تحقیقاتِ رضویہ.... رہبر و رہنما عرس اعلیٰ حضرت کی نکہتیں مبارک

تحقیقاتِ رضویہ.... رہبر و رہنما عرس اعلیٰ حضرت کی نکہتیں مبارک 

غلام مصطفیٰ رضوی 
نوری مشن مالیگاؤں 

    اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری محدث بریلوی (ولادت: ١٢٧٢ھ/١٨٥٦ء- وصال: ١٣٤٠ھ/١٩٢١ء) نے انگریز کی سازشوں اور اُن کے اسلام مخالف منصوبوں سے قوم کو باخبر کرنے کی غرض سے؛ علم و فن کے درجنوں گوشوں پر اعلیٰ معیار کی کتابیں تصنیف فرمائیں۔ وہ تصورِ علم دیا جس میں عزمِ محکم ہے، حوصلۂ تابندہ ہے۔ آپ کی علمی تنقیدات سے اسلامی علوم کی عظمت اور صہیونی علوم کی اصلیت ظاہر ہو جاتی ہے، فرماتے ہیں:
    ’’یورپ والوں کو طریقۂ استدلال اصلاً نہیں آتا۔‘‘(نزول آیاتِ فرقان، مطبوعہ کراچی، ص۵۵)
    اہل یورپ(یہود و نصاریٰ) کا ہر کام چاہے ایجادات و اختراعات سے متعلق ہو یا سیاسی و سماجی مسائل سے متعلق، اسلام دُشمنی کا مظہر ہوتا ہے۔ انھیں استدلال کی اسی لیے تمیز نہیں کہ استدلال سے اسلام کی حقانیت و سچائی کا نور پھوٹتا ہے، بے شک! استدلال کی قوت اسلام میں ہے۔ اسلام کی طرف مراجعت میں ہی نجات ہے، اسی میں کامیابی ہے، اسی تناظر میں درجِ ذیل تصانیفِ رضا کا مطالعہ اور ان میں غور و خوض قوم کے تعلیمی و تعمیری ورثہ میں ترقی کا سبب بنے گا، اربابِ علم و فکر ان تصانیف سے استفادہ کر کے قومی عروج و ترقی کے لیے ذہن سازی کریں:
(۱) المحجۃ المؤتمنۃ فی آیۃ الممتحنۃ …تفسیری مباحث پر مبنی یہ کتاب ہندستان کے سیاسی حالات میں مسلمانوں کی اسلامی فکر سازی کا پیش خیمہ ثابت ہوئی-مطبوعہ رضا اکیڈمی ممبئی
(۲) کفل الفقیہ الفاہم فی احکام قرطاس الدراہم …عمرانیات و معاشیات کے موضوع پر عربی زبان میں تحریر کی، اردو ترجمہ بھی شائع ہے-مطبوعہ رضا اکیڈمی ممبئی
(۳) کشف العِلۃ عن سمت القبلۃ…ہیئت و فلکیات کے موضوع پر اہم کتاب- مطبوعہ بریلی و کراچی و ممبئی
(۴) فوز مبین در رد حرکت زمین …حرکت زمین کے رد میں اسلامی سائنسی اُصولوں پر مبنی ناقابلِ تردید دلائل سے آراستہ کتاب، مغربی فلاسفہ کے لیے آج بھی ایک علمی چیلنج- مطبوعہ بریلی و ممبئی و کراچی
(۵) نزول آیات فرقان بسکون زمین و آسمان... قرآنی دلائل سے مزین ایمان افروز کتاب- مطبوعہ بریلی و ممبئی و کراچی
(۶) الکلمۃ الملہمہ فی الحکمۃ المحکمۃ…فلاسفہ کے قدیم افکار کے رد میں تصنیف کی- مطبوعہ ممبئی و کراچی
(۷) معین مبین بہر دور شمس و سکون زمین…سائنسی موضوع پر امریکی ہیئت داں البرٹ ایف پورٹا کی باطل پیش گوئی کے رد میں سائنسی استدلال سے مزین تحریر- مطبوعہ بریلی وممبئی و کراچی
(۸) رسالہ در علم لوگارثم…علم لوگارثم پر علمی دقائق سے پر تحریر- مطبوعہ ممبئی وکراچی
(۹) مقامع الحدید علیٰ خدالمنطق الجدید…فلاسفہ و سائنس کے طبعی افکارپر اسلامی فکر و نظر کی توضیح- مطبوعہ مبارک پور، بریلی، ممبئی ولاہور
    یہ صرف ایک جھلک ہے، تصانیفِ رضا جن کی تعداد ہزار کے لگ بھگ ہے؛ ان میں علم و تحقیق کا دریا رواں دواں ہے، درجنوں علمی مباحث قلمِ رضا سے تحریر ہو کر منصۂ شہود پر آئے ہیں۔ خوشہ چینانِ بزم علم وفن نے مطالعہ و تجزیہ کے بعد اسلوبِ رضا، علومِ رضا، فکرِ رضا، نثر و نظمِ رضا کا کھلے طور پر اعتراف کیا ہے؛ اورآپ کو اپنے عہد کا ’’عبقری‘‘ اور ’’نابغہ‘‘ مانا ہے... جب کہ تحقیقاتِ رضویہ کا فیضانِ علمی آج بھی رہبر و رہنما ہے۔مجموعہ فتاویٰ ’’فتاویٰ رضویہ‘‘ (قدیم ۱۲؍جلدیں- جدید ٣٢؍جلدیں) تو علم و فن کا انسائیکلو پیڈیا ہے۔ جس کی گہرائی و گیرائی سے متعلق کوثر نیازی فرماتے ہیں:
    ’’فقہ حنفی میں ہندستان میں دو کتابیں مستند ترین ہیں۔ ان میں سے ایک ’’فتاویٰ عالم گیریہ‘‘ ہے جو دراصل چالیس علما کی مشترکہ خدمت ہے۔ دوسرا ’’فتاویٰ رضویہ‘‘ ہے جس کی انفرادیت یہ ہے کہ جو کام چالیس علما نے مل کر انجام دیا وہ اس مرد مجاہد نے تنہا کرکے دکھا دیا ۔ اور یہ مجموعہ ’’فتاویٰ رضویہ‘‘ ’’فتاویٰ عالم گیریہ‘‘ سے زیادہ جامع ہے ۔ اور میں نے جو آپ کو امام ابو حنیفہ ثانی کہا ہے وہ صرف محبت یا عقیدت میں نہیں کہا بلکہ ’’فتاویٰ رضویہ‘‘ کا مطالعہ کرنے کے بعد یہ بات کہہ رہا ہوں کہ آپ اس دور کے ابو حنیفہ ہیں۔ آپ کے فتاویٰ میں مختلف علوم و فنون پر جو بحثیں کی گئی ہیں ان کو پڑھ کر بڑے بڑے علما کی عقل دنگ رہ جاتی ہے ۔ کاش کہ اعلیٰ حضرت کی حیات اس دور کو میسر آجاتی تاکہ آج کل کے پے چیدہ مسائل حل ہوسکتے ۔ کیوں کہ آپ کی تحقیق حتمی ہوتی، مزید کی گنجائش نہ ہوتی۔‘‘
 (امام احمد رضا ایک ہمہ جہت شخصیت،ص ۳۰۔۳۳، رضا اسلامک مشن بنارس )
***
ترسیل: اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر مالیگاؤں
***

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے