حق ہے میرا فرمایا ہوا

مبسملاوحامدا::ومصلیا ومسلما

حق ہے میرا فرمایا ہوا 

قرآن مقدس میں ارشاد خداوندی ہے:(یضل بہ کثیرا ویہدی بہ کثیرا وما یضل بہ الا الفسقین)(سورہ بقرہ:آیت 26)

قرآن عظیم شروع سے اخیر تک رشد وہدایت کی عظیم ترین کتاب الٰہی ہے۔ اس کے باوجود بعض لوگ آیات قرآنیہ کے غلط مطالب مراد لے کر خود بھی گمراہ ہوتے ہیں اور اپنے بہت سے متبعین کو بھی گمرہی کے دلدل میں دھکیل دیتے ہیں،اوراس خوش فہمی میں مبتلا رہتے ہیں کہ ہمارے پاس قرآن مجید سے دلیل موجود ہے۔اسی طرح احادیث طیبہ واقوال اسلاف کے غلط مطالب مراد لے کر حقیقت سے بہت دور چلے جاتے ہیں،اور نعرہ لگاتے پھرتے ہیں:

ع/ حق ہے میرا فرمایا ہوا 

کسی دعویٰ پر دلیل پیش کر دینا کافی نہیں۔اگر دلیل سے وہ دعویٰ ثابت ہوتا ہے تو ٹھیک ہے، ورنہ وہ لیل اس دعویٰ کی دلیل ہی نہیں۔اس مدعا کے اثبات کے لیے وہ دلیل کالعدم شمار ہوگی۔ایسی صورت میں اگراس دعویٰ کی کوئی دلیل نہ ہوتووہ دعویٰ بھی باطل ہوگا۔

سیف اللہ المسلول حضرت علامہ فضل رسول بدایونی قدس سرہ العزیز نے رقم فرمایا:

”ہرفرقہ ہرہر مسئلے پر اللہ ورسول ہی کے کلام کوسند لاتا ہے اورصرف اس قدر سے ان کا حق ہونا ثابت نہیں ہوتا ہے، نہ بدمذہبی سے نکل سکتے ہیں، کیوں کہ حق وہ ہے کہ قرآن وحدیث سے بعد تحقیق وتطبیق اور رعایت جمیع شرائط ولوازم کے باتفاق سواد اعظم قرار پایا۔جو اس کے خلاف ہو، وہ جماعت سے باہر بدمذہبوں میں داخل ہے۔ صرف اتنا کہنے سے کہ ہم اللہ ورسول کے کلام کو سند لاتے ہیں (جیسے مولوی اسماعیل نے کہا)، بد مذہبی سے نہیں نکل سکتے کہ سب بدمذہب یہی کہتے ہیں، جیسے وہ،ویسے یہ۔اسماعیلیہ کو چاہئے کہ ان کو بھی حق پر کہہ دیں“۔(سیف الجبار:ص 87-تاج الفحول اکیڈمی بدایوں شریف)

بد مذہب لوگ یہی نعرہ لگاتے پھرتے ہیں کہ ان کا عقیدہ صحیح وموافق شریعت ہے۔

رشید احمد گنگوہی کہتا تھا:”سن لو!حق وہی ہے جو رشید احمد کی زبان سے نکلتا ہے اور بقسم کہتا ہوں کہ میں کچھ بھی نہیں ہوں،مگر اس زمانے میں بدایت ونجات موقوف ہے میرے اتباع پر“۔ (تذکرۃ الرشید جلد دوم:ص 17)

جب کسی کے متبعین کی ایک تعداد ہوجاتی ہے، تب اس کی زبان لڑکھڑانے لگتی ہے اوراس کی زبان سے عجیب وغریب باتوں کا ظہور ہوتا ہے۔ بشرغیر معصوم سے لغزش وخطا ہوتی ہے۔ صرف حضرات انبیائے کر ام وملائکہ عظام علیہم الصلوٰۃوالسلام معصوم ہیں۔غیر معصوم کا قول موافق شرع ہے تو صحیح ہے,ورنہ غلط ہے۔خود گنگوہی پر کفر وارتداد کا حکم عائد ہوا۔محض حقانیت کا دعوی کرنے کے سبب کسی غیر معصوم کا قول حق نہیں ہو سکتا۔

ایسے ہی لوگوں کی کج فکری کی تر جمانی کرتے ہوئے میر تقی میر نے کہا تھا:

سارے عالم پر ہوں میں چھایا ہوا 

مستند ہے میرا فرمایا ہوا 

طارق انور مصباحی 

جاری کردہ: 05:مارچ 2022

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے