Header Ads

جامعہ ضیائیہ فیض الرضا ددری میں یاد حضور مخدوم سمناں کا انعقاد

جامعہ ضیائیہ فیض الرضا ددری میں یادِ حضور مخدومِ سمناں کا انعقاد

ــــ شمالی بہار کی عظیم دینی درس گاہ، یادگارِ حضور فقیہِ اسلام جامعہ ضیائیہ فیض الرضا ددری سیتامڑھی میں ۲۸/ محرم الحرام بروز سنیچر تارک السلطنت، غوث العالم حضور سیدنا مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمۃ والرضوان کی یاد میں محفل کا انعقاد ہوا ـ 
ـــــــ قرآنِ مقدس کی تلاوت سے محفل کا آغاز ہوا اس کے بعد جامعہ کے طلبہ نے نعت و منقبت سے سامعین کے قلوب و اذہان کو منور کیا جامعہ کے مؤقر اساتذہ حضرت حافظ و قاری اسلم رضا اشرفی صاحب اور شاعرِ خوش تخیل حضرت قاری نیاز احمد نورانی صاحب قبلہ نے بھی ببارگاہِ مخدوم اشرف علیہ الرحمہ میں منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا ـ 
ــــــ شعبۂ عربی کے مؤقر استاذ حضرت مفتی قمررضا مصباحی پورنوی نے حضور تارک السلطنت کے احوال کو اختصار مگر جامعیت کے ساتھ طلبہ کے مابین رکھا بعدہ جامعہ کے شیخ الحدیث اور صدرالمدرسین، استاذ العلما  خلیفۂ حضور فقیہِ اسلام حضرت علامہ مفتی راحت احسان برکاتی صاحب قبلہ نے منفرد انداز میں جامع خطاب فرماتے ہوئے حضور مخدومِ سمناں کی سیرتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ـ انھوں نے دورانِ خطاب ارشاد فرمایا کہ حضور مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمہ کی ذات وہ بابرکت ذات ہے کہ جب  آپ نے اپنے پیرومرشد کی بارگاہ میں حاضر ہونے کے لیے رختِ سفر باندھا اس وقت سے لے کر پہنچنے تک کے درمیان کے وقفہ میں۷۰/ مرتبہ حضرت خضر علیہ السلام نے آپ کے پیرومرشد کی بارگاہ میں آپ کے آنے کی خبر بتائی اور آپ کے پیرومرشد خود طالب بن کر اپنے مرید کے استقبال کے لیے آگے تشریف لے آئے اور والہانہ استقبال فرمایا ـ 
ــــ حضور مخدومِ سمناں تصوف و طریقت، زہدو تقویٰ، جود وسخا، علم و فضل میں بے مثال و لاجواب ہیں ـ آپ کے علمی و روحانی فیضان سے ہم سب فیض یاب ہورہے ہیں کیوں کہ آپ کے روحانی فرزند، اعلیٰ حضرت اشرفی میاں علیہ الرحمہ کے مریدِ خاص حضور فقیہِ اسلام مفتی عبدالحلیم رضوی اشرفی علیہ الرحمہ نے آپ کے فیوض و برکات کو ددری میں تقسیم فرمایا جو ان شاء اللہ تاقیامِ قیامت جاری و ساری رہے گا اور مخلوقِ خدا اس فیضان سے مالا مال ہوتی رہے گی ـ 
ــــــ پھر اس کے بعد ادب و احترام کے ساتھ حضورنبئ کریم علیہ الصلوٰۃ السلام کی بارگاہ میں صلاۃ وسلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور اس کے بعد رقت انگیز دعا پر محفل کا اختتام ہوا ـ 
ـــــــ اس موقع پر ناظمِ جامعہ، خلیفۂ حضور فقیہِ اسلام حضرت علامہ مولانا شہاب الدین رضوی صاحب قبلہ اور اساتذۂ جامعہ موجود تھے ـ حضور فقیہِ اسلام کے خاص مریدوں میں سے عالی جناب الحاج اشرف صاحب اڑیسوی بھی عمرہ کے شرف سے مشرف ہونے سے قبل اپنے مرشد کی بارگاہ میں حاضری اور محفل میں بھی شریک رہے ـ 
ـــ اللہ رب العزت حضور تارک السلطنت، غوث العالم مخدومِ سمناں کے فیوض و برکات کو عام فرمائے اور ہم سب کو ان کے فیضانِ کرم سے مالا مال فرمائے آمین ـ 

محمدعامرحسین مصباحی:  
خادم التدریس: جامعہ ضیائیہ فیض الرضا ددری سیتامڑھی (بہار)

ایک تبصرہ شائع کریں

1 تبصرے

اپنا کمینٹ یہاں لکھیں