فروغ سنیت کی تحریک اور محررین ومقررین

مبسملا وحامدا::ومصلیا ومسلما

فروغ سنیت کی تحریک اور محررین ومقررین

1-برصغیر میں مذہب اہل سنت وجماعت کے عظیم قائد ورہنما امام اہل سنت اعلی حضرت قدس سرہ العزیز تھے۔انھوں نےمذہب اہل سنت وجماعت کی تبلیغ واشاعت اور اس کی ترویج وفروغ کے لئے بے مثال خدمات انجام دیں۔

مجدد گرامی علیہ الرحمۃ والرضوان کی علمی میراث میں مختلف علوم وفنون پر مشتمل ایک ہزار سے زائد تصنیفات وتالیفات ہیں۔ان کی خدمات کے پیش نظر برصغیر میں مذہب اہل سنت وجماعت کو"مسلک اعلی حضرت"بھی کہا جاتا ہے,جیسے مذہب اہل سنت وجماعت کو مسلک اشعری ومسلک ماتریدی کہا جاتا ہے,اور اہل سنت وجماعت کو اشاعرہ وماتریدیہ کا لقب دیا جاتا ہے۔علم کلام کی کتابوں میں یہ اصطلاح مشہور ومعروف ہے۔

2-مسلک اعلی حضرت کوئی جدید مذہب نہیں,بلکہ بدمذہبوں سے فرق وامتیاز کے لئے مذہب اہل سنت وجماعت کو مسلک اعلی حضرت کہا جاتا ہے۔جملہ عقائد ومسائل وہی ہیں جو عہد رسالت مآب علیہ التحیۃ والثنا سے سلسلہ بہ سلسلہ ہم کو موصول ہوئے۔تمام اصول وفروع وہی ہیں جو مذہب اہل سنت وجماعت کے ہیں۔نام بدل جانے سے شیئ کی حقیقت نہیں بدلتی۔

3-بدمذہبوں کی جانب سے غلط فہمی ایک زمانے سے پھیلائی جا رہی ہے۔اس میں دیابنہ سب سے آگے ہیں۔مسلک دیوبند کے اکابر اعلی حضرت قدس سرہ العزیز اور ان کے ہم مذہب افراد کو سنی صحیح العقیدہ ہی مانتے تھے۔وہ ہماری اقتدا میں اپنی نماز کو بھی جائز سمجھتے تھے۔بعد کے دیابنہ سنیوں کو بدعتی اور خود کو اہل سنت کہنے لگے۔وہ ملک وبیرون ملک میں ہمیں قبر پرست جماعت کے طور پر متعارف کرانے لگے,حالاں کہ قبروں کو سجدہ اور غیر اللہ کا سجدۂ تعظیمی ہمارے یہاں بھی ناجائز ہے۔ان کے غلط پروپیگنڈہ کے سبب بہت سے لوگ ہمیں غلط سمجھنے لگے۔

4-بدمذہبوں کے فتنے آج بھی جاری ہیں,لیکن بھارت کے علمائے اہل سنت بدمذہبوں کی پھیلائی ہوئی غلط فہمیوں کی تردید وتغلیط کی جانب زیادہ متوجہ نظر نہیں آتے۔رد بدمذہبیت کے موضوع پر پڑوسی ملک کے بہت سے علمائے اہل سنت کی مبسوط ومفصل کتابیں اور تحریریں باصرہ نواز ہوتی رہتی ہیں۔

ہمارے خطبا ومقررین جہاں رد وابطال کا مناسب موقع پائیں,وہاں سنجیدگی کے ساتھ بدمذہبوں کی تردید کریں۔جہاں حالات مناسب نہ ہوں,وہاں مثبت انداز میں اپنے عقائد حقہ کی وضاحت کریں۔قلم کاران ومحررین کے لئے بظاہر کوئی مانع نظر نہیں آتا۔وہ صالح اسلوب میں تردید وتغلیط کر سکتے ہیں۔محررین پیش قدمی کریں۔نوجوان قلم کاروں کا ایک قافلہ اس جانب متوجہ ہو۔برصغیر میں سنیت کی بہار لائیں۔حوصلہ اور جذبہ کے ساتھ آگے بڑھیں۔  ع/ ہمت مرداں مدد خدا

طارق انور مصباحی 

جاری کردہ:03:جولائی 2021

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے