اچھے اَخلاق والا ہونا بہت بڑی نعمت ہے

*📚 « امجــــدی مضــــامین » 📚*
-----------------------------------------------------------
 *🕯اچھے اَخلاق والا ہونا بہت بڑی نعمت ہے🕯* 
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

📬 وَ مَا یُلَقّٰىهَاۤ اِلَّا الَّذِیْنَ صَبَرُوْا: اور یہ دولت صبرکرنے والوں کو ہی ملتی ہے۔ 
یعنی برائیوں کو بھلائیوں سے ٹال دینے جیسی عظیم خصلت کی دولت ان لوگوں کو ہی ملتی ہے جو تکلیفوں اور مصیبتوں وغیرہ پر صبر کرتے ہیں اور یہ دولت اسے ہی ملتی ہے جو بڑے نصیب والا ہے۔ 
*( خازن، فصلت، تحت الآیۃ: ۳۵، ۴ / ۸۶، تفسیرکبیر، فصلت، تحت الآیۃ: ۳۵، ۹ / ۵۶۵، ملتقطاً)* 

اس آیت سے معلوم ہو اکہ اچھے اَخلاق والا ہونا اللّٰه تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ اس لئے ہر ایک کو چاہئے کہ وہ اچھے اخلاق اپنانے کی کوشش کرے، ترغیب کے لئے یہاں اچھے اخلاق کے 4 فضائل ملاحظہ ہوں۔

(1) حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی اکرم صَلَّی اللّٰه تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: 
’’مومنوں میں زیادہ کامل ایمان والا وہ ہے جو اَخلاق کے اعتبار سے ان میں سب سے اچھا ہے۔ 
*( ابو داؤد، کتاب السنّۃ، باب الدلیل علی زیادۃ الایمان ونقصانہ، ۴ / ۲۹۰، الحدیث: ۴۶۸۲)* 

(2) حضرت اسامہ بن شریک رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں:
رسولِ کریم صَلَّی اللّٰه تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ منیٰ کی مسجد میں تھے تو ان کے پاس کچھ دیہاتی لوگ آئے اور انہوں نے عرض کی: انسان کو عطا کی جانے والی بہترین چیز کون سی ہے؟ ارشاد فرمایا ’’اچھا خُلق"۔ 
*( معجم الاوسط، باب الالف، من اسمہ: احمد، ۱ / ۱۱۷، الحدیث: ۳۶۷)* 

(3) حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، سرکارِ دو عالم صَلَّی اللّٰه تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:
’’اچھا خلق خطا کو اس طرح مٹا دیتا ہے جیسے سورج جمے ہوئے پانی کو پگھلا (کر اس کا جمنا ختم کر) دیتا ہے۔ 
*( شعب الایمان، السابع والخمسون من شعب الایمان۔۔۔ الخ، ۶ / ۲۴۷، الحدیث: ۸۰۳۶)* 

(4) حضرت انس رَضِیَ اللّٰه تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، سیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: 
’’اللّٰه تعالیٰ نے جس شخص کی صورت اور اَخلاق کو اچھا بنایا اور اسے اسلام (قبول کرنے) کی توفیق دی اسے وہ جنت میں داخل فرما دے گا۔ 
*( جامع الاحادیث، قسم الاقوال، حرف المیم، المیم مع النون، ۷ / ۱۹۴، الحدیث: ۲۱۸۳۶)* 

اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو اچھے اَخلاق والا اور با عمل بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللّٰه علیہ وسلم

➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*المرتب⬅ ارشـد رضـا خـان رضـوی امجـدی، ممبر "فیضـانِ دارالعـلوم امجـدیہ ناگپور گروپ" 7620132158*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے