••────────••⊰۩۞۩⊱••───────••
*📚بیوی کا نان و نفقہ ادا نہ کرنے والا، اسے معلق رکھنے والا فاسق ہے، اسے امام بنانا جائز نہیں📚*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
السلام علیکم و رحمة اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماںٔے دین دریں مسںٔلہ کہ ایک شخص امام ہے اس نے تقریبا بیس سال سے اپنی بیوی کو معلق رکھا ہے نہ طلاق ہی دیتے ہیں اور نہ ہی خرچ کے لںٔے روپے پیسے دیتے ہیں
تو کیا بیوی کو معلق رکھنا مانع امامت ہے یا نہیں ؟
لوگ اسی بات کی وجہ سے امامت سے برخواست بھی کرنا چاہتے ہیں
شریعت کا جو بھی حکم ہے واضح فرماںٔیں
کرم بالائے کرم ہوگا
*العارض: محمد انتخاب عالم ، اتردیناج پور ، بنگال*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ و برکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب:
*عقد نکاح کی وجہ سے عورت اپنے شوہر کی پابند ہوجاتی ہے ، فلہذا جماع ، نان و نفقہ اور رہنے کیلئے مکان کی محتاج ہوتی ہے ، اور ان کے نہ ملنے میں عورت ضرر ، اور دفع ضرر جس طرح بھی ممکن ہو واجب ہے ،*
*اسی لئے اللہ تبارک وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا:*
*" اَسْكِنُوْهُنَّ مِنْ حَیْثُ سَكَنْتُمْ مِّنْ وُّجْدِكُمْ وَ لَا تُضَآرُّوْهُنَّ لِتُضَیِّقُوْا عَلَیْهِنَّؕ "*
*📕(القرآن الکریم ، ۶۵/۶)*
ترجمہ: عورتوں کو وہاں رکھو جہاں خود رہتے ہو اپنی گنجائش کے مطابق اور انہیں تکلیف نہ دو کہ ان پر تنگی کرو ،
دوسری جگہ ارشاد فرمایا:
*" وَ عَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِۚ- "*
*📕(القرآن الکریم ، ۴/۱۹)*
ترجمہ: اور ان کے ساتھ اچھے طریقے سے گزر بسر کرو ،
ایک اور جگہ ارشاد فرمایا:
*" فَلَا تَمِیْلُوْا كُلَّ الْمَیْلِ فَتَذَرُوْهَا كَالْمُعَلَّقَةِؕ "*
*📕(القرآن الکریم ، ۴/۱۲۹)*
ترجمہ: پورے ایک طرف نہ جھک جاؤ کہ دوسری کو ادھر میں لٹکتی چھوڑ دو ،
ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
*" وَّ لَا تُمْسِكُوْهُنَّ ضِرَارًا لِّتَعْتَدُوْاۚ "*
*📕(القرآن الکریم،۲/۲۳۱)*
ترجمہ:اور انہیں نقصان پہنچانے کے لئے نہ روک رکھو ،
فلہذا امام اہلسنت امام احمد رضا قادری حنفی متوفی ۱۳۴۰ھ فرماتے ہیں :
*🖋️" بالجملہ عورت کو نان و نفقہ بھی واجب اور رہنے کو مکان دینا بھی واجب اور گاہ گاہ اس سے جماع کرنا بھی واجب جس میں اسے پریشان نظری نہ پیدا ہو، اور اسے معلقہ کر دینا حرام ، اور بے اس کے اذن ورضا کے چار مہینے تک ترک جماع بلاعذر صحیح شرعی نا جائز "*
*📔(فتاوی رضویہ ، کتاب الطلاق ، باب النفقہ ، رقم المسئلۃ: ۱۶۸ ، ۱۳/۴۴۶ ، مطبوعۃ: رضافاؤنڈیشن لاہور)*
برصدق مستفتی صورت مسئولہ میں اس شخص کا یہ عمل بیشک مانع امامت ہے ، اس پر فرض ہےکہ یا حقوق زوجیت و نان و نفقہ ادا کرے یا پھر طلاق دےدے تاکہ بعد عدت وہ عورت کہیں اور نکاح کرکے گزربسر کرسکے ،
امام اہلسنت فرماتے ہیں:
*🖋️" زید پر فرض ہے کہ یا تو اسے طلاق دے دے یا اس کے نان نفقہ کی خبر گیری کرے ورنہ یوں معلق رکھنے میں زید بیشک گنہگار ہے اور صریح حکم قرآن کا خلاف کرنے والا "*
*📔(ایضا ، رقم المسئلۃ: ۱۶۱ ، ص۴۳۵)*
اگر توبہ کرکے حقوق زوجیت ادا کرتا ہے تو لائق امامت ہے ورنہ بصورتِ دیگر وہ لائق امامت نہیں ، اسے امام بنانا گناہ اور اس کےپیچھے نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ،
امام اہلسنت فرماتے ہیں:
*🖋️" فاسق وہ کہ کسی گناہ کبیرہ کا مرتکب ہوا اور وہی فاجر ہے، اور کبھی فاجر خاص زانی کو کہتے ہیں ، فاسق کے پیچھے نماز مکر وہ ہے پھر اگر معلن نہ ہو یعنی وہ گناہ چھپ کر کرتا ہو معروف و مشہور نہ ہو تو کراہت تنزیہی ہے یعنی خلاف اولی ،اگر فاسق معلن ہے کہ علانیہ کبیرہ کا ارتکاب یا صغیرہ پر اصرار کرتا ہے تو اسے امام بنانا گناہ ہے اور اس کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی کے پڑھنی گناہ اور پڑھ لی تو پھیرنی واجب "*
*📔(ایضا ، کتاب الصلاۃ ، باب الامامۃ ، رقم المسئلۃ:۷۵۳ ، ۶/۶۰۱ ،)*
*(نوٹ) ۔۔ اگر واقعی معاملہ ایسا ہے جو سوال میں بیان ہوا (کہ نہ امام طلاق دے رہا ہے اور نہ ہی اپنے ساتھ رکھ رہا ہے) تو یہ حکم ہے جو اوپر بیان ہوا ، اور اگر سوال میں غلط بیانی کی گئی ہے تو یہ جواب ان امام صاحب کو کوئی نقصان نہیں دے گا*
*واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
*کتبـــــــــــــــــــــــــــــه:*
*محمد شکیل اخترقادری برکاتی شیخ الحدیث مدرسۃالبنات مسلک اعلیٰ حضرت صدر صوفہ ہبلی کرناٹک الھند۔*
*✅الجواب صحیح والمجیب نجیح:عبدہ محمد جنید العطاری النعیمی عفی عنہ,دارلافتاء جامعة النور,جمعیت اشاعت اہلسنت(پاکستان) کراچی۔*
*✅الجواب صحیح والمجیب مصیب: فقط ابو آصف راجہ محمد کاشف مدنی نعیمی رئیس دارالافتاء ھاشمیہ کراچی۔*
*✅الجواب صحیح:محمد شہزاد النعیمی عفی عنہ ، دارلافتاء جامعة النور,جمعیت اشاعت اہلسنت(پاکستان) کراچی۔*
*✅الجواب صحیح:ابو ثوبان محمد کاشف مشتاق عطاری نعیمی ،دارلافتاء جامعة النور,جمعیت اشاعت اہلسنت(پاکستان) کراچی۔*
*✅الجواب صحیح والمجیب نجیح:عبدہ محمد عرفان العطاری النعیمی غفر لہ،دارلافتا کنزالاسلام،جامع مسجد الدعا،پاکستان،کراچی*
*✅الجواب صحیح: مفتی عبدالرحمن قادری، دارالافتاء غریب نواز، لمبی جامع مسجد ملاوی ، وسطی افریقہ۔*
*✅الجواب صحیح:محمد مہتاب احمد النعیمی غفرلہ ، دارالافتاء جامعۃالنور جمیعت اشاعت اہلسنت کراچی۔*
https://t.me/Faizan_E_DarulUloom_Amjadia_Ngp
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
0 تبصرے
اپنا کمینٹ یہاں لکھیں