رہنماؤں کی مدد اور ان کی باتوں میں اثر
(1)جن پاکیزہ نفوس کو اللہ تعالی جل شانہ قوم کی قیادت و رہبری کے واسطے منتخب فرماتا ہے،اللہ تعالی عزوجل ان کی دستگیری اور مدد فرماتا ہے اور ان کی خدمات میں برکت اور اثر پیدا فرما دیتا ہے کہ بندگان الہی ان کے اقوال وارشادات کی پیروی کرتے ہیں اور راہ حق پر قائم ومستحکم رہتے ہیں۔
امام اہل سنت اعلی حضرت مجدد دین و ملت امام احمد رضا قادری قدس سرہ العزیز بھی انہیں نفوس قدسیہ میں سے ایک ہیں جن کو اللہ تعالیٰ جل جلالہ نے دین کی خدمت اور قوم کی امامت و قیادت کے لئے منتخب فرما لیا تھا۔ان کی تحریریں دیڑھ صدی سے امت مسلمہ کو حقانیت وصداقت کی راہ دکھا رہی ہیں اور لوگ صحیح راستے پر جا رہے ہیں۔
ہاں،یہ بھی سچ ہے کہ جس کی تقدیر میں ہدایت نہ ہو،وہ صدق و وفا کے دائرے سے دور ہی رہے گا،اگرچہ پیغام حق سے وہ واقف وآشنا بھی ہو جائے۔
(2)کچھ نہ کچھ دینی خدمات ہم لوگ بھی انجام دیتے ہیں،لیکن ما و شما رضا کارانہ طور پر دینی خدمات سر انجام دیتے ہیں،اسلامی خدمات کے واسطے ہم لوگ منتخب افراد نہیں،لہذا ہمارے قول و فعل میں وہ تاثیر نظر نہیں آتی۔
حقیقت یہ ہے کہ ہماری ایک کتاب امام اہل سنت قدس سرہ العزیز کے ایک صفحہ کے برابر بھی نہیں مانی جاتی ہے۔نہ اس میں اس قدر اثر ہوتا ہے،نہ ہی مسلمانوں کے دلوں میں اس کا اس قدر اعتبار واعتماد ہوتا ہے۔منتخب ہستی اور رضاکار میں یہ واضح فرق موجود ہوتا ہے۔
(3)دربار خداوندی سے کوئی خدمت سپرد کئے جانے کے لئے ایمان کی صحت کے ساتھ عمل کی سلامتی بھی ضروری ہے،لیکن ہمارا کوئی نہ کوئی عمل ہمیں پیچھے دھکیل دیتا ہے۔تقوی تو بہت دور کی بات ہے۔مکمل طور پر اتباع شرع بھی نصیب ہو جائے تو قسمت کی معراج ہے،بہر حال کوشش کرتے رہیں اور شیطان کے پھندوں سے خود کو دور رکھنے کی سعی کریں۔
عصر حاضر میں ایک مرض مہلک یہ بھی پھیل چکا ہے کہ لوگوں کے سامنے خود کو متقی بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔اس سے کچھ فائدہ نہیں۔دربار خداوندی میں خود کو متقی بنا کر پیش کریں،تب انعامات الہیہ سے سرفرازی حاصل ہو گی۔اچانک کچھ نہیں ہوتا۔دھیرے دھیرے اپنے حالات کو سدھارنے کی منصوبہ بندی کریں۔بفضلہ تعالی میں بھی اسی کوشش میں ہوں اور فضل الٰہی واحسان نبوی سے امید ہے کہ میں اپنی اصلاح کر سکوں۔کم از کم کبائر سے دوری بنانے کی پوری کوشش ہونی چاہئے۔
طارق انور مصباحی
جاری کردہ: بموقع عرس رضوی
25:صفر المظفر 1447
20:اگست 2025
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں