Header Ads

نماز عید کا طریقہ


نماز عید کا طریقہ

            نماز عید کا طریقہ یہ ہے کہ دو رکعت واجب عیدالفطر یا عیداضحی کی نیت کر کے کانوں  تک ہاتھ اٹھائے اور اﷲ اکبر کہہ کر ہاتھ باندھ لے پھر ثنا پڑھے پھر کانوں  تک ہاتھ اٹھائے اور اللہ اکبر کہتا ہوا ہاتھ چھوڑ دے پھر ہاتھ اٹھائے اور اللہ اکبر کہہ کر ہاتھ چھوڑ دے پھر ہاتھ اٹھائے اور اﷲ اکبر کہہ کر ہاتھ باندھ لے یعنی پہلی تکبیر میں  ہاتھ باندھے، اس کے بعد دو تکبیروں  میں  ہاتھ لٹکائے پھر چوتھی تکبیر میں  باندھ لے۔

( اس کو یوں  یاد رکھے کہ جہاں  تکبیر کے بعد کچھ پڑھنا ہے وہاں  ہاتھ باندھ لیے جائیں  اورجہاں  پڑھنا نہیں  وہاں  ہاتھ چھوڑ دیے جائیں ،) 

 پھر امام اعوذ اور بسم اﷲ آہستہ پڑھ کر جہر کے ساتھ الحمد اور سورت پڑھے پھر رکوع و سجدہ کرے، 

دوسری رکعت میں  پہلے الحمد و سورت پڑھے پھر تین بار کان تک ہاتھ لے جا کر اﷲ اکبر کہے اور ہاتھ نہ باندھے اور چوتھی بار بغیر ہاتھ اٹھائے اﷲ اکبر کہتا ہوا رکوع میں  جائے، 

اس سے معلوم ہوگیا کہ عیدین میں  زائد تکبیریں  چھ ہوئیں ، تین پہلی میں  قراء ت سے پہلے اور تکبیر تحریمہ کے بعد اور تین دوسری میں  قراءت کے بعد، اور تکبیر رکوع سے پہلے اور ان چھوؤں  تکبیروں  میں  ہاتھ اٹھائے جائیں گے 

اور ہر دو تکبیروں  کے درمیان تین تسبیح کی قدر سکتہ کرے 

اور عیدین میں  مستحب یہ ہے کہ پہلی میں  سورۂ جمعہ اور دوسری میں  سورۂ منافقون پڑھے یا پہلی میں سَبِّحِ اسْمَ اور دوسری میں هَلْ اَتٰىكَ   ۔ 

 (درمختار وغیرہ) 

… ’’ الدرالمختار ‘‘ ، کتاب الصلاۃ، باب العیدین، ج ۳ ، ص ۶۱ ، وغیرہ ۔

ماخوذ از : بہار شریعت 


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے