ایک روایت انیک نصیحت

ایک روایت انیک نصیحت
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

 امام جلال الدین سیوطی شافعی رحمہ اللّٰه لکھتے ہیں:
حضرت سیدنا ابوالعباس مستغفیری بیان کرتے ہیں کہ میں طلب علم کے لیے مصر گیا، وہاں پر میں نے حدیث کے بہت بڑے عالم حضرت سیدنا ابوحامد مصری سے حدیث خالد بن ولید رضی اللہ تعالی عنہ سنانے کی درخواست کی تو انھوں نے مجھے ایک سال کے روزے رکھنے کا حکم فرمایا۔ 
ان کے اس حکم پر عمل کرنے کے بعد دوباره حاضر خدمت ہوا تو انھوں نے اپنی سند سے حدیث خالد بیان فرمائی:
روایت ہے کہ ایک اعرابی (عرب شریف کے دیہاتی) نے بارگاہ رسالت مآب میں حاضری دی اور عرض کی: دنیا و آخرت کے بارے میں کچھ پوچھنا چاہتا ہوں تو رسول بے مثال، بی بی آمنہ کے لالﷺ نے ارشاد فرمایا کہ پوچھو۔۔۔۔
آنے والے نے عرض کی: سب سے بڑا عالم بننا چاہتا ہوں۔
مدنی آقا ﷺ نے
*ارشاد فرمایا:* اللہ سے ڈرو، سب سے بڑے عالم بن جاؤ گے۔
*عرض کی:* میں سب سے غنی بننا چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* قناعت اختیار کرو غنی ہوجاؤ گے۔
*عرض کی:* لوگوں میں سب سے بہتر بننا چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* لوگوں میں سب سے بہتر وہ ہے جس سے دوسروں کو نفع پہنچے، لوگوں کے لیے نفع بخش بن جاؤ۔
*عرض کی:* میں چاہتا ہوں کہ سب سے زیادہ عدل کرنے والا بن جاؤں۔ 
*ارشاد فرمایا:* جو اپنے لیے پسند کرتے ہو وہی دوسروں کے لیے بھی پسند کرو، سب سے زیادہ عادل بن جاؤ گے۔
*عرض کی:* اللہ کے خاص بندوں میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* ذکر اللہ کی کثرت کرو، اللہ تعالی کے خاص بندے بن جاؤ گے۔
*عرض کی:* اچھا اور نیک بننا چاہتا ہوں ۔
*ارشاد فرمایا:* اللہ تعالیٰ کی عبادت یوں کرو گویا تم اسے دیکھ رہے ہو اور اگر تم نہیں دیکھ رہے تو وہ تمھیں دیکھ ہی رہا ہے۔
*عرض کی:* میں کامل ایمان والا بننا چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* اپنے اخلاق اچھے کر لو، کامل ایمان والے بن جاؤ گے۔
*عرض کی:* اللہ تعالٰی کا فرمانبردار بننا چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* اللہ تعالیٰ کے فرائض کا اہتمام کرو، فرمانبردار بن جاؤ گے۔
*عرض کی:* گناہوں سے پاک ہو کر اللہ سے ملنا چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* غسل جنابت اچھی طرح کیا کرو، جب اللہ سے ملو گے تو تم پر کوئی گناہ نہیں ہوگا۔
*عرض کی:* میں چاہتا ہوں کہ روز قیامت میرا حشر نور میں ہو۔
*ارشاد فرمايا:* کسی پر ظلم مت کرو۔
*عرض کی:* میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھ پر رحم فرمائے۔
*ارشاد فرمایا:* اپنی جان پر اور مخلوق خدا پر رحم کرو۔
*عرض کی:* گناہوں میں کمی چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* استغفار کرو۔
*عرض کی:* زیادہ عزت والا بننا چاہتا ہوں۔
*ارشادفرمایا:* لوگوں کے سامنے اللہ کے بارے میں شکوک و شکایت مت کرو۔
*عرض کی:* رزق میں کشادگی چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* ہمیشہ با وضو رہو۔
*عرض کی:* اللہ و رسول کا محبوب بننا چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* اللہ و رسول کی محبوب چیزوں کو محبوب اور ناپسندیدہ چیزوں کو ناپسند رکھو۔
*عرض کی:* اللہ کی ناراضی سے امن کا طلبگار ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* کسی پر غصہ مت کرو۔
*عرض کی:* دعاؤں کی قبولیت چاہتا ہوں۔
*ارشاد فرمایا:* حرام سے بچو تمھاری دعائیں قبول ہوں گی۔
*عرض کی:* چاہتا ہوں کہ اللہ مجھے لوگوں کے سامنے رسوا نہ فرمائے۔
*ارشاد فرمایا:* اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرو۔
*عرض کی:* چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میری پردہ پوشی فرمائے۔
*ارشاد فرمایا:* اپنے مسلمان بھائیوں کے عیب چھپاؤ۔
*عرض کی:* کون سی چیز میرے گناہوں کو مٹا سکتی ہے؟
*ارشاد فرمایا:* آنسو، عاجزی اور بیماری۔
*عرض کی:* کون سی نیکی اللہ عزوجل کے نزدیک سب سے افضل ہے؟ 
*ارشاد فرمایا:* اچھے اخلاق، تواضع، مصائب پر صبر اور تقدیر پر راضی رہنا۔
*عرض کی:* سب سے بڑی برائی کیا ہے؟ کون سی برائی اللہ عزوجل کے نزدیک سب سے بڑی ہے؟
*ارشاد فرمایا:* برے اخلاق اور بخل۔
*عرض کی:* اللہ تعالی کے غضب کو کیا چیز ٹھنڈا کرتی ہے؟
*ارشاد فرمایا:* چپکے چپکے صدقہ کرنا اور صلہ رحمی۔
*عرض کی:* کون سی چیز دوزخ کی آگ کو بجھاتی ہے؟
*ارشاد فرمایا:* روزہ۔
 *(جامع الاحادیث، ج19، ص405، حوالہ اعرابی کے سوالات اور عربی آقا کے جوابات)* 

اس حدیث کے راوی حضرت سیدنا ابوالعباس مستغفری کا شوق علم دیکھیے کہ ایک حدیث سننے کے لیے ایک سال کے روزے رکھنے پر تیار ہو گئے۔ اس میں ان لوگوں کے لیے درس ہے جو فی زمانہ آسان مواقع میسر ہونے کے باوجو علم دین سیکھنے سے جی چراتے ہیں۔ اس ایک روایت میں نصیحت کے کئی موتی موجود ہیں جن میں سے ہر ایک میں دنیا اور آخرت کی بھلائیاں سمائی ہوئی ہیں۔

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ قاضـی شعیب رضـا تحسینی امجــدی 📱917798520672+*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے