قادری مارہروی رحمۃ اللّٰه علیہ🕯
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

نام و نسب:
اسم گرامی: سید شاہ حمزہ عینی قادری مارہروی رحمۃ اللّٰه علیہ۔  
لقب: اسد العارفین، قطب الکاملین۔
تخلص: عینی۔
سلسلۂ نسب اس طرح ہے: حضرت شاہ حمزہ مارہروی بن سید شاہ آل محمدبن صاحب البرکات سید شاہ برکت اللہ مارہروی بن سید شاہ اویس بلگرامی بن سید شاہ عبد الجلیل بلگرامی بن سید میر عبدالواحد بلگرامی۔الیٰ آخرہ۔(رحمۃ اللّٰه علیہم اجمعین)

تاریخِ ولادت: آپ کی ولادت باسعادت 14؍ ربیع الثانی 1131ھ مطابق مارچ؍1719ء کو مارہرہ مطہرہ (ہند) میں ہوئی۔

تحصیلِ علم: آپ نے اپنے والدِ گرامی کی خدمت میں جملہ علومِ ظاہری و باطنی کی تکمیل کی۔ والد گرامی کے علاوہ شمس العلماء حضرت مولانا محمد باقر رحمہ اللّٰه سے مختلف علوم و فنون کی تحصیل فرمائی، فنِ طب حکیم عطاء اللہ صاحب مرحوم، اور شیخ ڈھڈھا لاہوری سے بھی متعدد درسیات کتب حاصل فرمائی۔ (تذکرہ مشائخِ قادریہ رضویہ:351)

بیعت و خلافت: اپنے والد گرامی حضرت سید شاہ آلِ محمد رحمۃ اللّٰہ علیہ سے بیعت ہوئے، اور منازلِ سلوک طے کرنے کے بعد خلافت و اجازت سے مشرف ہوئے۔

سیرت و خصائص: اسد العارفین، قطب الکاملین، حجۃ الواصلین، سند الصالحین، مجمع البحرین، نجیب الطریقین، حضرت سید شاہ حمزہ مارہروی رحمۃ اللّٰہ علیہ۔ 
آپ سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ کے پینتیسویں امام اور شیخِ طریقت ہیں۔ آپ علم و فضل میں یکتا، مایہ ناز مصنف، عدیم النظیر صوفی، اور باکرامت اولیاء اللہ میں سے تھے۔
آپ نہایت ہی ذہین و فطین تھے۔گیارہ سال کی مدت میں اپنے جدِ امجد حضرت سید شاہ برکت اللہ رحمہ اللّٰه کی تربیت میں رہ کر فیوض و برکات حاصل کیے۔ حضرت شاہ برکت اللہ رحمہ اللّٰه نےاپنی کلاہ مبارک آپ کےسرپر چار سال کی عمر ہی میں رکھ دیا تھا۔ اسی طرح آپ کو مطالعے کا خاص ذوق تھا۔بالخصوص حضرت شیخ ِاکبر رحمۃ اللّٰه علیہ کی کتب سے تو خصوصی شغف تھا۔ خاص خدام کو ان کادرس دیتے۔ آپ کی جلالتِ شانِ آپ کی تصنیفات و تالیفات خصوصاً ’’فص الکلمات‘‘ سے بآسانی مل سکتا ہے۔ اس کتاب کی شان نرالی ہے۔ دیگر تمام کتب سے بےنیاز کر دیتی ہے۔
اللہﷻ نے آپ کو خصوصی کمالات عطاء فرمائے تھے۔ جو ایک شخصیت میں بہت کم موجود ہوتے ہیں۔ جب مسائل پر گفتگو فرماتے، تو معلوم ہوتا فقیہ العصر ہیں، اور کبھی ایک شیخ عارف ہیں کہ ہزاروں بندگان ِ خدا آپ سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔ کبھی ایک مسیحا طبیب ہیں کہ صدہا مریض شفاء یاب ہورہے ہیں۔ کبھی ایک کریم دریا دل سخی کہ سائلوں کی تلاش میں مستغرق ہیں، کبھی ایک مدبر شجاع کہ بڑے بڑے عقلاء و سیاستدان امورِ مشکلہ میں حضور والا سے تدابیر پوچھ رہے ہیں۔ بادشاہ و وزراء درِ دولت پر حاضر ہیں، اور امورِ سلطنت حل فرمارہے ہیں۔پھر ہرشان میں وحدت و عینیت ہویدا تھی حضرت کی ذات شریف دنیا و دین، فقر و شہنشاہی، شریعت و طریقت ، معرفت و حقیقت کی جامع تھی۔ دس سال کی عمر شریف سے نمازِ تہجد شروع فرمائی تو وصال شریف تک کبھی قضاء نہ ہوئی۔ اشاعتِ اسلام اور اصلاحِ مسلمین آپ کا خاص وصف تھا۔آپ کی زندگی اسلام اور مسلمین کےلئے وقف تھی۔ ہمہ وقت عبادت و ریاضت میں مصروف نظر آتے، یا وعظ و تلقین، یا امورِ مسلمین میں۔

مولا علی کی زیارت: آپ نہایت ہی منکسرالمزاج اور با اخلاق شخصیت کے حامل تھے۔تکبر، تصنع، ریاء، عالی نسب و منصب کا شائبہ تک کبھی نہیں گزرا۔
آپ فرماتے ہیں: ’’ایک روز فقیر کو خیال آیا کہ نسبتِ ظنی سے سیادت ساداتِ بلگرام مشہور و مسلم ہے، لیکن یقین و وثوق نہیں، جیسے ہی یہ خیال آیا کہ فوراً دیکھتا ہوں کہ حضور مولی المسلمین، امیر المؤمنین سیدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم تشریف فرماہیں، اور دونوں بازو چوکھٹ سنگی کےجو خانقاہ برکاتیہ میں نصب ہے، تھامے کھڑے ہیں، اور ارشاد فرماتے ہیں کہ ’’تم ہمارے بیٹے ہو، اور پیارے بیٹے ہو‘‘۔ (ایضا: 352)

جود و سخا: آپ جود و سخا، بخشش و عطاء میں یگانہ روزگار تھے۔ اپنے والد ماجد کے عرس شریف میں مہمانوں کی خاطر داری کی ایک ایسی مثال قائم کی کہ اپنے وقت کا شہنشاہ بھی ایسی پرتکلف دعوت شاید ہی کر سکے۔ عرس مبارک میں مہمانوں کے لئے سو سے زیادہ انواع کے کھانوں سے مہمانوں کی تواضع فرماتے، اور پھر اس میں تخفیف کردی تھی، پھر بھی مہمانوں کو پچیس اقسام کے کھانے ہر سال برابر تقسیم ہوتے تھے۔ اس میں شاہ و گدا کی کوئی تخصیص نہیں تھی۔

شانِ بے نیازی: حضرت قطب الکاملین سید شاہ حمزہ رحمۃ اللّٰه علیہ کی ذات اپنے اسلاف کی آئینہ دار تھی، اور بڑے بڑے امراء و سلاطین ِ وقت اپنے خدام و فوج کے ساتھ آپ کی خدمت میں مارہرہ شریف حاضر ہوتے، کئی دن خانقاہ میں قیام کرتے، اور انواع و اقسام کے کھانوں سے ان لوگوں کی مہمان نوازی کی جاتی۔ مگر حضرت کبھی بھی ان لوگوں کو باریابی کی اجازت نہیں دیتے تھے، اور آپ کے معمولات میں ذرہ برابر فرق نہیں آتا تھا۔

زیارتِ سرکارِ دوعالمﷺ: ایک باکمال درویش نے آپ رحمتہ اللہ علیہ کی خدمت مبارکہ میں ایک درود شریف نذر کیا۔ حضرت نے اسے پسند فرما کر رکھ لیا۔ اِسی شب میں حضور ِاقدس ﷺ کی زیارت نصیب ہوئی۔ 
آپﷺنےفرمایا : ’’صاحبزادے اٹھو !اور درود شریف پڑھو ‘‘۔
آپ بیدار ہوئے، غسل فرمایا، عطر لگایا، بخور وغیرہ روشن کئے اور اس درود شریف کا ورد شروع کردیا۔ ابھی درود شریف ختم بھی نہ کیا تھا کہ زیارتِ سرور کونین ﷺ سے مشرف ہوئے اور آپ نے سر کی آنکھوں سے نبی کریمﷺ کا دیدار کیا۔ آپ تعظیماً کھڑے ہوگئے اور درود شریف کے بقیہ اعداد پورے کئے۔ 
درود شریف تمام ہونے تک آقائے دوعالم ﷺ آپ کے پاس تشریف فرما رہے۔ مذکورہ درویش کا نام مولانا محمد مکرم مرید شاہ پشاوری رحمہ اللّٰه ہے جو 1174ھ کو احمد شاہ درانی کے ساتھ ہندوستان آئے تھے۔ (ایضا: 353)

علمی و تصنیفی خدمات: آپ کو مطالعے کا خاص ذوق تھا، اور جو کتابیں مطالعہ فرماتے اول سے آخر تک دیکھتے، اور پسندیدہ فوائد اس کے اول یا آخریا اس پر حاشیہ تحریر فرما دیتے۔ آپ کے کتب خانہ میں مختلف علوم و فنون کی کتب جمع تھیں۔ جن کی تعداد سولہ ہزار کے قریب تھی۔ نادر و نایاب کتب کی کتابت خود کرتے، یا کسی کاتب سے کروا کر کتب خانہ میں داخل کر دیتے۔ اسی طرح اللہ جل شانہ نے آپ کو ذوقِ شاعری بھی عمدہ عطاء فرمایا تھا۔ آپ کے اکثر اشعار فارسی اور اردومیں ملتے ہیں۔مشہور زمانہ منقبت ’’ غوث اعظم بمن بے سرو ساماں مددے۔۔ قبلۂ دیں مددے کعبۂ ایماں مددے‘‘ یہ منقبت آپ کی ہے۔ 
آپ کو تصنیف و تالیف سے خاص شغف تھا۔
1 کاشف الاستار۔ 
2 فص الکلمات۔ یہ کتاب تمام علوم و فنون کی جامع ہے۔
3 مثنوی اتفاقیہ۔
4 قصیدہ گوہربار۔
5 رسالہ عقائد۔ وہابیوں نے ایک کتاب ’’خزینۃ الاولیاء‘‘ گھڑ کر آپ کی طرف منسوب کردی۔ اس سے عوام کو دھوکہ دیتے ہیں۔ یہ کتاب آپ کی ہرگز نہیں ہے۔ (فتاویٰ رضویہ؛جلد 29،ص، 68)

اولاد و خلفاء: آپ کی پانچ اولادیں ہوئیں۔ شاہ آل احمد اچھے میاں، شاہ برکات ستھرے میاں، شاہ آل حسین سچے میاں، سید علی ان کا وصال بچپن میں ہی ہوگیا تھا، اور ایک صاحبزادی تھی۔۔
آپ کے خلفاءِ کرام کی تعداد اکتیس ہے۔ اکثر خلفاءِ کرام سے سلسلہ جاری ہے۔

تاریخِ وصال: 14؍ محرم الحرام 1198ھ مطابق 10؍دسمبر 1783ء، بروز بدھ، بعد نماز مغرب واصل باللہ ہوئے۔

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
المرتب⬅ محـمد یـوسـف رضـا رضـوی امجـدی نائب مدیر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 9604397443
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے